دائرہ حلقۂ پرکار بنا دیتا ہے ۔ م م مغل

فاتح

لائبریرین
ابھی اپنے محمود بھائی (مغزل) کی ایک انتہائی خوبصورت غزل پڑھنے کا شرف حاصل ہوا اور لطفِ کلام کے کیا کہنے۔ کہا تو تھا ان سے کہ وہ خود محفل میں ارسال کریں لیکن پھر رہا نہیں گیا اور محفل میں ان کی یہ سجی سنوری غزل میں ہی ارسال کر رہا ہوں۔ غزلِ مسلسل:
دائرہ حلقۂ پرکار بنا دیتا ہے
اور قلم حاشیہ بردار بنا دیتا ہے

کیا کہا جائے کہ تعمیرِ دروں حالی میں
کون آ جاتا ہے دیوار بنا دیتا ہے

کیا اسےدھوپ کے زنداں میں مقید کرتا
جو مرے سائے پہ اشجار بنا دیتا ہے

کون پھولوں کی نمائش سے بچایا ہوا جسم
دشت میں رونقِ گلزار بنا دیتا ہے

ہائےوہ عسرتِ ملبوس کہ قامت نہ ملے
آخرش جبّہ و دستار بنا دیتا ہے

اوّلیں وہ مجھے آثار مسافت کے دکھائے
اور پھر راستہ دشوار بنا دیتا ہے

اک انا زاد تحیّر ہے معمّہ تو نہیں
آئنہ عکس کو دشوار بنا دیتا ہے

وصل اک لحظہ ترے لمس کی خوشبو پا کر
عرصۂ فرصتِ بے کار بنا دیتا ہے

پہلے وہ آس پرندوں سے سجاتا ہے شجر
پھر کسی ڈال پہ چہکار بنا دیتا ہے

اک غزل اور غزالِ دلِ بے کل کے لیے
لمس جس کا مجھے فنکار بنا دیتا ہے

شعر در اصل حدائق ہیں معانی کے تئیں
لفظ جن کو ترا معیار بنا دیتا ہے

عشق ہے لذتِ تحدیثِ شبستاں آثار
وصل سے ہجر کو بیزار بنا دیتا ہے

رہ روِ تابِ سخن رمزِ مسافت ایجاد
دل کہاں راہ کو رہوار بنا دیتا ہے

یہ بھی اک شعر کی محفل میں کھلا ہے محمودؔ
عشق بھی قافیہ بردار بنا دیتا ہے

م۔م۔مغلؔ​
 
آخری تدوین:
بہت عمدہ، کیا کہنے مغزل بھائی۔ بہت شکریہ فاتح بھائی اس خوبصورت شراکت کا

کیا کہا جائے کہ تعمیرِ دروں حالی میں
کون آ جاتا ہے دیوار بنا دیتا ہے

اوّلیں وہ مجھے آثار مسافت کے دکھائے
اور پھر راستہ دشوار بنا دیتا ہے

اک انا زاد تحیّر ہے معمّہ تو نہیں
آئنہ عکس کو دشوار بنا دیتا ہے

پہلے وہ آس پرندوں سے سجاتا ہے شجر
پھر کسی ڈال پہ چہکار بنا دیتا ہے

شعر در اصل حدائق ہیں معانی کے تئیں
لفظ جن کو ترا معیار بنا دیتا ہے


اس مصرع میں ٹائپو ہے، درست کر لیں
اور قلم حاشیہ بردار بنا یتا ہے
دیتا ہے
 

فاتح

لائبریرین
بہت عمدہ، کیا کہنے مغزل بھائی۔ بہت شکریہ فاتح بھائی اس خوبصورت شراکت کا
اس مصرع میں ٹائپو ہے، درست کر لیں
دیتا ہے
شکریہ جناب۔ درست کر دیا ہے۔ میں نے فیس بک پر مشتاع کے صفحے پر پڑھی اور وہیں سے کاپی کی لیکن یہ ٹائپو نظر انداز ہو گئی۔
 

محمداحمد

لائبریرین
سبحان اللہ فاتح بھائی !

خوبصورت غزل انتخاب کی ہے آپ نے مغل بھائی کی۔

مغل بھائی کو بھی لے آتے غزل کے ساتھ ہی محفل میں۔ بہت عرصہ ہوا کہ اُن کو یہاں نہیں دیکھا۔

بہت سی داد اس اعلیٰ انتخاب کے لئے۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوبصورت!! واہ!
اک غزل اور غزالِ دلِ بے کل کے لیے
لمس جس کا مجھے فنکار بنا دیتا ہے
کیا بات ہے ! کیا اچھا شعر ہے!!
 

اکمل زیدی

محفلین
صائب دوچیز می شکند قدرِ شعر را
تحسینِ ناشناس و سکوتِ سخن شناس


بس اسی کے پیش نظر داد دیتے ہوئے ڈرتا ہوں . . .

 
Top