غزل - پھول ہیں یا کہ خار ہیں ہم لوگ

غزل
پھول ہیں یا کہ خار ہیں ہم لوگ
آبروئے بہار ہیں ہم لوگ

ہیں اسی اعتبار پر زندہ
زیست کا اعتبار ہیں ہم لوگ

ختم ہونے کو ہے حرارتِ زیست
اختتامی شرار ہیں ہم لوگ

منزلوں کی نوید جان ہمیں
راستوں کا غبار ہیں ہم لوگ

کیسی عجلت ہے، کیسی جلدی ہے
کیوں ہوا پر سوار ہیں ہم لوگ

سوچ سکتے ہیں، کر نہیں سکتے
کتنے بے اختیار ہیں ہم لوگ

عکس بننے سے بچ نہیں سکتے
آئنوں کا شکار ہیں ہم لوگ

صرف کتبے نہیں ہیں چہروں پر
حسرتوں کے مزار ہیں ہم لوگ

کوئی سنتا نہیں توجہ سے
مفلسی کی پکار ہیں ہم لوگ

دیکھیے تو بس ایک دو ہیں ہم
سوچیے تو ہزار ہیں ہم لوگ

اس کو دیکھا تھا ایک بار فصیحؔ
آج تک بے قرار ہیں ہم لوگ

شاہیں فصیحؔ ربانی
 

الف عین

لائبریرین
مطلع اور مقطع کے علاوہ تقریباً سارے اشعار خوب ہین۔
عکس بننے سے بچ نہیں سکتے
آئنوں کا شکار ہیں ہم لوگ
خوب ، اگر میں درست سمجھا ہوں کہ ’سے‘ چھوٹ گیا ہے۔
ایک بات اور کہوں گا، کمپوزنگ میں کاما ہی استعمال کرین، یہ اوپر والا تخاطبی نشان کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے، اور کبھی کبھی الٹے پیش کے لئے بھی!!
 
محترم الف عین صاحب!
آپ کا بہت شکرگزار کہ اپنی گرانقدر رائے سے میری رھنمائی اور حوصلہ افزائی فرمائی،
جی بالکل لفظ "سے" واقعی چھوٹ گیا تھا، اب میں نے تصحیح کر دی ہے، ''سے'' اور کاما دونوں کی، آپ کا بہت شکریہ۔
 

ایم اے راجا

محفلین
فصیح صاحب بہت اچھی گزل کہی ہے، بہت داد قبول ہو۔
لگتا ہے اس شعر کے مصرعہ اول میں آپ سے ٹائپو ہو گئی ہے، اسے دیکھ لیجیئے گا۔ شکریہ۔

عکس بننے بچ سے نہیں سکتے
آئنوں کا شکار ہیں ہم لوگ

اسکا مصرع اول شاید یو ہونا چائیے تھا۔
عکس بننے سے بچ نہیں سکتے
آئنوں کا شکار ہیں ہم لوگ
 
راجا بھائی!
آپ کا بہت زیادہ شکریہ غزل کی پسندیدگی پر بھی ٹائپو کی نشاندہی پر بھی،
دراصل محترم الف عین صاحب نے "سے" کے چھوٹ جانے کی نشاندہی کی تو میں نے اس کی تصحیح کی لیکن بے دھیانی میں ''سے '' غلط مقام پر لکھ دیا۔
 
یقینآ غزل عمدہ ہوگی۔
لیکن آپ کا پوسٹ کیا ہوا کلام میرے کمپیوٹر پر درست نہیں آتا
حروف الگ الگ نظر آتے ہیں۔ اب پتہ نہیں میرے کمپیوٹر میں کچھ مسئلہ ہے یا آپ کوئی ایسا فانٹ استعمال کرتے ہیں جو میرے پاس نہیں۔
تمام دوستوں کی غزلیں ریڈایبل ہیں
شکریہ
 
شناور بھائی!
معذرت کہ آپ کو زحمت ہوئی،
میں اردو محفل کے فونٹس میں سے ایریئل فونٹ استعمال کرتا ہوں، بہرحال میں اس کا فونٹ تبدیل کررہا ہوں شاید اب آپ پڑھ سکیں،
آپ کی راےئ میرے لیے حوصلہ افزائی کی باعث ہو گی۔
آپ کا بہت شکریہ
 

محمداحمد

لائبریرین
شناور بھائی!
معذرت کہ آپ کو زحمت ہوئی،
میں اردو محفل کے فونٹس میں سے ایریئل فونٹ استعمال کرتا ہوں، بہرحال میں اس کا فونٹ تبدیل کررہا ہوں شاید اب آپ پڑھ سکیں،
آپ کی راےئ میرے لیے حوصلہ افزائی کی باعث ہو گی۔
آپ کا بہت شکریہ

ویسے اگر آپ غزل کو بھی 'ڈیفالٹ' فونٹ میں ہی رکھیں تو شاید زیادہ بہتر ہو۔ نستعلیق کی آمد سے پیشتر میں بھی مختلف فونٹس آزمایا کرتا تھا کہ مجھے نستعلیق کی عادت تھی اور یونیکوڈ میں نستعلیق دستیاب نہیں تھا۔ لیکن جب سے یونیکوڈ میں نستعلیق فونٹس متعارف کرائے گئے ہیں میں زیادہ تر ڈیفالٹ فونٹس ہی استعمال کرتا ہوں۔
 
Top