میر دیکھ تو دل کہ جاں سے اُٹھتا ہے - میر تقی میر

فرخ منظور

لائبریرین
دیکھ تو دل کہ جاں سے اُٹھتا ہے
یہ دھواں سا کہاں سے اٹھتا ہے

گور کس دل جلے کی ہے یہ فلک
شعلہ اک صبح یاں سے اٹھتا ہے

خانۂ دل سے زینہار نہ جا
کوئی ایسے مکاں سے اٹھتا ہے!

نالہ سر کھینچتا ہے جب میرا
شور اک آسماں سے اُٹھتا ہے

لڑتی ہے اُس کی چشمِ شوخ جہاں
ایک آشوب واں سے اٹھتا ہے

سدھ لے گھر کی بھی شعلۂ آواز
دُود کچھ آشیاں سے اُٹھتا ہے

بیٹھنے کون دے ہے پھر اُس کو
جو ترے آستاں سے اُٹھتا ہے

یوں اُٹھے آہ اُس گلی سے ہم
جیسے کوئی جہاں سے اٹھتا ہے

عشق اک میر بھاری پتھر ہے
کب یہ تجھ ناتواں سے اٹھتا ہے
 

فرحت کیانی

لائبریرین
عشق اک میر بھاری پتھر ہے
کب یہ تجھ ناتواں سے اٹھتا ہے


بہت خوب :) ہمیشہ کی طرح عمدہ انتخاب ۔۔ بہت شکریہ سخنور :)
 

فاتح

لائبریرین
واہ! میر کی خوبصورت غزل شیئر کرنے کا بہت شکریہ فرخ صاحب!
مہدی حسن نے انتہائی خوبصورت انداز میں اسے گایا بھی ہے۔ کچھ عرصہ قبل میں نے محفل پر روابط بھی دیے تھے مہدی حسن کی غزلیات کے۔ وہاں سے ڈاؤن لوڈ کر کے سن سکتے ہیں:
http://www.urduweb.org/mehfil/showthread.php?t=8673
اس صفحہ پر 24 نمبر پر یہ غزل موجود ہے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
لا جواب غزل ہے واہ واہ واہ واہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسکا مطلع، اب کیا کہوں، کوئی عرصہ بیس سال سے پسند ہے کہ اتنا ہی عرصہ ہو گیا سگریٹ پیتے ہوئے، اور مقطع شاید اسے بھی پہلے سے پسند ہے۔ ;)
 

فرخ منظور

لائبریرین
لا جواب غزل ہے واہ واہ واہ واہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسکا مطلع، اب کیا کہوں، کوئی عرصہ بیس سال سے پسند ہے کہ اتنا ہی عرصہ ہو گیا سگریٹ پیتے ہوئے، اور مقطع شاید اسے بھی پہلے سے پسند ہے۔ ;)

قبلہ آپ کی توانائی کا اندازہ مجھے ہے آپ تو پتھر اٹھا چکے لیکن اگر یہ میر کی بجائے غالب والا پتھر ہوتا تو زیادہ اچھا ہوتا - ;)

میں نے مجنوں پہ لڑکپن میں اسد
سنگ اٹھایا تھا کہ سر یاد آیا
 

محمد وارث

لائبریرین
قبلہ آپ کی توانائی کا اندازہ مجھے ہے آپ تو پتھر اٹھا چکے لیکن اگر یہ میر کی بجائے غالب والا پتھر ہوتا تو زیادہ اچھا ہوتا - ;)

میں نے مجنوں پہ لڑکپن میں اسد
سنگ اٹھایا تھا کہ سر یاد آیا


جی درست فرمایا قبلہ، ذہنی توانائی کا یہ عالم کہ "ہم ہیں تو ابھی راہ میں ہے سنگِ گراں اور" کے مصداق مزید "بھاری پتھر" اٹھانے کو ہمہ وقت تیار رہتا ہوں۔

اور ناتوانی کا یہ وبال کہ صنم کدے کا جو پتھر سینے سے لگا رکھا ہے اس نے حرم کے پتھر کا بھی بوسہ لینے سے محروم کر دیا ہے ;)
 
Top