قمر جلالوی تجھ سے پہلے کوئی شے حق نے اصلا دیکھی ۔ استاد قمر جلالوی

شاہ حسین

محفلین
نعت

تجھ سے پہلے کوئی شے حق نے اصلا دیکھی
خُوب جب دیکھ لیا تجھ کو تو دنیا دیکھی !

تو نے قبلِ دوجہاں شان ِ تجلّی دیکھی
عرش سجتا ہوا ، بنتی ہوئی دنیا دیکھی!

ترے سجدے سے جُھکی سارے رسُولوں کی جبیں
سب نے اللہ کو مانا تِری دیکھا دیکھی!

میزباں خالق ِ کونین بنا خود تیرا
تیری توقیر سر ِ عرش ِ معلّےٰ دیکھی!

آپ چپ ہو گئے ارمان ِ زیارت سنُ کر
میری حالت پہ نظر کی نہ تمنّا دیکھی!

حق کے دیدار کی بابت جو کہا فرمایا !
اک جھلک دیکھنے پر حالتِ موسیٰ دیکھی

اے قمر شق ہوا مہتاب پیمبر کے لئے!
ہم نے ہوتے ہوئے چاند کی دنیا دیکھی

استاد قمر جلالوی
اوج قمر
 

مغزل

محفلین
سبحان اللہ سبحان اللہ ، بہت خوب جناب ، کیا عمدہ پیشکش ہے ۔ واہ ۔۔ مولیٰ سلامت رکھے
 
Top