واصف روشنی، کائنات کی خُوشبو --- واصف علی واصف

الف نظامی

لائبریرین
روشنی، کائنات کی خُوشبو​
چار سُو حُسنِ ذات کی خُوشبو​
فاصلے وقت کے سمٹتے ہیں​
جب مہکتی ہے رات کی خُوشبو​
دل کی گہرائیوں سے جب نکلے​
پھیلتی جائے بات کی خُوشبو​
آدمی کو عدم سے لاتی ہے​
عالمِ شش جہات کی خُوشبو​
تا قیامت رہے گی شرمندہ​
کربلا میں فرات کی خُوشبو​
اِک تعفّن، غرور کی دُنیا​
عاجزی میں نجات کی خُوشبو​
اپنے اپنے مزار میں واصف
اپنی اپنی صفات کی خُوشبو​
واصف علی واصف
 
Top