دعا خدا حافظ!

سب سے پہلے تو جو احباب ہمیں محفل سے رخصت ہوتا دیکھنے کی مذموم تمنا لیے چلے آئے ہیں، ان سے معذرت۔ ہم ابھی چندے اور دوستوں کے سینوں پہ مونگ دلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ جلنے والے کا منہ کالا!
خدا حافظ کا یہ مراسلہ دراصل ان احباب کے نام ہے جنھیں ہم آج تک اپنی عدیم الفرصتی کے باعث خدا حافظ نہ کہہ سکے یہاں تک کہ وہ پھر واپس آ گئے!
یا ان خوبانِ دل آرا کے نام جو بغیر خدا حافظ کہے رخصت ہوئے اور پلٹ کے خبر تک نہ لی۔
ان دوستوں کے لیے بھی ہے جنھوں نے خدا حافظ کہہ کر اپنی راہ لی اور پلٹ کر جھپٹنے کا سوچا تک نہیں۔
ان دلداروں کے نام بھی جو مستقبل قریب یا بعید میں مذکورہ بالا نیک ارادے رکھتے ہوں۔
ان خلد آشیانیوں کے نام بھی جو محفل ہی نہیں، دنیا بھی چھوڑ گئے۔
اور ان یارانِ محفل کے نام بھی جو محفل یا دنیا سے ہمارے بھی رخصت ہو جانے کے بعد ہمیں یاد کیا کریں گے۔ تب خدا جانے ہم آپ کو خدا حافظ کہہ پائیں کہ نہ کہہ پائیں۔
یا ان خوش گفتاروں کے نام جن کے بارے میں محفلین بالاجماع خیال رکھتے ہوں کہ انھیں اب خدا حافظ کہہ دینا چاہیے۔
یا آئینِ جوانمرداں کے ان حق گو اور بیباک سپوتوں کے نام جن کا قارورہ منتظمینِ محفل کے قارورے سے مل کے پٹاخے چھوڑنے لگتا ہو!
اوپر دی گئی شرائط پر پورا اترنے والے تمام مذکر و مؤنث و غیر مذکر و غیر مؤنث احباب کو ہماری جانب سے
دلی خدا حافظ!
:wave::wave::wave:
 
نایاب

لائبریرین

بہت خوب
بہت دعائیں
 
یقین مانیے راحیل بھائی میں یہ تصور لیے آیا تھا کہ "آپ محفل چھوڑ تو نہیں رہے" اور جیسی چاہیں قسم لے لیں میں اس بات پر خوش نہیں تھا ۔
آپ نے ان سے تو معذرت کر لی جو آپ کو رخصت ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں ۔ اور جو آپ کو محفل میں شامل دیکھنا چاہتے ہیں اور بہت ڈرتے ڈرتے اس دھاگے کو کھول کر دیکھتے ہیں وہ ؟
 
معذرت قبول کی جاتی ہے مگر اتنے گمراہ کن عنوان رکھنے پر پابندی ہونی چاہیے !!!
معذرت کی ایسی لُنجی ٹُنڈی قبولیت پہ پابندی نہیں ہونی چاہیے؟:excruciating:
آسیبی آہوں پہ ایک طاغوتی کلک کے بعد معلوم ہوا کہ آپ سے تو ہماری پرانی نیاز مندی ہے۔
دل دھڑکنے کا سبب یاد آیا!
آپ کا یہ بلاگ ان معدودے چند ویب گاہوں میں سے ایک ہے جنھیں پڑھ کے دل کو سکون، روح کو آرام آ جاتا ہے۔ ایک اور صاحب ہیں۔ جوانی پٹے کا بلاگ لکھتے ہیں۔ انھیں پڑھ کے بھی قلم بدنداں رہ جاتا ہوں۔
آپ بہت اچھا لکھتی ہیں۔ صاف، سادہ مگر دل آویز۔ آپ کو یہاں پا کر خوشی ہوئی۔ اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ والی دعا دینے کو جی چاہتا ہے مگر پھر گل نوخیز اختر کہاں جائیں گے؟
 
آخری تدوین:
یقین مانیے راحیل بھائی میں یہ تصور لیے آیا تھا کہ "آپ محفل چھوڑ تو نہیں رہے"
مجھے اندازہ تھا۔
جیسی چاہیں قسم لے لیں میں اس بات پر خوش نہیں تھا ۔
اس لڑی کا عنوان دیکھ دیکھ کر میرے اپنے دل میں ہول اٹھتے ہیں۔
جو آپ کو محفل میں شامل دیکھنا چاہتے ہیں اور بہت ڈرتے ڈرتے اس دھاگے کو کھول کر دیکھتے ہیں وہ ؟
ان مہربانوں کے لیے بہت جلد السلامُ علیکم و رحمۃ اللہ کا الگ دھاگا کھولا جائے گا۔ چند روز اور، مری جان، فقط چند ہی روز!
:chill::chill::chill:
تفنن بر طرف، آپ جیسے پیاروں کی وجہ ہی سے محفل سے تعلق ہے۔ آپ کی محبتوں کا مقروض تھا، ہوں اور رہوں گا۔ بہت خوش رہیے!
 
آپ نے بہت ہی اچھی اور معیاری پوسٹ لکھی اس پر خدا حافظ۔
اس داد کا میں کیا کروں؟ ایک شعر یاد آ گیا انشا اللہ خاں انشاؔ کا۔ متعلق تو نہیں ہے، بس وہی خدا حافظ والی بات ہے۔
لے کے میں اوڑھوں، بچھاؤں یا لپیٹوں، کیا کروں؟
روکھی پھیکی، سوکھی ساکھی مہربانی آپ کی۔۔۔ ! ! !​
اور بہت بہت شکریہ۔
ممنون!
 
نمرہ

محفلین
آپ کا یہ بلاگ ان معدودے چند ویب گاہوں میں سے ایک ہے جنھیں پڑھ کے دل کو سکون، روح کو آرام آ جاتا ہے۔ ایک اور صاحب ہیں۔ جوانی پٹے کا بلاگ لکھتے ہیں۔ انھیں پڑھ کے بھی قلم بدنداں رہ جاتا ہوں۔
آپ بہت اچھا لکھتی ہیں۔ صاف، سادہ مگر دل آویز۔ آپ کو یہاں پا کر خوشی ہوئی۔ اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ والی دعا دینے کو جی چاہتا ہے مگر پھر گل نوخیز اختر کہاں جائیں گے؟
شکریہ :):) یہ جان کر بہت تسلی ہوتی ہے کہ میرا الٹا سیدھا لکھا کسی کی نظر سے گزرتا ہے۔
گل نوخیز اختر ؟ میری نظر تو یوسفی، پطرس وغیرہ کے مقام پر ہے :LOL: بلاگ مذکورہ میں بھی پڑھا کرتی ہوں، اس کی ٹیگ لائن ' مصنف کا اپنی ہی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ' کا تو جواب ہی نہیں۔
 
نکتہ ور

محفلین
پطر سؔ کا تو نہیں مل سکتا البتہ ہماری ہر پوسٹ کو پسند فرمائیں تو یوسفیؔ کا مقام کیا مکان تک آپ کو دلوانے کے لیے بقلم خود تحریک چلائیں گے۔
کیوں؟؟؟ پطرس کا مکان دلانے کی تحریک چلانے میں کیا قباحت ہے؟میں آپ کی ہر پوسٹ کو پسند کرنا شروع کرتا ہوں آپ مجھے پطرس کا مقام دلا ۔۔۔۔۔ اوہو مکان دلا دیجیے۔:battingeyelashes:
:lol:
 
کیوں؟؟؟ پطرس کا مکان دلانے کی تحریک چلانے میں کیا قباحت ہے؟میں آپ کی ہر پوسٹ کو پسند کرنا شروع کرتا ہوں آپ مجھے پطرس کا مقام دلا ۔۔۔۔۔ اوہو مکان دلا دیجیے۔:battingeyelashes:
حضرت، پطرسؔ تو فی الحال لامکان کے مقیم ہیں۔ تاہم اگر آپ مصر ہیں تو میں الطاف بھائی سے کہہ کے بوری کا بندوبست کرواتا ہوں!
 
Top