خالد احمد رنگ کہتے ہیں کہانی میری ۔۔۔ خالد احمد

نوید صادق

محفلین
غزل

رنگ کہتے ہیں کہانی میری
کس کی خوشبو تھی جوانی میری

کوئی پائے تو مجھے کیا پائے
کھوئے رہنا ہے نشانی میری

کوہ سے دشت میں لے آئی ہے
دشمنِ جاں ہے روانی میری

کِھل رہی ہے پسِ دیوارِ زماں
خواہشِ نقل مکانی میری

سرِ مرقد ہیں سبھی سایہ کشا
کوئی حسرت نہیں فانی میری

تپشِ رنگ جھلس ڈالے گی
کیا کرے سوختہ جانی میری

نقش تھا میں بھی گِلی تختی کا
اُڑ گئی خاکِ معانی میری

کیا سخن فہم نظر تھی جس نے
بات کوئی بھی نہ مانی میری

ناقدوں نے مجھے پرکھا خالد
خاک صحراؤں نے چھانی میری


شاعر: خالد احمد
 

آصف شفیع

محفلین
بہت شکریہ غزل پوسٹ کرنے کا۔ خالد احمد کی معروف غزل ہے۔ یہ شعر بہت ہی خوب ہے۔

ناقدوں نے مجھے پرکھا خالد
خاک صحراؤں نے چھانی میری
 

محمداحمد

لائبریرین
کوئی پائے تو مجھے کیا پائے
کھوئے رہنا ہے نشانی میری

سرِ مرقد ہیں سبھی سایہ کشا
کوئی حسرت نہیں فانی میری

کیا سخن فہم نظر تھی جس نے
بات کوئی بھی نہ مانی میری

عمدہ اشعار!
 
Top