سیّد فخرالدّین بلے ::::: ہے آب آب موج بِپھرنے کے باوجُود ::::: Syed Fakhruddin Balley

طارق شاہ

محفلین
غزلِ

سیّد فخرالدّین بلے
ہے آب آب موج بِپھرنے کے باوجُود
دُنیا سِمٹ رہی ہے بِکھیرنے کے باوجُود

راہِ فنا پہ لوگ سدا گامزن رہے
ہر ہر نفَس پہ موت سے ڈرنے کے باوجُود

اِس بحرِ کائِنات میں ہر کشتیِ انا
غرقاب ہوگئی ہے اُبھرنے کے باوجُود

شاید پڑی ہے رات بھی سارے چمن پہ اوس
بھیگے ہُوئے ہیں پُھول نِکھرنے کے باوجُود

زیرِ قدم ہے چاند، سِتارے ہیں گردِ راہ
دھرتی پہ آسماں سے اُترنے کے باوجُود

طوُفان میں ڈُوب کر یہ ہُوا مجھ پہ مُنکشف
پانی تھی صِرف، موج بِپھرنے کے باوجُود

میں اُس مقام پر تو نہیں آگیا کہِیں
ہوگی نہ صُبح رات گُزرنے کے باوجُود

الفاظ و صوت و رنج و تصوّر کے رُوپ میں
زِندہ ہیں لوگ آج بھی، مرنے کے باوجُود

اِبہامِ آگہی سے میں اپنے وجُود کا
اِقرار کر رہا ہُوں مُکرنے کے باوجُود

سیّد فخرالدّین بلے
 

تلمیذ

لائبریرین
اِس بحرِ کائِنات میں ہر کشتیِ انا
غرقاب ہوگئی ہے اُبھرنے کے باوجُود

بہت اعلی غزل ہے۔ٰ
 
Top