طارق شاہ
محفلین
غزلِ
شفیق خلش
اِس دِل کا خوُب رُوؤں پہ آنا نہیں گیا
یہ شوق اب بھی جی سے پُرانا نہیں گیا
میں دیکھتا ہُوں اب بھی گُلوں کو چمن میں روز
پُھولوں سے اپنے جی کو لُبھانا نہیں گیا
اب بھی طلَب ہے میری نِگاہوں کو حُسن کی
جینے کو زندگی سے بہانہ نہیں گیا
کیا کیا نہ کُچھ گزرتا گیا زندگی کے ساتھ
اِک خوابِ خُوب رُوئے زمانہ نہیں گیا
مَدّھم سی ہوتی جاتی ہے آنکھوں کی روشنی
لیکن مِرا وہ خواب سجانا نہیں گیا
گرچہ الگ ہیں رنگ خِزاں اور بہار کے !
پھر بھی تو اِن رُتوں کا ستانا نہیں گیا
اِک کیفیّت سُرور کی ہے قُربِ حُسن سے
اب تک وہ عاشقی کا زمانہ نہیں گیا
کم وَلوَلے ہوں کیسے، کہ ہر دم ابھی اُسے
پیشِ نظر خیال میں پانا نہیں گیا
جو نقش دِل پہ تھے، وہ تو سارے اُتر گئے
نظروں سے اُس کا دِل میں سمانا نہیں گیا
یادوں سے مَحو ہوگئے ماضی کے سب خیال
اِک عکس اُس حَسِیں کا سُہانا نہیں گیا
چُھوٹے ہیں زندگی کے سبھی کام، پر خلش !
کُوچے میں اُس کے اب بھی وہ جانا نہیں گیا
شفیق خلش