اب ہم مزے کرتے ہیں۔
چونکہ ہماری کورٹ شپ کی داستان لوگوں کو دلچسپ معلوم ہوئی لٰہذا ہم نے بھی اس کو بہت اختصار کے ساتھ ہدیہ ناظرین کیا ہے۔
تیسرا باب
غلط فہمی
ہم بیوی سے صبح یہ کہکر چلے گئے تھے کہ نو دس بجےتک واپس آجائیں گے۔ مگر مچھلی کا شکار بھی کیا لغو چیز ہے۔ بجائے نو بجے کے گرمیوں کی چلچلاتی دھوپ میں بارہ بجے کے بعد گھر پہنچے شکار میں بھی ہمیں وہی کامیابی ہوئی جو عموماً مچھلی کے شکاریوں کا حصہ ہے۔ پریشان بھی ہوئے اور کچھ نہ ملا۔ بھوکے پیاسے جلتے بھنتے گھر پہنچے۔ نہا دھو کر کمرہ پر جو پہنچے تو ملازمہ نے کہا بیگم صاحبہ آپ کا انتظار کرتے کرتے ابھی سوئی ہیں۔ ہم فوراً دوسرے کمرے میں
گئے اور کھانا کھایا۔ ہاتھ دھو کر سگریٹ سلگایا اور سیدھے کمرے میں جا پہنچے۔ ہمیں ایسا معلوم ہوا کہ ہم جنت میں آگئے ہیں تین طرف خس کی ٹٹیاں لگی ہوئی تھیں۔ اور بجلی کا پنکھا زوروں میں چل رہا تھا۔ ہماری شریر بیوی سورہی تھی۔ ہم نے غور سے اس کے معصوم چہرہ کو دیکھا۔ کچھ سوچے۔ سامنے دوات رکھی تھی۔ کچھ اور خیال آیا۔ چناچہ قلم کو الٹی طرف سے ڈبو کر چہرہ رعب دار بنادیا اور اس کےبعد ہم بھی اپنے پلنک پر پڑ کر سورہے۔ تھکے ہارے تو تھے ہی۔ ایسے سوئے کہ تن بدن کا ہوش