فیوض القرآن
زیر نظر ترجمۃ القرآن مرتبہ جناب ڈاکٹر سید حامد حسن بلگرامی صاحب بعض مقامات سے دیکھا۔ نہایت سلیس ، مطلب خیز ، بامحاورہ ہے۔ دل نشین انداز میں وسیع مطالب کو بین القوسین مختصر عبارات میں واضح کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ربطِ آیات کو بہترین انداز سے بیان کر دیا گیا ہے۔محترم بلگرامی صاحب نے جدید تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود اس ترجمۃ القرآن میں قدیم طرز اختیار کیا اور اس دور کے نام نہاد مجددین کی طرح اپنے دامن کو تجدد پسندی سے ملوث نہیں ہونے دیا۔
اس ترجمہ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ پڑھنے والا قرآن کے نفسِ مفہوم کو آسانی سے سمجھ لییتا ہے۔ اس ترجمہ میں ڈاکٹر صاحب کے طبعی ذوق کی جھلک اور محبت و معرفت کی چاشنی پائی جاتی ہے۔ بعض اوقات پڑھنے والا محسوس کرتا ہے کہ دریائے عشق و محبت میں غوطہ زن اور وصالِ محبوب کے گوہر نایاب سے ہم کنار ہوں۔
روحانیت پسند لوگوں کو یہ ترجمہ پڑھ کر ایسا محسوس ہوگا کہ گویا یہ ایک چمنستانِ معرفت ہے جس کی ہوائیں مشامِ جاں کو معطر کر رہی ہیں۔
اللہ تعالی محترم ڈاکٹر بلگرامی صاحب کو جزائے خیر دے اور ان کے اس ترجمہ کو قبول عام عطا فرمائے۔ آمین
سید احمد سعید کاظمی
شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ بہاولپور
بتاریخ 20 دسمبر 1967