داغ مجھ کو عشقِ زلفِ عنبر فام ہے - داغ دہلوی

کاشفی

محفلین
غزل
(داغ دہلوی رحمتہ اللہ علیہ)

مجھ کو عشقِ زلفِ عنبر فام ہے
صبحِ محشر بھی نظر میں شام ہے

عشق پر تکلیف کا الزام ہے
درد میرے واسطے آرام ہے

حُسن میں حور و پری کا نام ہے
آدمی کو آدمی سے کام ہے

بزم سے میرے اُٹھانے کے لیئے
پوچھتے ہیں آپ کو کچھ کام ہے

جس کے دل کو دیکھئے تیرا ہے عشق
جو زباں ہے اُس پہ تیرا نام ہے

دیدہ و دل دونوں ہیں مصروفِ عشق
کام والوں کو ہمیشہ کام ہے

مِٹ گیا درد محبت کا مزہ
خُلد میں آرام ہی آرام ہے

میکدہ کیا جا کے مسجد میں بھی رند
پوچھ لیتے ہیں مئے گلفام ہے

لیجئے پکڑا گیا خط آپ کا
یہ لفافے پر عدو کا نام ہے

کر لیا نکہت سے اپنی دل اسیر
اِن گل انداموں کا اچھا دام ہے

بے محل دینے سے ہے کیا فائدہ
بارشِ بے وقت و بے ہنگام ہے

کیوں بناتے ہو رقیبوں کو مشیر
تم کو مجھ سے مجھ کو تم سے کام ہے

ایک شکوہ کر کے پچتایا ہوں میں
رات دن دشنام پر دشنام ہے

وہ دمِ آخر نہ آئے میرے پاس
دشمنوں نے کہہ دیا آرام ہے

کوئی سکتے میں ہے کوئی مضطرب
اک تماشا اُن کے زیرِ بام ہے

دل ہے پُرخوں آنکھ میں آنسو نہیں
شیشہ ہے لبریز خالی جام ہے

اُن کے قاصد نے کچھ ایسی بات کی
میں نے جانا موت کا پیغام ہے

وہ جلاتا بھی ہے خود جلتا بھی ہے
جانتے ہو داغ کس کانام ہے
 

فاتح

لائبریرین
وہ جلاتا بھی ہے خود جلتا بھی ہے
جانتے ہو داغ کس کا نام ہے
واہ واہ کیا بات ہے کاشفی صاحب
 

کاشفی

محفلین
واہ واہ کیا خوبصورت غزل ہے۔ آپ کی اجازت کے بغیر اسے فیس بک پر شئیر کر رہا ہوں۔ بہت شکریہ کاشفی صاحب! :)

شکریہ جناب سخنور صاحب! جناب عالی! آپ کو ، فاتح صاحب کو ، وارث صاحب کو ، م م مغل صاحب کو اور احمد بھائی کو کسی اجازت کی ضرورت نہیں۔۔ بلکہ آپ مجھے آپ سب کی سنگت میں رہنے کی اجازت عنایت فرمائیں۔یعنی اپنا اپنا فیس بک ایڈریس عنایت فرمائیں۔خوشی ہوگی مجھے۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
شکریہ جناب سخنور صاحب! جناب عالی! آپ کو ، فاتح صاحب کو ، وارث صاحب کو ، م م مغل صاحب کو اور احمد بھائی کو کسی اجازت کی ضرورت نہیں۔۔ بلکہ آپ مجھے آپ سب کی سنگت میں رہنے کی اجازت عنایت فرمائیں۔یعنی اپنا اپنا فیس بک ایڈریس عنایت فرمائیں۔خوشی ہوگی مجھے۔

ضرور جناب۔ آپ Farrukh Manzoor لکھ کر فیس بک پر تلاش کریں۔ اسی اوتار کے ساتھ فرخ منظور آپ کو نظر آ جائے گا۔
 

جیہ

لائبریرین
تو کیا اور بھی ہے فرخ منظور کے نام سے۔۔۔۔ ؟ اور ہو بھی تو ہم اس سے کیا لینا دینا :)
 
Top