لنگوٹیا دوست

*لنگوٹیا دوست:*
(ایک مزاحیہ تحریر)

کچھ روز اور کر لو گوارا دوستو
ہم جیسے پھر کہاں دنیا میں آئیں گے

منیر نیازی نے یہ شعر یقیناً اپنے جگری یا لنگوٹیا دوستوں کے نام ان کا قرض واپس نہ لٹانے کی وجہ سے لکھا ہو گا - ویسے دوست دوست ہی ہوتا ہے چاہے جگری ہو یا پھر لنگوٹیا، جگری دوست اور لنگوٹیا دوست میں اتنا ہی فرق ہے جتنا لنگوٹ اور انڈر ویئر میں، دونوں ہی مشکل وقت میں بندے کی عزت بچانے کے کام آتے ہیں اس لئے لنگوٹیے دوست اچھے ہوں یا کمینے، بندہ ان کو ساری زندگی اپنے ساتھ رکھنے پر مجبور ہوتا ہے کیونکہ ان کمینوں کے پاس زندگی بهر کے راز و نیاز اور آپ کے پوشیدہ جرائم کی مکمل لسٹ بمعہ دستاویزی ثبوت ہوتی ہے بلکہ دیگر کمینے دوستوں کی شکل میں چشم دید گواہ بهی موجود ہوتے ہیں جو کسی بهی موقع پر وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے تیار رہتے ہیں اور آپ کو کسی بھی عدالت سے ، خاص طور پر ازدواجی عدالت سے سزائے موت تک دلوا سکتے ہیں -
آپ یہ بهی کہہ سکتے ہیں کہ آپ کی دکھتی رگ ہمیشہ سے ہی ان کے ہاتھ میں ہوتی ہے جسے وہ کسی وقت بھی دبا کر آپ کا ترا نکال سکتے ہیں - میں یہاں یہ وضاحت کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ کمینے سے مراد خود غرض شخص ہوتا ہے کیونکہ یہ لنگوٹیے دوست آپ سے بے پناہ محبت اور خلوص رکھنے کے باوجود ذاتی طور پر تهوڑے سے خود غرض بهی ہوتے ہیں اس لیے میں ان کے ساتھ کمینے کی اصطلاح استعمال کررہا ہوں ویسے بهی اس دوست کو لنگوٹیا کہلانے کا کوئی حق نہیں جس کو کمینہ کہہ کر نہ بلایا جائے گویا کمینہ ہونا بهی دوستی کی ایک خاص قسم ہے جس سے جتنا زیادہ پیار ہو گا وہ اتنا بڑا کمینہ کہلائے گا - میں یہاں چند مثالوں سے ثابت بهی کروں گا کے یہ لنگوٹیے دوست کمینے کیسے بن جاتے ہیں -
لنگوٹیا دوست ساری زندگی آپ کا مقروض ہی رہتا ہے - یہ قرض پیسوں کے علاوہ ادھار پینٹ، شرٹ، جوگرز، شوز یہاں تک کہ آپ کے لنگوٹ اور انڈر وئیر کے علاوہ تمام چیزوں کی شکل میں ہو سکتا ہے - یہ کمینے دوست ہر وقت قرض مانگنے کے مختلف مواقعے تلاش کرتے رہتے ہیں اور سب سے بہترین موقع ان کو اس وقت ملتا ہے جب آپ کو ان سے کوئی کام پڑ جائے تو یہ فورا آپ سے قرض مانگ لیں گے جو باقی قرضوں کی طرح عموماً ناقابلِ واپسی ہوتا ہے بلکہ اسے قرض کے بجائے جگا ٹیکس کہنا زیادہ بہتر ہو گا جبکہ آپ نہ چاہتے ہوئے بھی ان کمینوں کی ڈیمانڈ پوری کرنے پر مجبور ہوتے ہیں -
لنگوٹیے دوست کوئی برا کام جیسے لڑکی سے ملاقات کرنی ہو، سگریٹ پینا ہو یا کسی سے پنگا لینا ہو ایسا کوئی کام اکیلے نہیں کرتے بلکہ آپ کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکهیں گے تاکہ پکڑے جانے کی صورت میں آپ کو شریک جرم ٹہرایا جا سکے اور سارا ملبہ آپ کے اوپر ڈال کر خود کو بچایا جا سکے - اگر مشورے کی ضرورت ہو تو آپ کو ہمیشہ الٹا ہی مشورہ دیں گے جس سے آپ کا بنا بنایا کام بگڑ بهی سکتا ہے اس لئے همیشہ یہ جو بهی رائے دیں آپ کو اس سے الٹ ہی کرنا چاہے - یہ آپ کے ہر کام میں ٹانگ پھنسانا اپنا حق سمجھتے ہیں - جہاں غلطی کرنے پر آپ کے کان کھینچنے چاہیے وہاں یہ اکثر آپ کی ٹانگ ہی کھینچتے ہوئے نظر آئیں گے - مگر پهر بهی ایسےکمینے لنگوٹیا دوست اپنی تمام تر کمینگی کے باوجود ڈپریشن کی دوا کی مانند ہوتے ہیں ، جو سخت پریشانی اور تنہائی میں آپ کو آرام پہنچاتی ہے - آپ کے دکھ درد بانٹتے کی دوا بنتے ہیں لیکن یہ دوا بهی انجیکشن کے ذریعے ہی ملتی ہے جس کا میٹھا میٹھا درد نہ آپ کو رونے دیتا ہے اور نہ ہنسنے -

*پچپن کے لنگوٹیے:*
لنگوٹیا دوستوں کی بهی مختلف قسمیں ہوتیں ہیں سب سے اعلٰی قسم کے لنگوٹیے آپ کے بچپن کے دوست ہوتے ہیں ان کے ساتھ آپ کے دن رات گزرتے ہیں بچپن سے لڑکپن اور پهر لڑکپن سے جوانی تک بلکہ بعض اوقات ان کا ساتھ بڑھاپے کی آخری دہلیز تک ہوتا ہے عموماً یہ آپ کے "ہمسائے ماں جائے" ہوتے ہیں یہ دوستی کی سب سے اعلٰی قسم ہوتی ہے بے مثال اور لازوال دوستی، مخلص اور بے لوث دوستی کا سب سے اعلی معیار عموماً آپ کو ان ہی دوستوں میں ملے گا - آپ کی ہر خوشی غمی میں آگے آگے ہوں گے اور آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کهڑے نظر آئیں گے -
یہ لنگوٹیے دوست ڈاکٹر، انجینئر، اعلی افسر ہو سکتے ہیں یا پھر موٹر مکینک، ڈرائیور، یا چھابڑی فروش بهی ہو سکتے ہیں اس دوستی میں سٹیٹس کوئی اہمیت نہیں رکھتا - مثلاً اگر آپ ڈپٹی کمشنر بهی بن جائیں تو یہ چھابڑی فروش ساری زندگی آپ کو بچپن والی بے تکلفی سے ہی مخاطب کریں گے اگر ان کے اخلاق میں تکلف یا تکبر آ جائے تو پهر ان لوگوں کو لنگوٹیا دوستتوں کی لسٹ سے خارج کیا جا سکتا ہے - یہ لوگ آپ کی زندگی کے پہلے عشق سے لے کر شادی تک اور پھر شادی کے بعد کے سب معاشقوں کے بهی جشم دید گواہ ہوتے ہیں -
یہ ہمیشہ سے ہی آپ کو الٹے کاموں پر اکسائیں گے میں نے زندگی کی پہلی اور آخری چوری بهی ان کمینے لنگوٹیوں کے اکسانے پر ہی کی تھی جب پہلی بار گھر کے سودہ سلف کے پیسوں سے ٹکٹ خرید کر سینما میں فلم دیکھی اور واپسی پر پورے محلے نے بغیر ٹکٹ ، بغیر کیمرا فلم کے اس سین کی شوٹنگ دیکھی جس میں ولن کو اندھا دھند پھینٹی پڑ رہی ہوتی ہے فرق بس اتنا تها کہ اس فلم کے ہیرو کی جگہ ابا جی تھے اور ولن کا کردار راقم الحروف نے ادا کیا -
ان کمینوں کے چھوٹے چھوٹے مزاق بهی بعض اوقات ساری عمر کا روگ بن جاتے ہیں - ایک بار یہ سب کمینے لنگوٹیے دوست قبلہ ابا جی کے ساتھ کھڑے تھے کے اچانک ایک کمینے دوست نے از راہ مذاق جیب سے سگریٹ کی ڈبی نکالی اور ابا جی کے سامنے مجهے ایک سگریٹ نکال کر پیش کیا میں نے لینے سے انکار کیا تو اس کمینے دوست نے یہ کہہ کر ڈبی جیب میں ڈال لی کے اچھا آجکل سگریٹ چھوڑ دیئے ہیں کیا ؟؟؟ میں حلفا کہتا ہوں کے اس وقت تک میں نے زندگی میں کبھی سگریٹ کو ہاتھ تک نہیں لگایا تھا لیکن اس کمینے دوست کی وجہ سے میرے ابا جی ناراض ہو گے اور ساری زندگی مجھ پر شک کرتے رہے کہ میں ان سے چھپ کر سگریٹ پیتا ہوں اور پهر جب بهی میں اپنے گھر داخل ہوتا ابا جی میرا منہ سونگ کر کہتے سچ سچ بتاؤ تم باہر سے سگریٹ پی کر تو نہیں آئے؟؟؟
بلاشبہ اپنی تمام تر کمینگی کے باوجود یہ میرے بہترین لنگوٹیے یا جگری دوست ہیں جو آج بهی میرے ساتھ ہیں میرے دل میں بستے ہیں بلکہ میری زندگی کا سرمایہ ہیں -

*لڑکپن سے جوانی تک کے لنگوٹیے:*
نوجوانی کے لنگوٹیے دوست کا ساتھ زیادہ ترً 2 سے 6 سال تک کا ہوتا ہے - یہ عموماً آپ کے کالج اور یونیورسٹی کے دور کے بہترین لنگوٹیے دوست ثابت ہوتے ہیں یہ لوگ بهی بہت بڑے کمینے اور مطلبی ہوتے ہیں جن میں سے اکثر عملی زندگی شروع کرتے ہی آپ کو بھول جاتے ہیں اور آہستہ آہستہ ان سے رابطہ بهی ختم ہو جاتا ہے مگر یہ لوگ جتنا عرصہ بهی ساتھ رہتے ہیں وہ دور آپ کی زندگی کا بہترین دور کہلاتا ہے - جو زندگی کالج یا یونیورسٹی میں گزاری ہو گی وہ یقیناً آپ کی زندگی کا بہترین دور ہو گا -
یہ لنگوٹیے دوست درجنوں کی تعداد میں آپ کے ساتھ ہوتے ہیں ان کی دوستی ایسی ہوتی ہے جیسے اگلی ساری زندگی مرنا جینا ان ہی کے ساتھ ہو گا مگر جیسے ہی کالج یا یونیورسٹی کا دور اختتام پذیر ہوا یہ آپ کی زندگی سے ایسے غائب ہو جائیں گے جیسے گدھے کے سر سے سینگ، بلکہ ایک ہی شہر میں رہ کر بهی ان کو ملنا محال ہوتا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ درجنوں کی تعداد میں موجود ان لنگوٹیوں میں سے ایک یا دو دوست ہی عملی زندگی میں آپ سے کئے گے وعدوں پر ثابت قدم رہتے ہیں - ان کالج یا یونیورسٹی کے کمینے دوستوں کی اکثریت رنگ بازی میں ماہر ہوتی ہے -
یہ لنگوٹئے دوست انتہائی خود غرض اور جیلس ہوتے ہیں پہلے آپ جیسے سادہ لوح لڑکے کو کسی لڑکی سے دوستی کرنے کے لئے یہ کہہ کر اکسائیں گے کہ یار وہ فلان لڑکی تم کو بہت پسند کرتی ہے یا دیکھ کر مسکراتی ہے آپ نہ چاہتے ہوئے بهی اس جانب متوجہ ہوجاتے ہیں اور آپ کو دھیرے دھیرے اس حسینہ سے محبت ہو جاتی ہے - یہ کمینے دوست آپ کی ہمدردی میں انتہائی بے وزنی اور بے تکی شاعری سے لبریز لو لیٹر بهی لکھ کر دیں گے مگر جیسے ہی آپ کی لڑکی سے دوستی ہو جائے یہ اپنا پینترا بدل کر دن رات اس دوستی کو تڑوانے میں لگ جاتے ہیں اور موقع ملتے ہی یہ کمینے دوست اپنی ہونے والی بھابی کو آپ کے وہ راز بتادیں گے کے بس توبہ ہے جو وہ حسینہ دوبارہ کبهی آپ کی منحوس شکل بهی دیکھ لے جبکہ اس کے برعکس آپ بغیر تحقیق کہ اس لڑکی کو بے وفائی کا سرٹیفکیٹ عطاء کر کہ اپنی آنے والی زندگی اس بے وفا محبوبہ کے نام کر دیتے ہیں - اس چند دن یا مہینوں کی دوستی کو موضوع سخن بنا کر بعض اوقات اپنی ناکام زندگی کے کامیاب شاعر بهی بن جاتے ہیں - اکثر شاعروں کی زندگی کا تاریک پہلو یا تصویر کا دوسرا رخ یہ بهی ہوتا ہے کہ وہ اپنی شاعری میں جس محبوبہ کے خدوخال اور ملاقاتوں کو بیان کرتے ہوئے اپنے دیوان بهر دیتے ہیں اس بیچاری حسینہ کو تو شائد اس شاعر صاحب کا نام بهی یاد نہیں ہو گا بلکہ اس لڑکی کی نظر میں تو ایک چھچھورا انسان ہوا کے جھونکے کی طرح اس کی زندگی سے ٹکرا کر گزر گیا ہوتا ہے - ایک بہت خوبصورت اور مشہور شاعر میرے سابقہ کلاس فیلو ہیں جن کے ساتھ یونیورسٹی میں ایسا ایک حادثہ گزر چکا ہے -
اگر آپ کی زندگی میں بهی کبهی کوئی ایسا واقعہ گزرا ہو کہ فلاں لڑکی نے مجھے اچانک کیوں چھوڑ دیا تھا یا وہ کیسے اچانک بے وفا ہو گئی تو تحقیق کر لیں یقیناً اس کے پیچھے بهی ضرور وہیں کمینے لنگوٹیے دوست ہی ہوں گے -

*جوانی سے بڑهاپے تک کے لنگوٹیے:*
کالج یونیورسٹی سے فارغ و تحصیل ہو کر جب آپ عملی زندگی کی شروعات کرتے ہیں تو یہاں بننے والے لنگوٹیا دوستوں کا کمینہ پن اکثر سویا رہتا ہے بلکہ نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے - جبکہ یہ دیگر بیماریوں میں ضرور مبتلا رہتے ہیں جن کا آپ کے سابقہ دوستوں کو پتہ تک نہیں ہوتا اس میں سرفہرست حسد اور منافقت ہے - اکثر آپ کے ساتھ کام کرنے والے ساتھی آپ کی ترقی اور کامیابی سے دل ہی دل میں جلتے رہتے ہیں لیکن منہ پر آپ کے کام کی تعریف کرتے نظر آئیں گے ان ساتھیوں میں آپ کا لنگوٹیا دوست وہ بن جاتا ہے جس سے آپ مہینے کے اختتام پر ادھار لیتے یا دیتے ہیں اور پکی دوستی اس لنگوٹیے سے ہو جاتی ہے جو آپ کی رقم وعدے کے مطابق پوری ایمانداری کے ساتھ تنخواہ آتے ہی واپس کر دے - یہ لنگوٹیے ذاتی طور پر بہت ذہین و فطین ہوتے ہیں ان کے مشورے بہت اعلی معیار کے ہوتے ہیں اکثر لنگوٹیوں سے فیملی تعلقات بهی بن جاتے ہیں -
یہ لنگوٹیے اس وقت کمینے بن جاتے ہیں جب آپ کے کام سے متاثر ہو کر کمپنی آپ کو آوٹ آف ٹرن ترقی دے کر آپ کے لنگوٹیے کا سینئر باس بنا دے - تو ان لنگوٹیا دوستوں کی سوئی ہوئی حس کمینگی جاگ اٹھے گی اور یہ آپ کی ٹانگیں کھینچنا شروع ہو جائیں گے -
ان لنگوٹیوں سے آپ کا ساری زندگی چولی دامن کا ساتھ رہتا ہے اس لیے یہ بھی آپ کی زندگی کے بہترین دوستوں میں ہی شمار ہوتے ہیں کیونکہ مہینے کے آخری دنوں میں جب جیب خالی ہو چکی ہوتی ہے تو آخر ان کمینے دوستوں نے ہی آپ کے کام آنا ہوتا ہے -
ان لنگوٹیوں سے آپ کا زیادہ سے زیادہ ساتھ بهی بس ریٹائرمنٹ تک کا ہوتا ہے - اس کے بعد یہ لوگ بهی آہستہ آہستہ ایک ایک کر کہ آپ کو چھوڑ جاتے ہیں اور جب آپ اپنی تمام تر ذمیداریوں سے فارغ ہو چکے ہوتے ہیں ، تمام بچے اپنی ازدواجی زندگی شروع کر کے اپنے بچوں میں مگن ہو جاتے ہیں وہ وقت آپ کی زندگی کا سب سے مشکل وقت ہوتا ہے اس وقت آپ تنہائی محسوس کرتے ہیں اور آپ کو ایک ایسے سچے دوست کی اشد ضرورت ہوتی ہے جو آپ کے دکھ درد کو بانٹ سکے آپ جیسے نکمے انسان کیلئے خاص وقت نکال سکے جس کی اپنی اولاد بهی اسے چھوڑ چکی ہو ، جس مقام پر جوانی اور بڑهاپے کی سب دوستیاں بے توقیر ہو چکی ہوں - اس وقت صرف اور صرف آپ کے بچپن کا وہ لنگوٹیا دوست ہی کام آئے گا جسے آپ "کمینے دوست" کے نام سے یاد کرتے رہے ہیں -
بلاشبہ لنگوٹیا یا جگری دوستوں کی فہرست میں بچپن کے کمینے لنگوٹیے سب سے پیارے دوست ثابت ہوتے ہیں -

دعا گو ،
نبیل شاہ
 
Top