مرے جذبِ دل کا اثر دیکھ لینا

مرے جذبِ دل کا اثر دیکھ لینا
تم آؤ گے تھامے جگر دیکھ لینا

نشانہ بناؤ گے تم کیا عدو کو
ہمیں ہوں گے مدّ نظر دیکھ لینا

دکھانا مرا نامۂ شوق قاصد
مگر پہلے ان کی نظر دیکھ لینا

مزے لیں گے ہم دیکھ کر تیری آنکھیں
انہیں خوب تو نامہ بر دیکھ لینا

کسی کو جلا کر نہ اے شمع خوش ہو
جو کچھ ہو گا وقتِ سحر دیکھ لینا

جو فرصت ملے آئینہ دیکھنے سے
مرا حال بھی اک نظر دیکھ لینا

جلیل مانک پوری
 
Top