خدا کی قدرت۔ اسمٰعیل میرٹھی

فرحت کیانی

لائبریرین
خدا کی قدرت

اسمٰعیل میرٹھی
(شگُوفے)


جو چيز خدا نے ہے بنائی
اس میں ظاہر ہے خوش نمائی

کیا خوب ہے رنگ ڈھنگ سب کا
چھوٹی بڑی جس قدر ہیں اشیاء

روشن چيزيں بنائيں اُس نے
اچھی شکلیں دکھائیں اُس نے

ہر چيز کی ہے ادا نرالی
حکمت سے نہيں ہے کوئی خالی

ننھی کلیاں چٹک رہی ہیں
چھوٹی چڑياں پُھدک رہی ہیں

اُس کی قدرت سے پھول مہکے
پھولوں پہ پرند آ کے چہکے

چڑیوں کے عجیب پر لگائے
اور پھول ہیں عطر میں بسائے

چڑیوں کی ہے بھانت بھانت آواز
پھولوں کا جدا جدا ہے انداز

گائيں بھینسیں عجب بنائيں
کیا دودھ کی ندیاں بہائيں

پیدا کیے اونٹ بیل گھوڑے
ہر شے کے بنا دیے جوڑے

روشن آنکھیں بنائيں دو دو
قُدرت کی بہار دیکھنے کو

دو ہونٹ دیئے کہ منہ سے بولیں
شُکر اس کا کریں زبان کھولیں


 
Top