غزل - سخن میں حسن کی خوشبو اتار، پھول بنا ۔ ممتاز گورمانی

محمداحمد

لائبریرین
غزل

سخن میں حسن کی خوشبو اتار، پھول بنا
ہنر گنوا نہ مرے دستکار، پھول بنا
.
نجانے کب ہو تری حاضری وہاں اے دوست
یہاں شمار نہ کر بے شمار، پھول بنا

فقط جبیں پہ ریاکاریوں کے پھول نہ کاڑھ
زمینِ دل پہ تہجد گزار، پھول بنا

میں اس کی سنتا نہیں تھا، سو خالی ہاتھ آیا
وہ مجھ سے کہتا رہا بار بار، پھول بنا

یہ زندگی ہے ترے گھر میں چار دن مہمان
سو اس کے واسطے اے یار چار، پھول بنا

پڑی ہے کیا تجھے اس کی وہ سوچتا کیا ہے
تو اپنی سوچ کا چہرہ نکھار، پھول بنا

چلی تھی کیا میرے ہمراہ ایک سبز پری
زمیں پہ گھاس اگی، خار خار پھول بنا

ممتاز گورمانی
 

طارق شاہ

محفلین
فقط جبیں پہ ریاکاریوں کے پھول نہ کاڑھ
زمینِ دل پہ تہجد گزار، پھول بنا

واہ
کیا ہی اچھا شعر ہے
بہت عمدہ انتخاب
بلال میاں مفہوم غلط نکلتا ہے شعر کا

" فقط جبیں پہ ریاکاریوں کے پھول نہ کاڑھ "
یعنی کہیں اور بھی کاڑھ ، والی بات ہے
پھر دوسرے مصرعے میں زمینِ دل کی ترغیب
زمینِ دل پہ تہجد گزار، پھول بنا
کیا پہلے مصرعے اور ترغیب کی روشنی میں
تہجد گزار پھول بنانا ریاکاری کی طرف ذہن مبذول نہیں کرتا
دل کو اگر پھول بنانے، یا پھول میں تبدیل کرنے والی بات ہوتی تو کوئی بات ہوتی

جبیں پہ اپنی ریا کاریوں کے پھول نہ کاڑھ
تو اپنے دل کو تہجد گزار پھول بنا

خیال اجتماعی بہبود کے لئے ظاہر کیا
اتفاق ضروری نہیں :)
 

عبد الرحمن

لائبریرین
چلی تھی کیا میرے ہمراہ ایک سبز پری
زمیں پہ گھاس اگی، خار خار پھول بنا

واہ بہت خوب!

آج کل ان کے پیچھے پڑگئے ہیں آپ! :p
 

محمداحمد

لائبریرین
بلال میاں مفہوم غلط نکلتا ہے شعر کا

" فقط جبیں پہ ریاکاریوں کے پھول نہ کاڑھ "
یعنی کہیں اور بھی کاڑھ ، والی بات ہے

میرا خیال ہے ایسا نہیں ہے بلکہ مطلب یہ بنتا ہے کہ صرف دکھاوے پر نہ جا بلکہ کچھ دل سے کر۔

پھر دوسرے مصرعے میں زمینِ دل کی ترغیب
زمینِ دل پہ تہجد گزار، پھول بنا

یہاں شاعر کہتا ہے کہ دل کی زمین پر اخلاص کے پھول اُگا۔ جہاں تک میں سمجھا ہوں۔

ویسے ممتاز گورمانی کہنہ مشق شاعر ہیں۔
 

محمداحمد

لائبریرین

فقط جبیں پہ ریاکاریوں کے پھول نہ کاڑھ
زمینِ دل پہ تہجد گزار، پھول بنا

واہ
کیا ہی اچھا شعر ہے
بہت عمدہ انتخاب


چلی تھی کیا میرے ہمراہ ایک سبز پری
زمیں پہ گھاس اگی، خار خار پھول بنا

واہ بہت خوب!

آج کل ان کے پیچھے پڑگئے ہیں آپ! :p


ماشااللہ ۔۔۔۔ بہت خوب۔۔۔۔ سلامت رہیں

کیا خوب انتخاب ہے
واہ واہ :)
شراکت کا شکریہ
سلامت رہیں

تمام احباب کا شکریہ کہ جنہوں نے انتخاب پسند کیا۔ :)
 
Top