چوتھی سالگرہ محفل فورم کی چوتھی سالگرہ کے موقعے پر!

نبیل نے 'محفل کی سالگرہ' کی ذیل میں اس موضوع کا آغاز کیا، ‏جولائی 2, 2009

  1. نبیل

    نبیل محفلین

    مراسلے:
    16,624
    جھنڈا:
    Germany
    موڈ:
    Depressed
    عزیز دوستو، السلام علیکم

    میری جانب سے آپ سب کو محفل فورم کی چوتھی سالگرہ مبارک ہو۔ میں اپنے تمام ساتھی منتظمین اور باقی دوستوں کا شکر گزار ہوں جن کی اس فورم پر موجودگی نے اس محفل کو وقار بخشا اور اسے انٹرنیٹ پر اردو کمیونٹیز میں امتیاز عطا کیا، اور جن کی انتھک محنتوں کی بدولت اردو سے محبت کرنے والوں کو اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم میسر آیا۔ یہ آپ کی بے لوث خدمت کا نتیجہ ہی ہے کہ آج ہم محفل فورم کی چوتھی سالگرہ ایک احساس فخر کے ساتھ منانے کے قابل ہوئے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی علم و فن کے اس کارواں کو جاری رکھے، آمین۔

    گزشتہ سال کی ایک خاص بات اردو ویب پر پیش آنے والے سرور کے مسائل بھی ہیں۔ میں زکریا کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ زکریا کی کوششوں کی وجہ سے ہی اردو ٹیک کے بلاگز کی واپسی ممکن ہوئی تھی۔ اس طرح زکریا نے دو نمایاں اردو ویب سائٹس کو بحران سے نکلنے میں مدد دی۔ اس لیے گزشتہ سال کو بلاشبہ زکریا کے نام کیا جا سکتا ہے۔

    محفل فورم کی سالگرہ جہاں خوشیاں منانے کا موقعہ فراہم کرتی ہے، وہاں ہم اسی موقعے کو گزرے ہوئے سال کا جائزہ لینے اور آئندہ کا روڈ میپ متعین کرنے کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔ ذیل میں میں اسی اعتبار سے چند گزارشات پیش کر رہا ہوں۔

    نئے سرور پر منتقلی

    گزشتہ سال اکثر آپ کو محفل فورم پر ایرر کے صفحات کا سامنا کرنا پڑا۔ بد قسمتی سے ایسا محفل فورم کی تیسری سالگرہ کے موقعے پر ہی شروع ہو گیا تھا اور اس کی وجہ سے سب لوگوں کو بہت دقت پیش آئی تھی۔ اس کے باوجود سب لوگوں نے مل کر فورم کی تیسری سالگرہ کے موقعے کو یادگار بنا دیا۔ اردو ویب پر سرور ریسورسز کا مسئلہ دراصل محفل فورم پر بڑھتی ہوئی ٹریفک کی وجہ سے پیدا ہوا تھا۔ یعنی محفل فورم اپنی ہی مقبولیت کا شکار ہو گئی۔ نتیجتاً ہمیں شئیرڈ ہوسٹنگ سے ورچوئل پرائیویٹ سرور پر منتقل ہونا پڑا جس سے سرور ریسوررسز کا مسئلہ کسی حد تک حل ضرور ہو گیا ہے لیکن اس کے باعث اردو ویب کی ہوسٹنگ کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ اسے آپ فورم پر موجود ڈونیشن پراگریس بار پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ آپ دوستوں کے تعاون سے اب تک درکار رقم کا 50 فیصد سے زائد اکٹھا ہو چکا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ ہی کے تعاون سے باقی رقم بھی اکٹھی ہو جائے گی۔


    موڈریشن پالیسی

    آپ میں سے اکثر دوست محفل فورم پر موڈریشن پالیسی میں تبدیلی سے واقف ہوں گے۔ مذہبی تعلیمات سے متعلقہ زمرہ جات کو موڈریشن کے تحت لے آیا گیا ہے اور اس طرح ان میں اب مباحث اور مناظروں کی گنجائش نہیں رہی ہے۔ لیکن ہم ہمیشہ کی طرح اب بھی مذہبی تعلیمات سے متعلقہ تحقیقی اور تعلیمی مضامین کا خیر مقدم کریں گے۔ سیاست اور حالات حاضرہ کے زمرہ جات کو اگرچہ فی الحال موڈریشن کے تحت نہیں لایا گیا ہے، لیکن یہاں نفرت انگیزی اور ٹیبلائیڈ جرنلزم کی بھی گنجائش نہیں ہے اور ایسی تحریروں کو فوری طور پر حذف کر دیا جائےگا۔ یہ اقدامات ہمیں محفل فورم کے علمی اور تحقیقی تشخص کو محفوظ بنانے کے لیے اٹھانے پڑے ہیں اور اس فیصلے میں تمام منتظمین کی مشاورت شامل ہے۔ میری آپ سب دوستوں سے درخواست ہے کہ فورم کی نظامت میں ہماری مدد فرمائیں۔ کچھ دوست موڈریشن کی پابندیوں کی وجہ سے متفرقات اور دوسرے زمرہ جات میں متنازعہ موضوعات پوسٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان مراسلات کو بھی فوری طور پر حذف کر دیا جائے گا۔ اور اگر کسی رکن کی جانب سے لگاتار فورم کے قواعد کی خلاف ورزی کی جاتی ہے یا فورم کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو مجبورا ہمیں بھی اس کی روک تھام کے لیے انتظامی اختیارات کو استعمال کرنا پڑتا ہے۔


    لائبریری پراجیکٹ

    اردو لائبریری پراجیکٹ کے بارے میں ہم کچھ عرصے سے اس کی تنظیم نو کے بارے میں مشاورت کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ لائبریری پراجیکٹ کا کام ایک باقاعدہ ورک فلو کے تحت آ جائے اور یہ کہ اس پراجیکٹ پر کام بہتر مربوط انداز میں کیا جانا چاہیے۔ میرے اندازے کے مطابق لائبریری پراجیکٹ کی تنظیم نو کی ضرورت کافی عرصہ قبل پیدا ہو گئی تھی جب لائبریری پراجیکٹ محفل فورم کے سکوپ سے بڑھ گیا تھا۔ لائبریری سائٹ کا قیام اسی وجہ سے عمل میں لایا گیا تھا تاکہ لائبریری پراجیکٹ سے متعلقہ مواد کو بہتر طریقے سے آرگنائز کیا جا سکے۔ لیکن لائبریری سائٹ پر میڈیا وکی کے استعمال کو خاطر خواہ رواج نہیں مل سکا۔ اس کی بڑی وجہ یوزرز کی وکی مارک اپ سے ناواقفیت رہی ہے۔ حال ہی میں میں نے لائبریری سائٹ کی اپگریڈ کے دوران اس میں وزی وگ ایڈیٹر انٹگریٹ کر دیا ہے۔ اس طرح کم از کم وکی مارک اپ سیکھنے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ لائبریری سائٹ پر اگرچہ کافی مواد اکٹھا ہو چکا ہے لیکن اس کی پریزینٹیشن بہتر کوالٹی کی نہیں ہے۔ میں جلد ہی لائبریری سائٹ پر کچھ پورٹل سٹائل کے صفحات شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں جس سے یہ کمی بھی پوری ہو جائے گی۔ لائبریری پراجیکٹ کو بہتر طور پر منظم کرنے کے سلسلے میں تحقیق جاری رہتی ہے۔ مہوش نے اس سلسلے میں جملہ پر تجربات کیے ہیں۔ میں بھی مختلف کونٹینٹ منیجمنٹ سسٹمز پر تحقیق کر رہا ہوں۔ لیکن اگر کسی متبادل پلیٹ فارم پر منتقلی کا فیصلہ کیا گیا تو اس کے لیے کافی منصوبہ بندی اور محنت درکار ہوگی۔ اس وقت تک میڈیا وکی کے استعمال میں ہی مہارت حاصل کرنا ہوگی۔

    سوفٹویر ڈیویلپمنٹ

    اگرچہ اردو ویب پر جاری کیے گئے تمام سوفٹویر میری دانست میں اردو کمپیوٹنگ کے سنگ میل قرار دیے جا سکتے ہیں، لیکن گزشتہ سال نومبر میں علوی نستعلیق فونٹ کے اجراء سے لے کر اب تک یہاں جتنا کام ہوا ہے، میرے خیال میں وہ اثر پذیری میں اردو کمپیوٹنگ کی اب تک کی تاریخ میں کیے گئے تمام کام سے بڑھ کر ہے۔ علوی نستعلیق فونٹ کے بعد جمیل نوری نستعلیق فونٹ جاری ہوا جسے مقبولیت میں علوی نستعلیق کے ہمسر قرار دیا جا سکتا ہے۔ نوری نستعلیق فونٹس کے اجراء کے بعد اردو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں گویا ایک انقلاب آ گیا ہے۔ ویب سائٹس پرفوری طور پر نوری نستعلیق فونٹس کا استعمال ہونے لگا ہے اور کمپوزنگ سیکٹر میں بھی ان فونٹس کو کثرت سے استعمال کیا جانے لگا ہے۔ اگرچہ بڑے ڈیسک ٹاپ پبلشنگ پیکجز میں نوری نستعلیق فونٹس کے استعمال میں کچھ کسر باقی رہ جاتی ہے، لیکن اس کمی کو پورا ہونے میں بھی زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ اور اس کے بعد انشاءاللہ نوری نستعلیق فونٹس ہی اردو ڈیسک ٹاپ پبلشنگ میں بطور ڈیفالٹ استعمال ہوں گے۔ نوری نستعلیق فونٹس کے علاوہ بھی اردو ٹائپوگرافی میں گزشتہ کچھ عرصے میں شاندار پیشرفت ہوئی ہے۔ اب ہمارے کئی دوستوں نے اردو فونٹ سازی پر دسترس حاصل کر لی ہے جس کے نتیجے میں القلم، عطاری اور الفارس فونٹس جیسی خوبصورت فونٹ کلیکشنز وجود میں آئی ہیں۔

    جہاں نوری نستعلیق فونٹس کی ڈیویلپمنٹ کو اردو کمپیوٹنگ کا ایک اہم سنگ میل ہے، وہاں نستعلیق ڈیسک ٹاپ پر مبنی اردو لینکس ڈسٹریبیوشنز کی تیاری اور اجرا کو اردو کمپیوٹنگ کا نقطہ عروج قرار دیا جا سکتا ہے۔ اردو سلیکس اور اردو ابنٹو کی تیاری محمد علی مکی کی حیرت انگیز صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اکیلے ہی پورے ادارے جتنا کام سرانجام دیا ہے۔ اردو لینکس ڈسٹریبیوشنز کے اجراء کے بعد بالآخر اردو کمیونٹی میں لینکس کے استعمال کے مین سٹریم ہونے کی امید کی جا سکتی ہے۔

    میں اس مرتبہ محفل فورم کی سالگرہ کے موقعے پر میڈیا وکی، جملہ اور ورڈپریس کے حالیہ ورژنز کے اردو پیکج ریلیز کرنا چاہتا تھا۔ میڈیا وکی 1.5 اور جملہ 1.5.11 کے اردو پیکج تقریبا تیار ہیں جبکہ اردو پریس، یعنی اردو ورڈپریس کی تیاری میں ابھی کچھ کام باقی ہے۔ میں کوشش کروں گا کہ اس پر بھی کام جلد مکمل کرکے تمام سوفٹویر جلد ریلیز کر دوں۔ میں اگرچہ مختلف کونٹینٹ منیجمنٹ سسٹمز پر تحقیق کرتا رہتا ہوں لیکن آئندہ میں صرف چند کونٹینٹ منیجمنٹ ‌سسٹمز کے اردو پیکجز کی فعال ڈیویلپمنٹ جاری رکھوں گا۔ ان سی ایم ایس میں میڈیا وکی، جملہ اور ورڈپریس شامل ہیں۔ مستقبل میں میں ان میں دروپل کو شامل کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہوں۔ یہاں میں ایک مرتبہ پھر اس بات کو دہرانا چاہوں گا کہ کسی بھی سوفٹویر کے اردو ورژن کو اپ ٹو ڈیٹ‌ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کو مینٹین کرنے کے لیے کوئی ٹیم موجود ہو۔ اس لیے ضروری ہے کہ مختلف اردو سوفٹویر کی بروقت اپڈیٹ کو ممکن بنانے کے لیے لوگ آگے آئیں۔ میں اس کام میں ان کی رہنمائی کے لیے تیار رہوں گا۔

    میری جانب سے آپ سب کو ایک مرتبہ پھر محفل فورم کی چوتھی سالگرہ مبارک ہو، اور میں امید کرتا ہوں کہ اس مرتبہ بھی ہم مختلف تعمیری سلسلوں سے آئندہ کے لیے بہت کچھ سیکھیں گے۔

    والسلام


    محفل فورم کی گزشتہ سالگرہوں پر میری تحاریر کے روابط:

    محفل فورم کی تیسری سالگرہ کے موقعے پر!
    محفل فورم کی دوسری سالگرہ کی مبارکباد!
    آپ سب کو محفل فورم کی پہلی سالگرہ مبارک
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 28
  2. الف عین

    الف عین لائبریرین

    مراسلے:
    33,841
    جھنڈا:
    India
    موڈ:
    Psychedelic
    تالیاں!!!!!
    تو یہ ہے نبیل کا اڈریس ٹو دی نیشن!!!
    اچھا جائزہ ہے نبیل، اردو کمپیوٹنگ کا سفر آج کل اردو ویب سے جڑ گیا ہے، اور اسی وجہ سے میں یاہو گروپ میں فعال نہیں رہا۔ اور اس وجہ سے یاہو گروپ بھی کم فعال ہے۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 12
  3. محب علوی

    محب علوی لائبریرین

    مراسلے:
    11,276
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Bookworm
    نبیل ،
    عمدہ افتتاحیہ پیش کیا ہے اور پچھلے سال کے کارہائے نمایاں مختصرا بیان کر دیے ہیں جس سے تمام ممبران کو ایک سال کی اردو ترقی کا جائزہ لینے کا موقع مل جائے گا۔ میرا خیال ہے کہ اسی طرح اگلے سال کے لیے چند اہداف بھی مقرر کر لینے چاہیے اس موقع پر تاکہ اگر اس کے مطابق کچھ ٹیمیں ترتیب پا جائیں تو وہ اپنے اپنے شعبے میں کام کرتی رہیں اور اگلے سال اہداف کے حصول کا جائزہ بھی ممکن ہو سکے گا اور مختلف زمرہ جات میں کارکردگی کا جائزہ بھی آسان ہو جائے گا
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 11
  4. نبیل

    نبیل محفلین

    مراسلے:
    16,624
    جھنڈا:
    Germany
    موڈ:
    Depressed
    شکریہ محب۔ اہداف کے حوالے سے تمہاری بات درست ہے۔ تم اس بارے میں یہاں ضرور اپنی تجاویز پیش کرو۔ باقی دوستوں کو بھی اس موضوع پر اظہار خیال کی دعوت دی جاتی ہے۔ میں بھی اس بارے میں مزید لکھتا ہوں۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 5
  5. arifkarim

    arifkarim معطل

    مراسلے:
    29,828
    جھنڈا:
    Norway
    موڈ:
    Happy
    امسال کا زبردست جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ :)
    اُمید ہے اردو محفل اسی طرح دن دگنی رات چگنی ترقی کرے گی! انشاءاللہ۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 8
  6. محمد وارث

    محمد وارث لائبریرین

    مراسلے:
    25,550
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Depressed
    بہت شکریہ برادرم نبیل اس خوبصورت جائزے کیلیے۔ آپ کی اور زیک کی خدمات بلکہ محبت واقعی قابلِ تحسین ہیں اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر دیں اور اس محفل کو مزید ترقیاں اور عزت عطا فرمائیں۔

    گو یہ خاکسار کسی کام کا نہیں (کم از کم میری بیوی تو یہی کہتی ہے) لیکن پھر بھی مقدور بھر کوشش کرتا رہونگا کہ محفل کے معزز اراکین کی جوتیاں ہی سیدھی کر سکوں :)
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 8
  7. مغزل

    مغزل محفلین

    مراسلے:
    17,597
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Dunce
    بہت خوب ، ماشا اللہ ، اللہ برکتیں نصیب فرمائے ، ہم سب دعا گو ہیں۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 6
  8. عبدالمجید

    عبدالمجید محفلین

    مراسلے:
    933
    ماشاءاللہ ۔ اللہ سے دعا ہے کہ ہماری اس محفل کو برکتیں نصیب فرمائیے آمین
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 6
  9. نایاب

    نایاب لائبریرین

    مراسلے:
    13,422
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Goofy
    السلام علیکم
    محترم محمد وارث بھائی
    سدا مہکتے چہکتے رہیں اردو محفل کے چمن میں ۔ آمین
    بھابھی تو کہتی ہیں کہ میرے سر تاج ہیں ۔ ( نکمے ہو ں ان کے دشمن )
    اور محفل ارد و پر مجھ جیسوں کے سردار ۔ ( جوتیاں سیدھی کریں آپ کے دشمن )
    نایاب
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 7
  10. نبیل

    نبیل محفلین

    مراسلے:
    16,624
    جھنڈا:
    Germany
    موڈ:
    Depressed
    بہت شکریہ برادر عزیز ( و خورد :) )
    آپ بھابھی کی باتوں کا کچھ ملال نہ کریں، کہ میری نصف بہتر میرے بارے میں بھی کچھ ایسی ہی رائے رکھتی ہیں۔ :)
    آپ جیسی صاحب علم شخصیت کی موجودگی ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ جوتیاں سیدھی کرنا تو دور کی بات، آپ جوتیاں رسید بھی کرنے لگیں تو اس کی ڈیمانڈ پوری کرنا مشکل ہو جائے گی۔ :grin:
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 9
  11. عبدالباسط حبیب

    عبدالباسط حبیب محفلین

    مراسلے:
    64
    السلام علیکم نبیل اور اہلیانِ اردو محفل فورمز،

    آپ سب کو میری اور اہلیانِ ہلہ گلہ کی طرف سے خوشی کا یہ موقعہ بہت بہت مبارک ہو۔

    انٹرنیٹ پہ ماشااللہ اردو محفل نے جو ترقی کی اور جس منفرد انداز میں اردو زبان اور اُوردو زبان بولنے والوں کی خدمت کی اور کر رہے ہیں‌وہ صرف اردو محفل کا ہی خاصہ ہے۔ اس کے لیے میں‌اردو محفل فورمز اور بطورِ‌خاص نبیل کی ثابت قدمی لگن محنت اور علم، عقل و دانش کا معترف ہوں اور شکر گزار ہوں۔ ہم سب کی مٹی بڑی زرخیز ہے۔ مگر اکثریت جب انٹرنیٹ پہ آتی ہے تو وقت لغویات پہ ضائع کر دیتی تھی۔ پر جب سے انٹرنیت پہ اردو محفل جیسے فورمز نے کام کرنا شروع کیا ہے۔ ہم لوگوں‌کو انٹرنیٹ‌کا ایک مثبت استعمال بھی متعارف کروانے میں‌کامیاب ہوئے ہیں۔

    میری دُعا ہے یہ تخلیقی جستجو اس سفر کو یونہی سنوارتی رہے۔ اور میں‌یہ دعا بھی کرتا ہوں‌کے آنے والے برسوں میں‌اردو محفل فورم مزید سے مزید ترقی کرے اور یہ جذبہ جو ہمیں آج اس مقام تک لے آیا ہے یہ ستاروں‌سے آگے کے جہانوں‌کا پتا بھی دے۔



    والسلام
    بہت ساری دعاوں‌کے ساتھ خیر اندیش
    عبدالباسط حبیب
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 13
  12. نبیل

    نبیل محفلین

    مراسلے:
    16,624
    جھنڈا:
    Germany
    موڈ:
    Depressed
    بہت شکریہ باسط۔ آپ کی یہاں آمد اور اس محبت بھرے پیغام سے یقیناً ہماری خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی ہمیں ایک دوسرے سے کچھ نہ کچھ سیکھنے کا موقعہ ملتا رہے گا۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 3
  13. شاہ حسین

    شاہ حسین محفلین

    مراسلے:
    2,901
    بہت شکریہ جناب نبیل صاحب عمدہ جائزہ پیش کیا ہے ۔
    ہماری دُعا ہے اردو کے گلشن کا یہ پھول سدا مہکتا رہے ۔

    خداوند کریم آپ کو ثابت قدم رکھے اور آپ کی توفیقات میں مزید اضافہ فرمائے کہ آپ اردو کی یوں ہی خدمت کر سکیں ۔

    تمام اہل سخن و ادب اور تمام ممبران اردو محفل کو چوتھی سالگرہ مُبارک ہر
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 3
  14. عبدالباسط حبیب

    عبدالباسط حبیب محفلین

    مراسلے:
    64
    جی نبیل اب کچھ باتیں آپ کی گزشتہ برس کی کار گزاری اور آئندہ کی حکمتِ عملی پہ۔

    موڈریشن پالیسی: میری ناقص رائے اور گزشتہ تجربے کی بنیاد پہ میں‌یہ کہ سکتا ہوں ۔ اگر کسی فورم یا سیکشن کو ڈیڈ کرنا ہو تو اُس پہ موڈریشن آن کر دیں۔ میرا تجربہ مجھے بتاتا ہے کہ اس کا فائدہ کم اور نقصان زیادہ ۔ مگر تجربہ اپنا اپنا ہوتا ہے اور عین ممکن ہے کچھ ممبرز نے آپ کے لیے کوئی اور راستہ ہے نا چھوڑا ہو۔ خیر اللہ بہتر کرے۔

    لائبریری پراجیکٹ: یہ ایک بہتری پراجیکٹ ہے ۔ آپ نے صحیح کہا اسے بس منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر میرے لیے کوئی کام ہو تو بتائے گا بندہ ایسے کاموں‌ میں‌کچھ تجربہ رکھتا ہے۔


    سوفٹویر ڈیویلپمنٹ: یہ اردو محفل کو باقی سب سے ممتاز کرتی ہے۔ ہم سے جاہل بس پھل کھاتے رہتے ہیں ۔ میں‌ایک بار پھر اپنے تمام بھائیوں اور بہنوں (کیا کسی بہن نے بھی کوئی معرکہ مارا یا ابھی تک تنیٹ‌کو فیشن، گپ کے لیے استعمال کر رہی ہیں( کا دلی طور پہ شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ آپ لوگ بلا شبہ ان لوگوں‌سے ہزار ہا بہتر کام کر رہے ہیں جو ہر دوسرے ماہ 100 یا 200 لوگوں کو کسی شہر میں اکٹھا کر کے اپنی اردو خدمات کا راگ الاپتے یہں۔ اور آپ ان سے بہتر اس لیے ہیں‌کہ آپ کی خدمات بے لوث ہیں۔ اللہ سبحان تعالی آپ سب کو بہت خوش رکھے۔


    مجھے یقن ہے گزشتہ برسوں‌کی طرح یہ سال بھی کامیابیوں کا ایک نیا سال ثابت ہو گا۔ انشااللہ

    والسلام
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 11
  15. نبیل

    نبیل محفلین

    مراسلے:
    16,624
    جھنڈا:
    Germany
    موڈ:
    Depressed
    شکریہ باسط۔ ہلہ گلہ ایک بہت بڑی اور فعال کمیونٹی ہے اور اس میں یقیناً بہترین ٹیلنٹ بھی موجود ہے، جیسا کہ ہلہ گلہ پر گرافک ڈیزائن پر کیے جائے والے کام سے ظاہر ہوتا ہے۔ حال ہی میں ہلہ گلہ پر جو جریدہ شائع کرنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے وہ بھی بہت اچھا ہے۔ میں بھی انشاء اللہ اس میں اردو کمپیوٹنگ کے حوالے سے لکھنے کی کوشش کروں گا۔

    جہاں تک فورمز کو موڈریشن کے تحت لانے کا تعلق ہے تو یہاں پہلے بھی مضامین اور ٹیوٹوریل فورمز پر موڈریشن لاگو ہے۔ اس کا مقصد معیار کو یقینی بنانا رہا ہے۔ لیکن اب موڈریشن کا مقصد مناظروں اور مباحثوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ آپ اس بارے میں یقیناً مجھ سے بہتر جانتے ہیں کہ اظہار رائے کی آزادی فراہم کرنے کی کیا حد مقرر کی جا سکتی ہے۔

    آپ نے اردو ویب کے پراجیکٹس میں خواتین کے حصے کے بارے میں دریافت کیا ہے۔ اردو ویب کو ارتقاء بخشنے میں اردو محفل کی خاتون ممبران کا کلیدی رول رہا ہے جو کہ ابھی تک جاری ہے۔ خاص طور پر مہوش علی، شگفتہ اور ماوراء نے لائبریری پراجیکٹ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 10
  16. محمداحمد

    محمداحمد لائبریرین

    مراسلے:
    21,907
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Amazed
    بہت شکریہ نبیل بھائی!

    جس محبت اور جانفشانی کے ساتھ اردو محفل پر اردو کی مستقل خدمت ہو رہی ہے اس کی مثال ملنا مشکل ہی نہیں‌ناممکن بھی ہے۔ اللہ آپ کو اور ہمارے باقی دوستوں کو اس کارِ عظیم کا اجر عطا فرمائے اور آپ کو اپنے ارادوں کی تکمیل کے لئے عزم ہو حوصلہ عطا فرمائے۔ (آمین)

    سب دوستوں کو اردو محفل کی سالگرہ مبارک ہو۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 4
  17. باذوق

    باذوق محفلین

    مراسلے:
    1,093
    نبیل ، آپ کا یہ جائزہ بہت عمدہ اور مکمل رہا ہے۔ اس میں شک نہیں کہ اردو کمپیوٹنگ کے تعلق سے علمی و تحقیقی رحجانات محفل کے حوالے سے ہی قائم ہوتے رہے ہیں جس میں آپ کا اور دیگر قابل ساتھیوں کا بڑا ہاتھ رہا ہے۔
    بعض زمروں کی موڈریشن کے بعد امید ہے کہ اردو کی ترقی و ترویج کا سفر درست سمت میں جاری رہے گا، ان شاءاللہ۔
    ایک بار پھر محفل اور اہلیانِ محفل کے لئے مستقبل کی نیک تمنائیں پیش ہیں۔
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 3

اس صفحے کی تشہیر