محشؔر بدایونی ::::: شاعری حسبِ حال کرتے رہے ::::: Mehshar Badayuni

طارق شاہ

محفلین

غزلِ

محشؔر بدایونی

شاعری حسبِ حال کرتے رہے
کون سا ہم کمال کرتے رہے

کھائے اوروں نے پھل درختوں کے
ہم تو بس دیکھ بھال کرتے رہے

سارا دِن دُکھ سمیٹتے گُذرا
شب کو ، ردِّ ملال کرتے رہے

آدمی کیوں ہے بے خیال اِتنا ؟
خود سے ہم یہ سوال کرتے رہے

اور کیا پاسِ زخم کرتے لوگ
کوششِ اندمال کرتے رہے

خود بھی درپردہ جال میں تھے اسِیر !
وہ جو تیّار جال کرتے رہے

اجر شیشہ گروں نے کیا پایا
کام تو بے مثال کرتے رہے

دیکھیں کب آئے، جس بہار کا ہم !
اِنتظار اِتنے سال کرتے رہے

گئے موسم سے، تُم ہی کیا محشؔر !
یاں سبھی جی بحال کرتے رہے

محشؔر بدایونی
 
Top