جی میں آئے جو کچھ کہا جائے ۔

عظیم

محفلین


جی میں آئے جو کچھ کہا جائے
کس لیے آپ میں گُھٹا جائے

کیا خبر یہ نہیں تو اگلی بات
دل سے دنیا کو میری بھا جائے

روتے رہنے سے فائدہ کیا ہے
اور لوگوں کا اس میں کیا جائے

غم سے بچنا کہ بھیڑیا ہے غم
اے مری جان تجھ کو کھا جائے

ایک مدت سے چاہتا ہوں میں
مجھ کو جینے کا ڈھنگ آ جائے

دل ہی جب مطمئن نہیں ہے مرا
مجھ سے کس طرح خوش رہا جائے

ایسے پتھرا چکا ہوں اب کے میں
کوئی کتنا بھی آ ستا جائے

باندھ رکھوں اجالے اپنے کہیں
یوں نہ ہو پھر سے رات چھا جائے

کیا بگاڑا ہے میں نے سب کا عظیم
کوئی آئے مجھے بتا جائے


*****​
 

الف عین

لائبریرین
واہ اچھی غزل ہے۔
غم سے بچنا کہ بھیڑیا ہے غم
اے مری جان تجھ کو کھا جائے
یا کھا نہ جائے ہونا تھا؟
 

عظیم

محفلین
واہ اچھی غزل ہے۔
غم سے بچنا کہ بھیڑیا ہے غم
اے مری جان تجھ کو کھا جائے
یا کھا نہ جائے ہونا تھا؟
جی بابا ۔ ایک طرح کا خبردار کرنے کے اعتبار سے درست لگ رہا ہے مجھے ۔ یعنی اپنے تجربے کے بعد کسی کو ڈرانا یا خبردار کرنا ۔
 

الف عین

لائبریرین
اس صورت میں 'کھا جائے گا' ہونا تھا۔ کم از کم مجھے مصرع کی موجودہ صورت میں وارننگ محسوس نہیں ہوتی
 

عظیم

محفلین
معاف فرما دیجیے گا بابا ۔ پہلا جواب میں نے سو کے اٹھتے ہی لکھ دیا تھا ۔ کیا اس صورت میں درست ہو سکتا ہے کہ یقینی طور پر کسی کو کہا جائے ۔ یعنی 'کھا جائے گا' میں وہ فوری تاثر نہیں ہے اور بات بھی مستقبل میں چلی جاتی ہے ۔
'کھا جائے' فی الحال مجھے درست ہی لگ رہا کہ ایک تو اس میں ایک یقین کی سی کیفیت ہے دوسرا بھیڑیے کا فوری ردِ عمل ہے ۔
معاف فرما دیجیے گا بابا ۔
 
Top