دنیا میں مل گئے ہو تو جنت میں جائیں کیا؟

فرمائیں تم سے عشق تو نیکی کمائیں کیا؟
دنیا میں مل گئے ہو تو جنت میں جائیں کیا؟

ہو جب زمانہ حسن کا، ایمان سے کہو
عاشق مزاج لوگ زمانے سے پائیں کیا؟

فرقت کے روز و شب کی کہانی نہ چھیڑیے
یہ لازوال دکھ ہے، سنیں کیا؟ سنائیں کیا؟

اچھی ہوئی بری ہوئی، ہونی تو ہو گئی
اب کیا کریں؟ خدا کو کٹہرے میں لائیں کیا؟

مرنے کو اِس گلی میں بلایا گیا ہمیں
راحیلؔ اگر بلائے نہ جائیں تو آئیں کیا؟

راحیلؔ فاروق
26 دسمبر 2010ء
 

ابن رضا

لائبریرین
واہ کیا مترنم اور کلاسیکل ابیات ہیں قبلہ!

اتنی رواں غزل جو ہمارے ہے روبرو
ہم جھوم کر پڑھیں نہ تو اور گنگنائیں کیا
راحیل بھائی آپ کی یہ خوب ہے غزل
ہم سوچ میں ہیں نقد کے نشتر چلائیں کیا ؟

گلہائے داد قبول کیجیے۔
 
بہت عمدہ راحیل بھائی، کیا کہنے
واہ واہ عمدہ ، شاندار ۔
گلہائے داد قبول کیجیے۔
لاجواب تخلیق ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔
بہت ہی شاندار راحیل بھائی۔ کمال کی غزل ہے۔
آہا ۔ خوب رچی بسی کیفیت کی غزل ہے راحیل ۔ ماشاءاللہ۔۔۔ بہت پسند آئی۔
سیروں ڈھیروں خون بڑھ گیا۔ بہت شکریہ، پیارے لوگو۔
واہ کیا مترنم اور کلاسیکل ابیات ہیں قبلہ!​
اتنی رواں غزل جو ہمارے ہے روبرو
ہم جھوم کر پڑھیں نہ تو اور گنگنائیں کیا
راحیل بھائی آپ کی یہ خوب ہے غزل
ہم سوچ میں ہیں نقد کے نشتر چلائیں کیا ؟
اتنی مترنم داد کا الگ سے شکریہ! :)
 
راحیل فاروق بھائی۔۔۔ ہم نے کیا داد کی بجائے کھاد ڈالی تھی اس دھاگے میں۔۔۔۔۔ ہماری داد سے خون کیوں نہیں بڑھا۔۔۔ :idontknow:
آپ کی داد سے اصل میں دل بڑھ گیا ہے! :laughing::laughing::laughing:
مذاق برطرف، پیارے بھائی ۔ پتا نہیں کیسے یہ چوک ہو گئی۔ نظر کمزور ہے میری۔ دوسرا ابھی ابھی سو کر اٹھا ہوں۔ تیسرا آپ کا دیوانہ ہوں۔ دیوانوں کو تو ایمبولینس کی طرح عام معافی ہوتی ہے۔ درخواست ہے کہ دیوانہ یا کم از کم ایمبولینس سمجھ کر چشم پوشی فرمائی جائے۔
عرضے
راحیل فاروق
 
واہ صاحب۔ پرلطف کلاسیک انداز میں غزل کیا لکھی ، چچا غالب اور تایا نظیر اکبرآبادی یاد دلوائے دئے ہیں۔
اسی غزل پر سچے دل سے مزید محنت ہووے تو اور بھی نکھر سکتی ہے
 
واہ بہت خوب سبحان اللہ
دنیا میں بھی ساتھ اور جنت میں بھی ساتھ۔
واہ صاحب۔ پرلطف کلاسیک انداز میں غزل کیا لکھی ، چچا غالب اور تایا نظیر اکبرآبادی یاد دلوائے دئے ہیں۔
پذیرائی پر بندہ ممنون۔
اسی غزل پر سچے دل سے مزید محنت ہووے تو اور بھی نکھر سکتی ہے
:eek:
سچا دل کہاں سے لائیں؟
 

شقران آزاد

محفلین
راحیل صاحب وہ مردِ مجاہد ہیں جو اس نقار خانے میں کلاسیکی نظریات اور مزاج کا ڈنکا بجانے کی ٹھانے ہوئے ہیں ۔ ان کے لیے دعاے استقامت۔
 
واہ جی واہ عمدہ کلام ہے۔۔۔نفیس اور شائستہ۔۔۔شیریں۔۔کلاسیک۔بہت سی داد۔۔اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ہو۔۔آمین
سیرت عائشہ رضی اللہ پر کچھ لکھیں۔۔۔
 
Top