سلطان کربلا کو ہمارا سلام ہو

الف نظامی

لائبریرین
سلطان کربلا کو ہمارا سلام ہو
مہمان کربلا کو ہمارا سلام ہو​
عباسِ نامدار ہیں زخموں سے چور چور
اس پیکر رضا کو ہمارا سلام ہو​
اکبر سے نوجوان بھی رن میں ہوئے شہید
ہم شکلِ مصطفی کو ہمارا سلام ہو​
اصغر کی ننھی جان پہ لاکھوں درود ہوں
مظلوم و بے خطا کو ہمارا سلام ہو​
بھائی بھتیجے بھانجے سب ہوگئے نثار
ہر لعل بے بہا کو ہمارا سلام ہو​
ہو کر شہید قوم کی کشتی ترا گئے
امت کے ناخدا کو ہمارا سلام ہو​
ناصر ولائے شاہ میں کہتے ہیں بار بار
سلطان کربلا کو ہمارا سلام ہو​
 
Top