طاہر القادری نے انتخابی اصلاحات کمیشن قائم کردیا

الف نظامی

لائبریرین
طاہرالقادری نے انتخابی اصلاحات کمیشن قائم کردیا، کنوردلشاد سربراہ مقرر
اسلام ا ٓباد (احمد نورانی)تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے انتخابی اصلاحات کمیشن (الیکشن ریفارمز کمیشن) تشکیل دے کر الیکشن کمیشن پاکستان کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد کواس کا چیئرمین نامزد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کمیشن آئین میں درج 90/ دن کی مدت میں اپنا کام مکمل کرسکتا ہے۔ کنور دلشاد نے کہا کہ آئین کے تحت الیکشن ملتوی ہوسکتے ہیں۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں ڈاکٹر قادری کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت مطلوبہ و درکار 80/ فیصد اصلاحات پہلے ہی تیار کرچکی ہے اور کنور دلشاد کی سربراہی میں نیا کمیشن ان کاجائزہ لے کر حتمی شکل دے گا۔ کمیشن میں ممتاز ماہر قانون وآئین شامل ہوں گے جو جاگیرداروں، وڈیروں اور مخصوص طبقہ کی گرفت و پنجہ سے نجات کے لئے تبدیلیاں پیش کریں گے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے واضح کیا کہ اصلاحات کابنیادی مقصد جمہوریت کو پٹری سے اتارنا یا انتخابات کو ملتوی کرانا نہیں بلکہ ایسی تبدیلیاں لانا ہے جن سے غریبوں و محروم عوام کو فائدہ پہنچے اور اقتدار میں مناسب حصہ دے۔
دریں اثناء کنور دلشاد نے دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ انتخابات آئین کے تحت ملتوی نہیں کئے جاسکتے۔ ملک میں مختلف مواقع پر مختلف وجوہات کی بناء پر الیکشن تاخیر کا شکار ہوتے رہے ہیں حتیٰ کہ گزشتہ عام انتخابات جو 8/ جنوری 2008ء کو ہونا تھے۔ بے نظیر کے قتل کے باعث ملتوی ہوئے، کسی ایمرجنسی یا قدرتی آفت کی صورت میں انتخابات ملتوی کئے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عوامی جذبات کا طوفان ہے جوانتخابات کا اس وقت تک التواء چاہتا ہے جب تک انتخابی نظام کی مکمل اصلاح نہ ہوجائے آئین کا آرٹیکل 254 اس التواء کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے اس کی تردید کی کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی ایماء یا مرضی پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پر یہ الزام کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے لئے، اسٹیبلشمنٹ کے مفادات کی تکمیل کے لئے کام کررہے ہیں، بالکل غلط ہے۔
 
Top