حکومت سندھ طالبانائزیشن کی سازشوں کو ناکام بنائے

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لوگوں سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے عزاداران حسین کے جلوس پر حملے کو بزدلانہ ،سفاکانہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس دھماکے میں معصوم لوگ شہید ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میں کراچی اور پاکستان کے شہریوں کو بار بار آگا ہ کرتا رہاہوں کہ طالبانائزیشن سے خبردار رہیں لیکن حکومت اور ذمہ دار میری باتوں کی نفی کرتے رہے،میں غم کی اس گھڑی میں دلی افسوس کا اظہار کرتا ہوں اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مشتعل نہ ہوں اور اپنے جذبات پر قابو رکھیں ۔انہوں نے کہاکہ میں شہدائے کربلا کے واسطے سے امن کی اپیل کرتا ہوں کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں ،گلیوں اور محلے میں امن و امان برقرار رکھیں اور اجنبی لوگوں پر کڑی نظر رکھیں ۔ان کا مزید کہناتھاکہ میں پختون بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے محلوں میں ایسے عناصر پر نظر رکھیں جو مشکوک اور اجنبی ہیں۔ میں ان جماعتوں کے بائیکاٹ کی بھی اپیل کرتا ہوں جو بلواسطہ یا بلاواسطہ طالبان کی حمایت کررہی ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ نوجوان چوکیداری سسٹم کو منظم کریں ۔انہوں نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ۔انہوں نے عوام سے کہاکہ وہ طالبان یا خود کش حملہ آوروں کی حمایت کرنی والی سیاسی جماعتوں کا سوشل بائیکاٹ کریں اور اپنے علاقوں میں چوکیداری سسٹم کو بہتر بنائیں ۔ان کا مزید کہناتھاکہ میں حکومت سندھ ،وزیر اعلیٰ سندھ اور امن کے رکھوالوں سے کہتا ہوں کہ وہ طالبان کی موجودگی کے انکار کے بجائے طالبان اور طالبانائزیشن کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ اس سانحے پرمیرا دل خون کے آنسو رو رہاہے ۔طالبان اور خود کش حملہ آوروں کی حمایت کرنے والے بھی یزید ہیں۔دوسری جانب نمائندہ جنگ کے مطابق متحدہ کے قائد نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس پر بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے عوام سے فرقہ ورانہ ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے منگل کو پرامن یوم سوگ منانے کا اعلان کیاہے۔

لنک
http://www.jang.net/urdu/details.asp?nid=398264#
 
Top