روزہ اور اس کی اہمیت

روزے کا تعارف: روزہ اسلام کا چوتھا رکن ہے۔ قرآن پاک میں روزے کےلیے ِ "صوم" کا لفظ استعمال ہوا ہے۔ اس کے لفظی معنیٰ " کسی چیز سے رک جانے اور باز رہنے"کے ہیں۔ روزے کے دوران میں، روزے دار صبح صادق سے لے کر غروب آفتاب تک ، کھانے پینے اور دیگر بہت سے جائز کاموں سے رُک جاتا ہے،اس لیے اس کا نام صوم رکھا گیا ہے۔ روزہ ہر عاقل و بالغ مسلمان مردو عورت پر فرض ہے۔
روزے کی اہمیت، تربیت کا بھترین ذریعہ:اسلام نے انسان کی اخلاقی اور روحانی تربیت کے کے لیے جو نظام قائم کیا ہے، اُس میں روزے کو بہت اہمیت حاصل ہے، کیونکہ روزے کے ذریعے انسان اپنے آپ پر قابو پانا سیکھتا ہے۔ اس کے اندر صبر،ضبطِ نفس اور ارادے کی پختگی پیدا ہوتی ہے۔​
تمام انبیاء کی سنت: روزہ اس قدر اہم عبادت ہے کہ یہ سابقہ اُمتوں پر بھی فرض تھا۔جیسا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے۔ یٰا آیھا الذین اٰمٓنوا کُتِبَ علیکم الصیام کما کتب علی الذین من قبلکم لعلکم تتقون۔​
" اے ایمان والو! تم پر روزے فرض کیے گئے، جیسا کہ تم سے پہلے لوگوں پر بھی فرض کیے گئے تھے تاکہ تم تقویٰ اختیار کرو"​
نزولِ قرآن کا مہینہ : مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک کی ایک خاص اہمیت یہ ہے کہ اس میں قرآن نازل ہوا۔​
ہزار مہینوں سے بہتر رات:اس مہینے میں ایک ایسی رات ہے، جس میں ایک رات کی عبادت ہزار مہینوں سے زیادہ بہتر ہے۔ اسے شبِ قدر یا لیلۃ القدر کہتے ہیں۔​
جسمانی صحت کی حفاظت : روزے کی وجہ سے بہت سی بیماریوں سے نجات ملتی ہے اور آدمی صحتمند رہتا ہے۔​
روزے کی حفاظت : روزے دار کے لیے ضروری ہے کہ وہ کھانے پینے کے ساتھ جھوٹ،چغلی اور لڑائی جھگڑے سے بھی پرہیز کرے، ورنہ اُس کے بھوکے اور پیاسے رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔​
اللہ تبارک وتعالیٰ سے التجا ہے کہ اپنے پیارے محبوب ﷺ کے صدقے تمام مسلمانوں کو اس بابرکت ماہِ مبارک کا ادب و احترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین
 
Top