ساتویں سالگرہ محفل پر گزرے سات سال

وقت کتنی تیزی سے گزر جاتا ہے ، اس کا احساس عمر رفتہ پر نظر ڈالنے سے فوری ہو جاتا ہے جس کی اصل وجہ یاداشتوں میں صرف چند واقعات اور وہ بھی بجلی کی سی تیزی سے گھومنے کی وجہ سے محسوس ہوتا ہے مگر جو جملہ ہر کسی کے ذہن میں آتا ہے وہ یہی ہوتا ہے کہ

وقت گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوا

میں مقدس کے دیس میں تھا سن 2005 کے اواخر میں ، جب یاد وطن اور محبت اردو زوروں پر تھی ۔ ایسے میں اردو کی تلاش و بسیار میں سرگرداں میں اردو محفل پر پہنچ گیا اور ایک مکمل اردو فورم دیکھ کر طبیعت خوش ہو گئی ۔ جھٹ سے اپنی آمد کی اطلاع کی غرض سے تعارف کا دھاگہ ایک مصرعہ سے متاثر ہو کر لکھا اور ایک دو دن بعد جھانکا تو بہت سے لوگ تبصرہ کر رہے تھے جس سے بہت اچھا لگا اور حوصلہ ملا۔ سب سے زیادہ دلچسپ تبصرے @ماورا کے تھے جو میرے تعارف کے دھاگے میں اپنے تعارف کے دھاگے کی بے قدری پر گلے شکوے کرنے میں احسن طریقے سے مصروف تھی۔

اولین سالوں کی سالگرہ کی تقریبات اکثر ماورا منعقد کیا کرتی تھی اور غبارے ، کیک اور دیگر لوازمات اس قدر وافر مقدار میں فراہم کر دیا کرتی تھی اور ساتھ میں پیغامات بھی کہ محب ، سالگرہ کی تیاری کر لی اور اس دھاگے پر پیغام لکھا یا فلاں کام کر لو یا کرنا چاہیے۔ پہلے سے منصوبہ بندی اور تیاری بھی بہت عمدہ ہوتی تھی اور ایسی لگن تھی کہ دھاگوں کی قطار سج جاتی تھی۔ شروع شروع میں میں نے بھی چند خطبات کا شوق پورا کیا مگر پھر شاید کسی نے میری بہترین خطبات والی کتاب چرا لی اور یوں خطبات محبیہ ایک سانحہ کا شکار ہو کر تاریخ کے جبر کا شکار ہو گئے۔
 
محفل کی پہلی سالگرہ پر محفل کے بانیوں میں سے ایک آصف نے خطاب کیا اور دھاگہ کا نام تھا

پہلی سالگرہ - محفل کے پہلے سال کی تکمیل


مجھ سمیت بہت سے لوگ آصف صاحب کے دیدار کو ترستے ہی رہے ۔ ایک موقع پر آصف صاحب نے بطور منتظم چند دن کام کیا تو ماورا نے کافی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پرانے منتظمین اعلی (زیک اور نبیل) سے مایوس ہو کر اب اس نے نئے منتظم اعلی سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں مگر وائے افسوس کہ نئے منتظم اعلی پرانی روش پر دوبارہ لوٹ گئے اور ماورا سمیت بہت سے اراکین کی ابھرتی امیدیں سر کے بل زمیں بوس ہو گئیں۔
 
پہلی سالگرہ پر تینوں منتظم اعلی کا خطاب تھا۔ زیک نے اپنے خطاب میں اپنے بلاگ کی چوتھی سالگرہ کی مشہوری کا کام بھی بخوبی کیا۔
 
دوسری سالگرہ کے موقع پر آصف غائب ہو گئے اور خطاب دو ہستیوں تک محدود ہو گیا ، کسی قدر اس کمی کو شمشاد نے پورا کیا۔

زیک نے اپنے دھاگے میں نبیل کو دوسرے سال کا ہیرو قرار دیا کیونکہ محفل کی نظامت کا زیادہ تر بوجھ نبیل نے اپنے ناتواں کندھوں پر ہی اٹھایا ( اس سال سے نبیل کو گاہے گاہے کندھوں میں ہلکا ہلکا درد محسوس ہوتا ہے مگر سمجھ نہیں آتا کہ میں نے ایسا کونسا بوجھ ماضی میں اٹھا لیا تھا کہ درد ہے کہ جاتا ہی نہیں اور زیادہ شدت بھی نہیں دکھاتا )

زیک کے ہی دھاگے شمشاد نے منتظمین اعلی کے بعد منتظمین کی طرف سے خطاب کی روایت کا آغاز کیا اور میں نے بھی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک خطاب دھاگے میں "فٹ" کر دیا۔
 
دوسری سالگرہ کے موقع پر اراکین پر شاعری کا آغاز بھی ہوا اور فرزانہ نے بہت خوبصورت دھاگہ ترتیب دیا۔


سیدہ شگفتہ نے ایک دلچسپ دھاگہ شروع کیا

اردو محفل کے دو سالہ جشن کی تیاریاں

اور اپنے مشہور زمانہ انداز میں دھاگے کی پہلی پوسٹ انتہائی جامع و بلیغ الفاظ میں یوں کی۔

شروع کی جائیں !!

ایسا باکمال الجامع و المختصر جملہ نہ پہلے محفل کی سالگرہ پر سرزد ہوا اور نہ آئندہ امید ہے ۔
 
دوسری سالگرہ کے موقع پر ایوارڈ کی بہار آ گئی اور ایسے ایسے موضوعات پر ایوارڈ دیئے گئے کہ اب بھی حیرت ہوتی ہے کہ ایوارڈ اور اس موضوع پر ۔ حیران کن موضوعات پر ایوارڈ دینے کی کوشش بھی کی گئی مگر تمام موضوعات کی بیل ایوارڈ نہ چڑھ سکی۔ چند موضوعات پر ایوارڈ دینے دلوانے کی میں نے بھی کوشش کی۔

ایوارڈ۔۔۔ ۔سب سے زیادہ خفا ہونے والا رکن (کوشش تھی کہ ماورا کو یہ ایوارڈ مل جائے پر سازش کامیاب نہ ہوئی )

بہترین مزاح نگار(طنز و مزاح)

ایوارڈ۔۔۔ ۔ بہترین رکن برائے سیاست

ایوارڈ۔۔۔ بہترین موضوع

کچھ دوستوں اور مہربانوں کی مدد سے اندرون خانہ سازش اور بیرون خانہ سخت محنت و جدوجہد سے دوسری سالگرہ کے موقع پر چار عدد ایوارڈ میں نے ہتھیا لیے ، اس لیے میری لیے سب سے یادگار سالگرہ دوسری ہی ہے تا وقتیکہ اس سے زیادہ نوازشات اور انعام و اکرام کی بارش ہو۔
 
ماورا نے سب سے زیادہ ایوارڈ کے موضوعات پر دھاگے شروع کیے

ایوارڈ۔۔۔ بہترین انٹرویو؟؟

پسندیدہ رکن برائے گپ شپ ؟؟

ایوارڈ۔۔۔ ۔پسندیدہ ناظمِ خاص؟؟

ایوارڈ۔۔۔ بہترین رکن برائے شعر و شاعری

ایوارڈ۔۔۔ پسندیدہ منتظمِ اعلٰی؟؟

شمشاد نے یہ دھاگہ کھولا اور باوجود کوشش کہ مجھے یہ ایوارڈ نہ مل سکا کیونکہ کچھ اور دوست سخت مقابلے کی فضا بنائے بیٹھے تھے۔
بھگوڑا رکن کا ایوارڈ
 
تیسری سالگرہ کے موقع پر چونکہ پچھلے سال ایوارڈ کی تقریب ہو چکی تھی اس لیے ماورا نے فہیم کے ساتھ مل کر ایوارڈ کی تفصیلی فہرست شائع کی مگر ایوارڈ ملنے کا سلسلہ اتنا چلا نہیں جتنا دوسری سالگرہ کے موقع پر چلا تھا۔

سعود ابن سعید اس موقع پر محفل کا حصہ بن چکے تھے اور موجودہ روش کے برعکس ماورا کو "بٹیا" کی بجائے "اپیا" کہا کرتے تھے، شاید ڈھلتی جوانی کی آخری ساعتیں گزر رہی تھیں۔
 

فرحت کیانی

لائبریرین
سیدہ شگفتہ نے ایک دلچسپ دھاگہ شروع کیا

اردو محفل کے دو سالہ جشن کی تیاریاں

اور اپنے مشہور زمانہ انداز میں دھاگے کی پہلی پوسٹ انتہائی جامع و بلیغ الفاظ میں یوں کی۔

شروع کی جائیں !!

ایسا باکمال الجامع و المختصر جملہ نہ پہلے محفل کی سالگرہ پر سرزد ہوا اور نہ آئندہ امید ہے ۔

پوسٹ آف دا ڈے۔
اور شگفتہ کی مذکورہ پوسٹ کو 'پوسٹ آف دا ڈیکیڈ' کا ایوارڈ جانا چاہئیے :openmouthed:
 
تیسرے سال سالگرہ کے ساتھ ساتھ جشن کے آغاز کی روایت کا بھی آغاز ہوا۔

نبیل نے برتھ ڈے کارڈز کے حوال سے ایک دھاگہ بھی کھولا۔
محفل فورم کے لیے برتھ ڈے کارڈز!

سالگرہ کے جشن کو ایک دو دن سے کئی ہفتوں تک پھیلایا گیا اور ماورا کے ساتھ ساتھ اس بار ابن سعید بھی میدان میں کودے۔

سیدہ شگفتہ نے ایک دھاگہ کھولا اور پھر اگلی پچھلی کسریں پوری کرتے ہوئے ایک عظیم الشان تقریر کی۔

ہفتۂ کتاب ۔ محفل کی تیسری سالگرہ کا جش

تیسری سالگرہ کے موقع پر مختلف دن بھی منائے گئے۔

سوفٹویر ڈے کا انعقاد از ماورا
محفل کی سالگرہ فیشن ڈے ۔۔ از سارہ خان
سالگرہ : آرٹ/پکچر/اینیمیشن ڈے از ماورا
محفل کی سالگرہ کا پکوان ڈے ۔۔ از حجاب
 

محفل کے حوالے سے وہ ہمیشہ یاد آتی رہے گی۔ ایسی عمدہ ہم آہنگ کرنے کی صلاحیتیں شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتی ہیں۔ گپ شپ کے دھاگوں کو دوام بخشنا اور گپ شپ کو پرلطف اور دلکش بنانے کا جو ملکہ اسے حاصل تھا وہ قابل تحسین ہی نہیں قابل تقلید بھی ہے۔

اس دھاگے میں ماورا کے بہت سے دلکش دھاگے دیکھنے کو مل سکتے ہیں اور خوبصورت نوک جھونک سے بھی محظوظ ہوا جا سکتا ہے۔
 
تیسری سالگرہ اب تک کی تحقیق کے مطابق سب سے زیادہ مقبول اور دلچسپ رہی ۔

ایک دھاگہ محفل کے اراکین کے ٹائٹل کے نام سے کھولا گیا جس میں ابن سعید نے کچھ لوگوں کو ٹائٹل دے کر خود کو" کمسن بوڑھا " مشہور کرنا چاہا مگر بری طرح سے ناکامی کے بعد صرف "بڑھاپے " پر اکتفا کر لیا۔

محفل اراکین کو ٹائیٹل دیں ! از سیدہ شگفتہ

اسی دھاگے میں مغزل نے مجھے یہ ٹائٹل دیا

محب علوی ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔ خاموش طبع

تو اب کوئی جرح نہ کرے
 

اشتیاق علی

لائبریرین
محفل کے حوالے سے وہ ہمیشہ یاد آتی رہے گی۔ ایسی عمدہ ہم آہنگ کرنے کی صلاحیتیں شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتی ہیں۔ گپ شپ کے دھاگوں کو دوام بخشنا اور گپ شپ کو پرلطف اور دلکش بنانے کا جو ملکہ اسے حاصل تھا وہ قابل تحسین ہی نہیں قابل تقلید بھی ہے۔

اس دھاگے میں ماورا کے بہت سے دلکش دھاگے دیکھنے کو مل سکتے ہیں اور خوبصورت نوک جھونک سے بھی محظوظ ہوا جا سکتا ہے۔
تو ماورا کو بھی اس سال دعوت دیجئے ۔ کہاں ہیں وہ؟
 

محمداحمد

لائبریرین
واہ واہ محب صاحب،

خوب ریویو کیا ہے آپ نے۔

ہماری دعا ہے کہ اللہ آپ کو تسلی بخش اور تیز رفتار آرام عطا کرے ۔ :D
 
Top