بابا ویلنٹائن کی غیر مستند تاریخ- قسط نمبر: 18 چڑیل چھمک چھلو

بابا ویلنٹائن کی غیر مستند تاریخ- قسط نمبر: 18 چڑیل چھمک چھلو
پرانی اقساط کے لئے یہاں کلک کریں۔

"جیلر صاحب آپ کے لئے دو خبریں ہیں ایک اچھی اور دوسری بری پہلے کونسی سننا پسند کرینگے؟" منشی نے آکر جیلر سے سوال کیا
"جس طرح تم نے میرے پیٹ پر لات ماری ہے، تم سے اچھی خبر کی امید تو خیر کم ہی ہے ، مگر بولو اپنا فرض منصبی ادا کرو" جیلر نے جل کر منہ بسورا
"آپ کا مالی خسارہ آپ کی بیٹی نے کیا تھا میں نے صرف آپ کے حکم پر عمل کیا، یہی میرا فرض منصبی ہے اسی بات کی مجھے حکومت تنخواہ دیتی ہے، حکم کریں تو دونوں خبریں آپ کے گوش گزار کردوں، خوشی کیا خبر سن کر آپ اچھلنے کی کوشش ضرور کرینگے اگرچہ اس طرح گر کر آپ کے گھٹنے کے چھل جانے کا قوی امکان ہے اور بری خبر سن کر آپ کو اصولا شرم سے زمین میں گڑجانا چاہئے لیکن مجھے امید ہے آپ صرف منہ افسردہ کرنے پر اکتفا کرینگے " منشی نے ضرورت سے زیادہ تفصیلی جواب دے دیا۔
"اپنی فضولیات اپنے پاس رکھو اور مجھے صرف خبر سناؤ پہلے اچھی خبر سے آغاز کرو" جیلر کا پارہ چڑھنے لگا
"اچھی خبر یہ ہے کہ وہ بے باک عرف لفنٹر عرف روشن خیال لڑکی جس کی خاطر آپ اپنے خاندان کو رسوا کرنے کے لئے تلے بیٹھے ہیں اس کا پتہ چل گیا ہے اور جیل کا حوالدار اس کے بارے میں تفصیلی خبر لانے ہی والا ہے ۔ اور بری خبر یہ ہے کہ آپ کا اکلوتا بگڑا ہوا بیٹا وزیر کی بیٹی کے چکر میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اور اس وقت شاہی جیل میں قید ہے۔ " منشی نے دونوں خبریں سنا دیں مگر باتوں باتوں میں مرچیں لگانے سے باز نہ آیا۔
"گھٹیا آدمی یہ دونوں خبریں ہی خوشی کی ہیں۔ " جیلر خوشی سے اچھل تو نہ سکا مگر کرسی سے اٹھ کر کھڑا ہوگیا۔
تھوڑی دیر میں حوالدار اور سپاہی جیلر کے پاس پہنچ گئے۔ سپاہی نے جیل میں دیکھا مولا جٹ ، جن اور جولیا کا سارا قصہ جیلر کو بتا دیا۔ جیلر سب کچھ سن کر آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر حوالدار اور سپاہی کو دیکھنے لگا
"یہ مجھے تم کیا عجیب و غریب کہانیاں سن رہے ہو" جیلر کی حیرت کم ہونے میں نہیں آرہی تھی
"جیلر صاحب آپ زیادہ فکر نہ کریں اگر کوئی چڑیل قبرص سے یہاں آسکتی ہے تو جن بھی بوتل سے باہر آسکتا ہے۔ " منشی نے جیلر کی حیرت کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا
"کونسی چڑیل ؟" جیلر کی حیرت بڑھتی جا رہی تھی
"جزیرہ قبرص کے چک سے ایک چڑیل آئی تھی جسے عام لوگ ایک غصیلی عورت سمجھتے ہیں لیکن دراصل وہ ایک چڑیل ہے، جن کا مقابلہ ہم لوگ نہیں کر سکتے اس کے لئے اس چڑیل سے ہی رابطہ کرنا ہوگا۔" منشی نے چڑیل کا مختصر تعارف پیش کر دیا
"مگر چڑیل ہمارا ساتھ کیوں دے گی" جیلر نے بھی مستقبل کے امکانات پہ غور کرنا شروع کر دیا۔
"ضرور دے گی ساتھ آپ کا بلکہ آپ کی لڑائی میں زبردستی کود پڑے گی، بس اسے یہ پتہ چل جائے کہ آپ کا مقابلہ ایک ایسے گروپ کے ساتھ ہے جسمیں ایک مذہبی آدمی، ایک شریف جن اور ایک قدامت پسند مولا جٹ ہے تو ضرور ان لوگوں سے لڑنے کے لئے آجائے گی، اس چڑیل کو مذہبی، شریف اور قدامت پسند لوگوں سے شدید چڑ ہے وہ تو بہانہ ڈھونڈتی ہے ایسے لوگوں سے لڑنے کا" منشی نے چڑیل کا مزید تفصیلی تعارف پیش کر دیا
"بس اس کو بحث اور بدتمیزی پسند نہیں ، ہمیشہ عزت کے ساتھ پیش آیا جائے اور اچھے خطابات سے پکارا جائے"۔
"ٹھیک ہے ہم اسے پوری عزت دینگے اس سے رابطہ کرو اور گھر میں اس کی ضیافت کا بندوبست کیا جائے۔" جیلر نے حکم سنا دیا
منشی نے سب ملازمین کو بتا دیا کہ چڑیل کو اچھے لفظوں سے خوش آمدید کہا جائے اور خندہ پیشانی سے پیش آیا جائے۔
کچھ دیر بعد ایک ملازم بھاگتا ہوا آیا اور بتایا کہ چڑیل پہنچنے ہی والی ہے۔
"ٹھیک ہے اسے عمر کے حساب سے چڑیل باجی یا چڑیل آنٹی کہہ کے بلانا اور خبردار کوئی بدتمیزی نہ کرنا۔" جیلر نے حکم دیا
تھوڑی دیر بعد ایک ملازم ہانپتا ہوا آیا اور کہنے لگا "جناب اس چڑیل نے ہمارے دو ساتھیوں کو جلا کر بھسم کر دیا ہے"
"میں نے کہا تو تھا اس سے احترام سے پیش آنا اور اچھے لفظوں پکارنا" جیلر نے جھلا کر کہا
"جناب احترام سے ہی بلایا تھا، ایک ملازم نے اسے احترام سے کہا خوش آمدید چڑیل باجی تو چڑیل کو غصہ آگیا اس نے اسے جلا کر بھسم کر دیا پھر دوسرے ملازم نے گھبرا کر معافی مانگتے ہوئے اسے کہا معاف کر دو چڑیل آنٹی، چڑیل نے اسے بھی جلا کر بھسم کر دیا"
ملازم نے جلدی جلدی سارا واقعہ بیان کر دیا
"اگر اسے باجی اور آنٹی کے الفاظ پسند نہیں ہیں تو کیا اسے چھمک چھلو کہا جائے، کہا جائے خوش آمدید چڑیل چھمک چھلو" جیلر نے جھلا کر کہا اور مڑ کر دیکھا تو چڑیل دروازے پر کھڑی مسکرا رہی تھی۔
"مجھے پتہ تھا کہ تم جیسا بڑا آدمی ہی مجھے صحیح پہچانے گا، جی چاہتا ہے تمہیں خوشی سے گلے لگا لوں۔ مجھے چھمک چھلو کہلوانا بہت پسند ہے" چڑیل خوشی سے باہیں پھیلائے جیلر کی طرف بڑھنے لگی اور اسی دوران جیلر کے پاؤں کے آس پاس زمین گیلی ہونے لگی۔
 
آخری تدوین:
بہت خوب۔
اچھی قسط لکھی ہے۔
جزیرہ قبرص کے چک سے ایک چڑیل آئی تھی
ہمارے یہاں کچھ اضلاع میں چک کے ساتھ نمبر ہوتا ہے اور کسی کسی کا نام بھی ہوتا ہے۔ یہ قبرص والوں نے چکوک کا کوئی نام نہیں رکھا ہوا کیا ؟
 

عاطف ملک

محفلین
اچھی خبر یہ ہے کہ وہ بے باک عرف لفنٹر عرف روشن خیال لڑکی جس کی خاطر آپ اپنے خاندان کو رسوا کرنے کے لئے تلے بیٹھے ہیں اس کا پتہ چل گیا ہے اور جیل کا حوالدار اس کے بارے میں تفصیلی خبر لانے ہی والا ہے ۔ اور بری خبر یہ ہے کہ آپ کا اکلوتا بگڑا ہوا بیٹا وزیر کی بیٹی کے چکر میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اور اس وقت شاہی جیل میں قید ہے
خبر دینے کا طریقہ بالکل "ہمارے میڈیا" جیسا ہے :LOL:
مطلب خبر کے ساتھ فیصلہ بھی خود ہی سنا دیا :ROFLMAO::ROFLMAO::ROFLMAO:
گھٹیا آدمی یہ دونوں خبریں ہی خوشی کی ہیں
جیلر بیچارا:rollingonthefloor::rollingonthefloor::rollingonthefloor:
اچھی قسط ہے لئیق بھائی۔۔۔۔چھوٹی لگی تھوڑی :)
لیکن خوب ہے۔
 
بہت خوب۔
اچھی قسط لکھی ہے۔

ہمارے یہاں کچھ اضلاع میں چک کے ساتھ نمبر ہوتا ہے اور کسی کسی کا نام بھی ہوتا ہے۔ یہ قبرص والوں نے چکوک کا کوئی نام نہیں رکھا ہوا کیا ؟
صدیاں بیت گئیں ، اس زمانے میں چک مل گیا یہی بڑی بات ہے۔
 
Top