سادہ و زود ہضم غذا کھائیں اور عمر بڑھائیں

ہرانسان میں ہمیشہ تندرست ،توانا،صحت مند اور چاق و چوبند رہنے کی خواہش موجود ہوتی ہے۔وہ نہیں چاہتا کہ زندگی کے کسی بھی حصے میں اسے بیماریوں کاسامنا کرنا پڑے تاہم اس کیساتھ ساتھ اس میں کچھ کمزوریاں بھی پائی جاتی ہیں اور یہی کمزوریاں اسے مختلف بیماریوں میں مبتلا کرنے کا باعث بنتی ہیں،تمام لوگ اس بات کا صحیح شعورو ادراک نہیں رکھتے کہ کون سی چیز یا شے ان کیلئے فائدہ مند ہے اور کون سی غذائیں انہیں نقصان پہنچاسکتی ہیں۔ لہٰذا وہ ایسی اشیاء کااس وقت تک بے دریغ استعمال کرتے رہتے ہیں جب تک کہ اس کے مضراثرات ان کی صحت پر اثر انداز نہیں ہو جاتے۔ حکیم بقراط کا قول ہے کہ ’’بیماری کوئی بجلی نہیں جو کسی پرآسمان سے اچانک ٹوٹ پڑتی ہو بلکہ یہ آپ کی ان چھوٹی چھوٹی زیادتیوں اور بے اعتدالیوں کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہے جو آپ روزمرہ کی زندگی میں کرتے رہتے ہیں‘‘ کیا یہ اچھی بات نہیں کہ بیماری کی نوبت ہی نہ آئے اس کیلئے آپ کو اپنی ان عادات پر قابو پانا ہوگا،جن کے باعث آپ کو مختلف تکالیف اور امراض کا سامنا کرناپڑتا ہے لہٰذا اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ایسی خوراک سے حتی الامکان گریز کیا جائے جو آپ کے جسم کو راس نہیں آتی یا جنہیں کھانے کے بعد آپ کا معدہ مشکل کاشکار ہو جاتا ہے۔ خوراک کے ماہرین نے اس ضمن میں تحقیق کرنے کے بعد چند ایسے اصول متعارف کرائے ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر آپ تاحیات صحت مند رہ سکتے ہیں بلکہ اس سے طبی عمر میں بھی اضافہ ہوگا۔آپ کی کوشش ہونی چاہئے کہ کھانا سادہ اور زود ہضم ہو۔بہت زیادہ مرغن غذا نہ صرف جسم میں فاضل چربی پیدا کرنے کا سبب بنتی ہیں بلکہ اس سے دیگر امراض بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔ چونکہ یہ مصالحوں سے بھری ہوتی ہیں اس لئے نظام انہضام کو متاثر کرتی ہیں اور طبیعت پر بوجھ محسوس ہوتا ہے، بھوک خواہ کتنی ہی تیز اور شدید کیوں نہ ہو، کھانا ہمیشہ چبا چبا کر کھاناچاہئے تاکہ ہر لقمے میں لعاب دہن بقدر ضرورت شامل ہو سکے، آہستہ کھانے سے کھانانہ صرف طبیعت اور جسم کو فرحت بخشتا ہے بلکہ آسانی کیساتھ جزوبدن بھی بن جاتا ہے، آپ اگر سب لوگوں کے بعد دسترخوان سے اٹھتے ہیں تو یہ آپ کیلئے نہایت ہی اچھا ہے۔

http://www.fikrokhabar.com/index.ph...ass-vazan-kam-karne-me-muaavin-tibbi-mahireen
 
Top