شجر کاری پر نظر : 2008

الف نظامی

لائبریرین
2008


15 February 2008
بہار شجر کاری مہم کا آغاز ہوگیا ،صدر مشرف نے پودا لگا کر افتتاح کیا ،
ملک بھر میں 86.5ملین پودے لگائے جائیں گے ، وزیر ماحولیات سید واجد حسین بخاری:
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری۔2008ء) صدر پرویز مشرف جمعة المبارک کو بہار شجر کاری مہم 2008ء کا افتتاح کیا اس مہم کے دور ان ملک بھر میں 86.5ملین پودے لگائے جائیں گے وفاقی وزیر ماحولیات سید واجد حسین بخاری نے افتتاحی تقریب کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بہار شجر کاری مہم کے دور ان پنجا ب میں 22ملین سندھ میں بارہ ملین ،سرحد میں 27ملین ،بلوچستان میں 1.5ملین آزاد جموں و کشمیر میں سولہ ملین شمالی علاقہ جات میں چار ملین اور دیگر محکمہ جات کی جانب سے
چار ملین پودے لگائے جائیں گے اس حوالے سے اپنے پیغام میں صدر پرویز مشرف نے کہاکہ درخت ہمارے ماحولیات نظام کا لازمی جزو ہیں جنگلات آبی ذخیروں اور نظام آب پاشی کو باقاعدہ بنانے کے ساتھ ساتھ ہماری زرعی معیشت کی بنیاد ہیں درخت قدرتی طورپر ہوا کو صاف رکھنے ،پہاڑی سلسلوں کے تحفظ اور زمین کی زر خیزی برقرار رکھنے کا ذریعہ ہیں ہماری دیہی آبادی توانائی کے لئے درختوں پر انحصار کرتی ہے پیداواری شعبے میں جنگلات کے نمایاں حصے کے باوجود شرح نمو اور قومی معیشت میں ان کی اہمیت کا صحیح ادراک نہیں کیا گیا صدر پرویز مشرف نے کہاکہ میڈیم ٹرم ڈویلپمنٹ فرم ورک (2005-10)اور ملینیئم ڈویلپمنٹ اہداف کے تحت 2015ء تک جنگلات کے موجودہ شرح کو 5.01فیصد سے چھ فیصد تک بڑھانے کے لئے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں اس کے علاوہ ای سی ای این سی نے چاروں صوبوں ،بشمول آزاد جموں و کشمیر شمالی علاقہ جات میں جنگلات کے بڑے منصوبے شرو ع کر نے کے لئے بارہ ارب روپے کی منظوری دی ہے انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ شعبوں کے تعاون سے ان منصوبوں پر عمل در آمد یقینی بنائیں صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان متعدد بین الاقوامی اور علاقائی فورمز کا رکن ہونے کی حیثیت سے عالمی برادری کی معاونت سے جنگلات کی ترقی کیلئے فعال کر ار ادا کرتا رہے گا انہوں نے کہاکہ
وفاقی حکومت صوبوں میں جنگلات کے فروغ کے منصوبوں پر عمل در آمد یقینی بنانے کے لئے انہیں ٹیکنالوجی ،تربیت اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی انہوں نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی بنجرز اراضی کو درختوں سے سرسبز بنانے میں بھرپور حصہ ڈالیں ۔


16 February , 2008
موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران دو کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور: پنجاب کے نگران وزیر اعلی جسٹس (ر) اعجاز نثار نے کہا ہے کہ صوبے میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران دو کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے تا کہ ماحولیاتی آلودگی سے پاک سرسبز اور خوبصورت پنجاب کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں ۔ انہو ںنے کہا کہ شجر کاری کے فروغ کے لئے پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ اور براہ راست عوامی شرکت کے تصور کو عملی شکل دی جا رہی ہے ۔وہ ہفتہ کو 7 کلب روڈ کے لان میں اشوک کا پورا لگانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر جنگلات سعد احسن الدین، صوبائی وزیر آبپاشی سینیٹر دلاور عباس، صوبائی وزیر صحت ہمایوں اسلم، صوبائی وزیر زراعت خورشید زمان قریشی، صوبائی وزیر انسانی حقوق مقبول الہی ملک اور چیف سیکرٹری پنجاب سلمان صدیق کے علاوہ دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلی پنجاب اعجاز نثار نے کہا کہ حکومت صوبے میں جنگلات کی ترقی کے لئے وضع کئے گئے ماسٹر پلان پر عمل کر رہی ہے جو زرعی معیشت اور لکڑی سے متعلقہ صنعتوں کی مضبوطی کا باعث بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے اور کسانوں کے معاشی حالات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے دوران نئے پودے لگانا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور پرورش پر خصوصی توجہ دینا زیادہ اہم ہے ۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ جدید ذرائع ابلاغ کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو شجر کاری مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ترغیب دیں اور اس کے ماحولیاتی اور معاشی فوائد کے بارے میں شعور اجاگر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام سرکاری دفاتر اور سرکاری اراضی پر شجر کاری کے لئے خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے سربراہ شجرکاری کے عمل میں ذاتی دلچسپی لیں۔صوبائی وزیر جنگلات سعد احسن الدین نے اس موقع پر بتایا کہ رواں شجر کاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات کی زمینوں پر 8.15 ملین، دوسرے محکمہ جات 2.15 ملین، افواج پاکستان کے زیر انتظام رقبہ جات پر 3.40 اور 8.30 ملین پودے پرائیویٹ زمینوں پر لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات نے صوبے بھر میں عوام کو پودے مہیا کرنے کے لئے 500 سیل پوائنٹ قائم کئے ہیں۔


23 February 2008
چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا

راولپنڈی ۔ 23 فروری (اے پی پی) جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل طارق مجید نے ہفتہ کو یہاں جائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز چکلالہ میں اروکیریا کا پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ جنرل طارق مجید نے دیگر شرکاءکے ہمراہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا مانگی۔ تینوں مسلح افواج کے کئی اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ مسلح افواج ملک کو سرسبز بنانے کیلئے ہر سال شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیتی ہے۔

04 March 2008
ژوب : ضلع بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز

ژوب: ژوب سمیت ضلع بھر میں موسم بہار کے لیے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ضلع ناظم ژوب مولوی حبیب الرحمن نے اپنے قریبی پارک میں درخت لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر شجرکاری کے فوائد بیان کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ درخت ماحول پر اچھے اثرات مرتب کرنے کے ساتھ ہمارے لیے صدقہ جاریہ بھی ہیں اور اگر ہمارے معاشرے کا ہر فرد اپنے گھر میں ایک ایک درخت بھی لگاے تو ہر علاقے میں درختوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔ اس موقع پر متعدد افراد میں درخت تقسیم کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل بھی کی۔

16 July 2008
صدر مشرف نے پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا
اسلام آباد...صدر پرویز مشرف نے ایوان صدر میں پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا ۔رواں سال ملک بھر میں 4 کروڑ 72 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔صدر نے ا س موقع پر کہا کہ درخت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے بہت ضروری ہیں ۔ عوام شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ جنگلات کی موجودہ شرح کو ایک فیصد تک بڑھایا جا سکے ۔ ایوان صدر میں پودا لگانے کی تقریب میں وفاقی وزیر ماحولیات حمید اللہ جان آفریدی بھی موجود تھے۔
میڈیا کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر ماحولیات حمید اللہ جان آفریدی نے کہا کہ جنگلات کے فروغ کے لیے ملک بھر میں 12 ارب روپے کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شجر کاری مہم کے دوران پنجاب میں 1 کروڑ 30 لاکھ، سندھ میں 1 کروڑ، سرحد میں 95 لاکھ، فاٹامیں 70 لاکھ، آزاد کشمیر میں 60 لاکھ اور بلوچستان میں 5 لاکھ اور سی ڈی اے سمیت دیگر محکموں کے تحت 12 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2010 تک سیٹلائیٹ مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا جس کے ذریعے میگا فارسٹری
پراجیکٹس کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

17 Jun 2008
جنگلات:وزیر خزانہ نے کہا کہ جنگلات آزادکشمیر کی معشیت میں ایک اہم کردار اداءکرتے ہیں۔حکومت جنگلات کے فروغ اور ان کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اگلے مالی سال کے دوران 30کروڑ روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔مختلف نرسریوں میں 2کروڑ25لاکھ پودے تیار کیے جائیں گے اور 27000ایکڑ رقبہ پر شجر کاری کی جائے گی۔

21 July 2008
وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے 2009 ءکو ماحولیات کا سال قرار دیدیا ، حکومت ملک کو سرسبزوشاداب بنانے کےلئے پرعزم ہے ،
2015 ءتک ملک میں جنگلات کے رقبے میں ایک فیصد تک اضافہ کیا جائے گا، عوام شجرکاری مہم میں بھر پور طریقہ سے اپنا کردارادا کریں

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی مون سون 2008ء شجرکاری مہم کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 21 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے 2009 ءکو ماحولیات کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2015 ءتک ملک میں جنگلات کے رقبے میں ایک فیصد تک اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو یہاں وزیراعظم ہاوس کے سبزہ زار میں ایروکیریا کا پودا لگا کر مون سون 2008ءشجرکاری مہم کا افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزارت ماحولیات شجر کاری مہم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت ملک کو سرسبزوشاداب بنانے کےلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لئے سال2009ءکو ماحولیات کے سال کے طور پر منایا جائے گا

20 July 2008
ملک میں شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز ، پانچ کروڑ پودے لگانے کا اعلان:
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جولائی۔2008ء)وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ماحولیات کی بہتری کے لئے سرگرم عمل ہے اسی لیے دو ہزار نو کو ماحولیات کا سال قرار دیا گیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں مون سون کی شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر کہی ۔ یوسف رضا گیلانی نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دوہزار پندرہ تک ملک کے دس لاکھ ہیکٹر رقبے پر باغات لگائے جائیں گے جبکہ مون سون کے دوران ملک بھر میں پانچ کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔ اس موقع پر وزیر ماحولیات حمید اللہ جان آفریدی کا کہنا تھا کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی روکنے کے لئے جامع حکمت عملی بنائی جارہی ہے جسے منظوری کے لئے جلد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔

30 Jul 2008
مسلم لیگ قاف کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پارلیمنٹ کو فیصلوں کا محور بنانے کی بجائے پارلیمنٹ سے خوفزدہ ہے۔
اسلام اباد میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی اپروچ لوٹ مار اور بھاگنے کی ہے ملکی مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں ہے۔


31 Jul 2008
پنجاب :شجر کاری مہم کاآغاز

لاہور: درخت فضا کو صحت مند بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، ایک درخت چھتیس ننھے بچوں کو آکیسجن مہیا کرتا ہے، درخت انسانی زندگی کا اہم حصہ ہیں لیکن لوگوں کی اکثریت اس کے فوائد اور اہمیت سے ناواقف ہے۔ ایک درخت سالانہ چار اعشاریہ چھ ٹن آکسیجن پیدا اور چھ اعشاریہ تین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتا ہے۔
درختوں کے پچپن کلوگرام پتے زمین میں کھاد کا کام دیتے اور ایک درخت تیس ہزار لیٹر پانی جذب کرتا ہے۔پنجاب میں ہر سال مون سون کے موسم میں شجر کاری مہم کاآغاز ہوتا ہے جس کے تحت ایک بڑی تعداد میں پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا جاتا ہے۔ رواں سال اس مہم کے دوران محکمہ جنگلات نے ایک کروڑ تیس لاکھ پودے لگانے کا اعلان کیا ہے۔
کسی بھی ملک کے مجموعی رقبے کے پچیس فیصد حصے پر جنگلات ہونا ضروری ہیں۔ پاکستان میں یہ تناسب پانچ فیصد بنتا ہے جو ماحولیاتی ضرورت سے کہیں کم ہے۔ درخت آکسیجن کی فراہمی کے ساتھ آلودگی کم کرتے اورماحول کو خوبصورت بناتے ہیں جبکہ لکڑی دیدہ زیب فرنیچر بنانے کے کام آتی ہے۔
شجر کاری مہم میں حصہ لے کر ہر شہری خوبصورت ماحول اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔ درخت ہمیں آ کسیجن اور صاف ماحول مہیا کرتے ہیں ان کی حفاظت اور نشونما کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔


15 Aug 2008
شجر کاری مہم کے دوران زیادہ پودے لگائے جائیں،قائم علی شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ مون سون کی شجرکاری مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگا کر ملک کو سرسبز بنایا جائے کیونکہ اس سے جہاں ماحولیات میں بہتری آئیگی تو دوسری جانب ملک میں آسودگی اور خوشحالی ہوگی یہ بات انہوں نے جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں مون سون کی شجر کاری مہم کے تحت پودا
لگا کر مہم کاآغاز کیا انہوں نے کہاکہ صوبے میں نہ صرف درخت لگانے میں اضافہ کیا جائے بلکہ لگائے گئے درختوں کی حفاظت بھی کی جائے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں مختلف جنگلات، دریا، نہروں اور شاخوں کے کناروں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کو فروغ دیا جائے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ درخت لگانے سے سر سبز ماحول سے خوشحالی آئیگی اور بارشوں میں اضافہ ہوگا اس موقع پر صوبائی وزیر برائے جنگلات ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے بھی پودہ لگاکر مہم میں حصہ لیاوزیر اعلیٰ سندھ نے باٹل پام کا پودہ لگا کر سندھ میں مہم کا آغاز کیاوزیر اعلیٰ سندھ کوسیکرٹری جنگلات مشتاق علی میمن نے بتایا کہ اس سال صوبہ میں10ملین پودے لگائے جائیں گے جن میں سے5ملین پودے دریاء کے کناروں پر واقعے جنگلات میں5ملین پودے آبپاشی کے تحت لگائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ عوام پورے صوبے میں قائم نرسریوں سے50پیسہ فی پودے کے حساب حاصل کیے جاسکتے ہیں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ فاریسٹ اور ہر ڈویژنل آفس میں ڈویژنل فاریسٹ افسران سے رابطہ کرکے پودے حاصل کیے جا سکتے ہیں صوبائی سیکرٹری جنگلات نے مزید بتایا کہ پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ہدایات کے تحت صوبے میں نیم کے درخت کے زیادہ پودے فراہم کیے جارہے ہیں جبکہ اس علاوہ بیول،کنڈی اور دیگر درخت کے بھی پودے فراہم کیے جارہے ہیں اس موقع پرسیئنر وزیرتعلیم پیر مظہرالحق صوبائی وزراء انجنئیر محمد رفیق ایڈووکیٹ، زاہد بھرگڑی، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر راشد ربانی،وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوصی وقار مہدی، سردار اسماعیل ڈاہری اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری سہیل اکبر شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

6 Oct 2008
شہری حکومت کورنگی صنعتی علاقے میں دو لاکھ درخت لگائے گی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کورنگی کے صنعتی علاقے میں 12/کلومیٹر طویل 8/ہزار روڈ پر دو لاکھ درخت لگائے گی گرین کراچی مہم کے تحت شہر کی مختلف شاہراہوں پر اب تک ڈھائی لاکھ درخت لگائے جاچکے ہیں۔ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ذرائع کے مطابق درخت اور پودے پر پروجیکٹ کا لازمی حصہ قرار دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے محکمہ باغات اور پارکس نے تین ماہ قبل شروع کی جانے والی مہم میں اب تک ڈھائی لاکھ درخت لگائے ہیں جن سڑکوں پر اب تک یہ درخت لگائے گئے ہیں ان میں ایف ٹی سی سے لے کر کار ساز تک شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ، اسٹیڈیم روڈ، کارساز روڈ، کوریڈور Iاور II، راشد منہاس روڈ، 5ہزار روڈ نیو کراچی، ایم اے جناح روڈ اور مختلف گرین بیلٹ شامل ہیں دسمبر تک یہ پودے اور درخت 3 لاکھ سے تجاوز کر جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان بننے کے بعد سے اب تک شہر میں اتنی شجر کاری نہیں ہوئی۔ سٹی ناظم کراچی سید مصطفی کمال نے محکمہ پارکس وباغات کو کورنگی 8ہزار روڈ پر بھی فوری 2/لاکھ پودے لگانے کی ہدایت کی ہے۔ سٹی گورنمنٹ کی مہم کا بنیادی مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنا ہے۔ محکمہ باغات و پارکس کا کہنا ہے کہ ایک درخت ڈیڑھ ٹن کے ایئرکنڈیشنر کے برابر ٹھنڈک مہیا کرتا ہے۔ درخت دیگر فائدوں کے ساتھ بارشوں کا سبب بنتے ہیں اور ٹمپریچر میں 10ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی آتی ہے۔

1 Nov 2008
ناقص پبلک ٹرانسپورٹ سے ماحولیاتی آلودگی بڑھ گئی، نسرین جلیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب سٹی ناظم نسرین جلیل نے کہا ہے کہ شورکی آلودگی اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ آج اہم مسائل ہیں جن کے حل کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ عوام کو بھی اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ناقص پبلک ٹرانسپورٹ سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سٹی گورنمنٹ شجر کاری مہم جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ آلودگی میں کمی آسکے۔ سٹی گورنمنٹ ہر ٹاؤن کو سال میں ایک بار دس ہزار پودے بھی شجر کاری کے لیے فراہم کرتی ہے درختوں کی حفاظت اور نشوونما کے لیے ضروری ہے کہ شہریوں میں شعور و آگہی پیدا کی جائے۔ ہر شہری کم از کم ایک درخت لگائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل میڈیکل اینڈ ہیلتھ کمیٹی کے تحت شور کی آلودگی پر منعقدہ سیمینار سے صدارتی خطاب میں کیا

21 Nov 2008
http://www.jasarat.com/unicode/detail.php?category=11&newsid=3788
اسکولوں میں بھی شجر کاری کی جائے گی سٹی نائب ناظم نسرین جلیل کراچی

30 Nov 2008
قاسم آباد میں شجر کاری مہم تیز کی جائے، ضلع ناظم کی ہدایت
حیدرآباد (بیورو رپورٹ) ضلع ناظم کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے تعلقہ سٹی ، لطیف آباد اور قاسم آباد میں بیوٹی فکیشن‘ سرسبز شاداب حیدرآباد کے تحت شجرکاری مہم جاری ہے اور اہم چوراہوں پرمونومنٹ جس میں حیدرآباد شہر کا کلچر نمایاں ہو نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جاسکے ‘ وہ پیر کو ضلع ناظم سیکریٹریٹ میں تعلقہ قاسم آباد میں شجرکاری اور مونومنٹ نصب کرنے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تعلقہ ناظم قاسم آباد نور محمد شورو،ممبران بیوٹی فیکیشن رؤف جعفری، کیو محمد حاکم، اسرار شیخ، بابو الیاس قاضی ، مسعود جمانی ، ٹی ایم او قاسم آباد ارشاد علی شاہ بھی موجو دتھے۔ ضلع ناظم نے بیوٹی فیکیشن ممبران کو ہدایت کی کہ قاسم آباد میں شجرکاری مہم تیز کی جائے اور قاسم آباد میں اہم چوراہوں پر مونومنٹ نصب کیے جائیں۔
 

الف نظامی

لائبریرین
شجر کاری سے متعلقہ خبریں مندرجہ ذیل مہینوں میں رپورٹ ہوئیں:
فروری-- مارچ
جون ، جولائی ، اگست
اکتوبر ، نومبر

متعلقہ اخبارات :
www.urdupoint.com
2 خبریں
www.app.com.pk
2 خبریں
www.aajtv.com
2 خبریں
www.jang.net/urdu
2 خبریں
www.search.jang.com.pk
2 خبریں
www.urduwaqt.com
1 خبر
www.millat.com
1 خبر
www.thearynews.com/urdusite
1 خبر
http://urdunews.net/
1 خبر
http://www.jasarat.com/unicode/
1 خبر

2008 میں انٹرنیٹ پر اردو میڈیا میں کل 15 خبریں شجر کاری پر رپورٹ کی گئیں۔
 
Top