نظر لکھنوی منقبت حضرت امام حسینؓ : حیدرؓ کے نورِ عین فلک بارگاہ کی ٭ نظرؔ لکھنوی

حیدرؓ کے نورِ عین فلک بارگاہ کی
کیونکر ثنا ہو جانِ رسالت پناہؐ کی

توقیر ایسی کب کسی زریں کلاہ کی
جیسی ہے کربلائے معلّیٰ کے شاہ کی

سیرت نہ پوچھ مجھ سے مرے قبلہ گاہ کی
ہے تربیت جنابِ رسالت پناہؐ کی

صورت جو دیکھیے تو زہے بادشاہ کی
دل دیکھیے تو بو بھی نہیں حبِ جاہ کی

صبر و رضا کا پیکرِ دلکش وہ اس قدر
اہلِ زمیں تو خیر، فرشتوں نے واہ کی

دینِ ہدیٰ پہ اپنا بھرا گھر لٹا دیا
ہمت یہ دیکھنا ذرا شاہوں کے شاہ کی

وہ داستاں کہ سنگ کا دل پاش پاش ہو
وہ واقعہ کہ جس نے سنا دل سے آہ کی

اپنی نہ اہلِ بیت کی پرواہ کی ذرا
پرواہ کی تو عشقِ رسالت پناہؐ کی

وہ خوش نصیب آپ کے ہمراہ ہو گئے
جنت کو دیکھتے تھے جو خدمت میں شاہ کی

جنگاہِ کربلا میں بڑا کام کر گئے
تعداد گرچہ کم تھی حسینی سپاہ کی

دشمن کہ بے سبب ہی نبرد آزما ہوئے
ان ظالموں نے عاقبت اپنی تباہ کی

اعدائے دیں نے کارِ لعیں وہ کیا کہ بس
سیاہی بڑھائی اور بھی بختِ سیاہ کی

رحمت نہ یہ گناہِ کبیرہ کرے معاف
ہوتی ہے انتہا کوئی آخر گناہ کی

خونیں ردا حسینؓ کی فطرت اب اوڑھ کر
چہرہ نما شفق میں ہے شام و پگاہ کی

یہ داستانِ شاہِ شہیدانِ کربلا
تفسیرِ بے نظیر بھی ہے لا الٰہ کی

دل پاش داستانِ الم کی نہیں مثال
تاریخ میں نظرؔ نے جہاں تک نگاہ کی

٭٭٭
محمد عبد الحمید صدیقی نظرؔ لکھنوی
 
Top