امیر مینائی خنجرِ قاتل نہ کر اتنا روانی پر گھمنڈ - امیر مینائی

کاشفی

محفلین
غزل
(امیر مینائی رحمتہ اللہ علیہ)

خنجرِ قاتل نہ کر اتنا روانی پر گھمنڈ
سخت کم ظرفی ہے اک دو بوند پانی پر گھمنڈ

شمع کے مانند کیا آتش زبانی پر گھمنڈ
صورتِ پروانہ کر سوز نہانی پر گھمنڈ

ہے اگر شمشیر قاتل کو روانی پر گھمنڈ
بسملوں کو بھی ہے اپنی سخت جانی پر گھمنڈ

ناز اُٹھانے کا ہے اس کے حوصلہ اے جانِ زار
اب تلک تجھ کو ہے زور ناتوانی پرگھمنڈ

نوبت شاہی سے آتی ہے صدا شام و سحر
اور کرلےچار دن اس دار فانی پر گھمنڈ

دیکھ او نادان کہ پیری کا زمانہ ہے قریب
کیا لڑکپن ہے کہ کرتا ہے جوانی پر گھمنڈ

چار ہی نالے ہمارے سن کے چپکی لگ گئی
تھا بہت بلبل کو اپنی خوش بیانی پر گھمنڈ

عفو کے قابل مرے اعمال کب ہیں اے کریم
تیری رحمت پر ہے تیری مہربانی پر گھمنڈ

شمع محفل شامت آئی ہے تری خاموش ہو
دل جلوں کے سامنے آتش زبانی پر گھمنڈ

طبع شاعر آکے زوروں پر کرے کیوں کر نہ ناز
سب کو ہوتا ہے جوانی میں جوانی پر گھمنڈ

چار موجوں میں ہماری چشم تر کے رہ گیا
ابر نیساں کو یہی تھا ڈر فشانی پر گھمنڈ

دیکھنے والوں کی آنکھیں آپ نے دیکھی نہیں
حق بجانب ہے اگر ہے لن ترانی پر گھمنڈ

عاشق و معشوق اپنے اپنے عالم میں ہیں مست
واں نزاکت پر تو یاں ہے ناتوانی پر گھمنڈ

تو سہی کلمہ ترا پڑھوا کے چھوڑوں اے صنم
زاہدوں کو ہے بہت تسبیح خوانی پر گھمنڈ

سبزہ خط جلد یارب رخ پر اُس کے ہو نمود
خضر کو ہے اپنی عمر جاودانی پر گھمنڈ

گور میں کہتی ہے عبرت قیصر و فغفور سے
کیوں نہیں کرتے ہو اب صاحب قرانی پرگھمنڈ

ہے یہی تاثیر آبِ خنجر جلّاد میں
چشمہء حیواں نہ کر تو اپنے پانی پر گھمنڈ

حال پر اجداد وآبا کے تفاخر کیا امیر
ہیں وہ ناداں جن کوہے قصے کہانی پر گھمنڈ
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت عمدہ انتخاب ہے۔ شکریہ کاشفی صاحب۔ ہو سکے تو اس شعر کے مصرع اول کو دوبارہ دیکھ لیں۔
تو سہی کلمہ ترا پڑھوا کے چھوڑوں اے صنم
زاہدوں کو ہے بہت تسبیح خوانی پر گھمنڈ
 

کاشفی

محفلین
شکریہ سخنور صاحب۔۔ میں نے دوبارہ دیکھا ہے۔۔آپ پلیز نشاندہی کریں اور تصحیح بھی فرما دیں۔۔شاید میرے پاس صحیح نہیں لکھا ہوا ہو۔۔
 

فاتح

لائبریرین
عفو کے قابل مرے اعمال کب ہیں اے کریم
تیری رحمت پر ہے تیری مہربانی پر گھمنڈ

بہت شکریہ کاشفی صاحب۔
 
Top