دھاگوں کے لاحقے یعنی تھریڈ پریفکس کا نظام

اردو محفل بلا شبہہ ایک تحقیقی و تعمیری مرکز ہے۔ اور اس میں موجود معلومات کا ذخیرہ کھنگالا جائے تو ویب پر اردو کے ارتقا کی داستان پوری وضاحت کے ساتھ سامنے آتی ہے۔ لیکن جب معلومات کا ذخیرہ بڑھ جاتا ہے تو کام کی چیز تلاش پانا ایک مسئلہ ہو جاتا ہے۔ گو کہ اس کے لئے بہتر تلاش کے ساتھ ساتھ ٹیگ کا نظام بھی موجود ہے۔ لیکن پایا گیا ہے کہ احباب عموماً ٹیگ لگانے میں کسلمندی کرتے ہیں۔ حالانکہ جس طرح پیغامات پر ہر کوئی شکریہ ادا کرتا نظر آتا ہے یوں ہی اگر ایک جوڑا ٹیگ بھی لگاتے جائیں تو شاید مستقبل میں کسی کو اس معلومات سے فائدہ اٹھانے میں سہولت ہو جائے۔

بہر کیف اس ساری تمہید کا مقصد محفل میں ایک نئے فیچر کے اضافے کو متعارف کرانا ہے۔ معلومات کو مزید منظم کرنے کی غرض سے دھاگوں کے لاحقے یعنی تھریڈ پریفکس کا نظم کیا گیا ہے۔ جس سے بہتر تلاش میں مدد ملے گی۔ ابتداء میں اسے صرف اردو سوفٹوئیر ریلیز فورم، پسندیدہ کلام فورم اور مزاحیہ شاعری فورم میں شامل کیا گیا ہے۔ ان شاء اللہ جلدی ہی آئی ٹی کے سوال و جواب اور کچھ دیگر زمروں میں بھی اسے شامل کئے جانے کا منصوبہ ہے۔

اب ان زمروں میں کوئی بھی نیا دھاگہ کھولتے ہوئے عنوان کے ساتھ ایک ڈاراپ ڈاؤن مینو سے موزوں ترین زمرہ منتخب کرنا ہوگا۔ اگر کوئی بھی زمرہ موزوں‌نہ ہو تو "دیگر" پریفکس منتخب کیا جانا چاہئے تاکہ بعد میں منتظمین مناسب زمروں کا اضافہ کر کے اسے منتقل کر دیں۔ موڈریٹرز اور منتظمین ان شاء اللہ اپنی فرصت میں موجودہ دھاگوں میں ترمیم کر کے انہیں موزوں لاحقے سے ملحق کر دیں گے۔

احباب کی آراء اور تبصروں کا خیر مقدم ہے۔
 
Top