مولانا ظفر علی خان- فرزندانِ توحید کی روش

فرحت کیانی

لائبریرین
فرزندانِ توحید کی روش

ہے سلطنت کی آرزو تو مصطفیٰ کمال بن
ہلال کا عروج ہو صلیب کا زوال بن

ضعیف اگر نظر پڑے رسول کا جمال بن
قوی اگر ہو سامنے تو قہرِ ذوالجلال بن

خدا کے آگے سر جُھکا کہ سرکشوں کا سر جُھکے
قضا ستمگروں کی ہو ستم زدوں کی ڈھال بن

وطن کے ساتھ دین بھی اگر تجھے عزیز ہے
جو بن گیا ہے پہلوی تو ساتھ ہی بلال بن

اگر ہے جستجو تجھے طنابِ اتحاد کی
تو نجدیوں کے تاج کا گُہر فشاں عقال بن

ہے تُو خدا کے واسطے خدا ہے تیرے واسطے
چلا ہے اُس کی راہ میں تو پھر اُسی کی چال بن

قلم سے کام تیغ کا اگر کبھی لیا نہ ہو
تو مجھ سے سیکھ لے یہ فن اور اس میں بیمثال بن

10 اپریل 1936ء

-مولانا ظفر علی خان
(نگارستان)
 
Top