ضمیر جعفری ایک رئیس زادے کی سالگرہ

قصر زرکار میں اک جشن طرب
رامش و رنگ کے عنوان سے آراستہ ہے
طشت خوش طلائی کی۔۔۔۔
سجل شمعوں میں چھلمل کرتی
اطلس و دیبا و زربفت کے جا جم پہ سجی
دور دیسوں کی ہر اک نعمت کم یافتہ ہے
ایک منظر کہ شگفتہ آور دل خواستہ ہے
غزفہ ہائے چمن اندام کی محرابوں میں
خانہ زادان کمر بستہ کے ساتھ
ایستادہ و سرودآمادہ
رامش و رنگ کے آہنگ سے آراستہ ہے
طائفہ نغمہ سرایان نوباختہ ہے
یہ گدایانہ سرود!
تاج و اورنگ کا
پرداختہ و ساختہ ہے
صف بہ صف چار طرف
ایستادہ و سرود آمادہ
دست نورین و نگارین سے بجاتی ہوئی دف
چھن چھنن چھند چھند۔ ۔ ۔ ۔ ۔
"حوریاں رقص کناں ساغر شکرانہ زدند"
ساز میں سحر سرود
بول میں شکر و قند
لیکن اے اعلی قد بالا حصار خور سند
تیری سنگین فصیلوں کے تلے
شور گریہ ہے بلند
شور تشنہ گر سنہ غمیں انسانوں کا
شور مجروح سسکتے ہوئے ارمانوں کا
کار گر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جن کے سلگتے ہوئے باتھ
ان فصیلوں کی چنائی کے لیے
کوہساروں کی چٹانیں سلیں ڈھالتے ہیں
ہمیں پالتے ہیں
ان کے مدقوق بدن ڈھانپنے سے قاصر ہے
ان کی روئیدہ کپاس
ان کے کھلیانوں میں بھوک
ان کے دریاؤں میں پیاس
ٹوٹتی سانسوں میں دم توڑتی گویائی سن
آدمیت کی یہ مرتی ہوئی شہنائی سن
کرب صدیوں کا یہ خود کاشتہ
برداشتہ پنداشتہ ہے
ان کے بچے انہیں پیارے ہیں مگر
ان کے آتے ہوئے جاتے ہوئے سال
ان کے مدفون بزرگوں کی طرح
ریگ محرومی میں
چپ چاپ گزر جاتے ہیں
کتنے پھول "آب سرابوں" کی طرح
نا دمیدہ ہی بکھر جاتے ہیں
کس خرابے میں یہ اندوختہ انداختہ ہے
قصر زردار میں ایک جشن طرب
رامش و رنگ کے عنوان سے آراستہ ہے​
 

فرخ منظور

لائبریرین
واہ! بہت خوب نظم ہے یونس صاحب لیکن اس نظم کا شاعر کون ہے - براہ مہربانی شاعر کا نام ضرور بتائیے گا - بہت شکریہ!
 

حسن علوی

محفلین
بڑی بات ھے فرخ بھائی آپ کو اس کلام کی سمجھ آ گئی۔ مجھے تو اس درجہ ثقیل اردو نے گھما کر رکھ دیا تھا:confused:
 
یہ میرے محترم استاد جناب ضمیر جعفری صاحب کا انداز بیاں ہے۔۔۔۔۔۔۔ شاید سب کے لئے حیرت کا باعث ہو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ضمیر جعفری کا یہ انداز خاصا مختلف ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پسند کا شکریہ
 

ظفری

لائبریرین
بہت اچھی شئیرنگ کی یونس بھائی آپ نے ۔ بہت خوب نظم ہے ۔۔۔۔ شاعر کا نام نہ معلوم ہونے تک مجھے اس نظم میں " مجاز " کا رنگ نظر آرہا تھا ۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت اچھی شئیرنگ کی یونس بھائی آپ نے ۔ بہت خوب نظم ہے ۔۔۔۔ شاعر کا نام نہ معلوم ہونے تک مجھے اس نظم میں " مجاز " کا رنگ نظر آرہا تھا ۔

ظفری صاحب اگر مجاز سے آپ کی مراد اسرارالحق مجاز ہے تو انہوں نے ایس جنّاتی زبان کبھی استعمال نہیں‌کی - اگر کی ہے تو ضرور ایک آدھ نظم پوسٹ کیجیے گا - بہت شکریہ!
 
حسن اگر آپ نے یہ نظم سمجھنا ہو تو مجھ سے سمجھ لیجیے گا - ہوسکتا ہے اس سے آپ کا گھومنا بند ہو جائے :)

جناب سخنور ! اگر اپ یہ کام بغیر کہے کر دیں گے تو کافی لوگوں کے علم میں اضافہ کا باعث ہوگا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہمارے پاس سمجھانے کے لئے اچھا انداز بیاں اور انداز تحریر نہیں ہے۔۔۔۔۔۔

ویسے ضمیر جعفری صاحب کا یہ روب کیسا لگا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جہاں تک میں انہیں جانتا ہوں۔۔۔۔ وہ ایک انتہائی سنجیدہ انسان ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور ظاہر میں ایک مزاحیہ شاعر:)
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت شکریہ یونس صاحب یقینا" ضمیر جعفری صاحب کے اس رخ سے پہلی بار واقف ہوا ہوں - جہاں‌تک نظم کا تعلق ہے اسکا لُبِّ لباب کافی مختصر ہے لیکن نظم میں‌ الفاظ کا ایسا استعمال بہت کم دیکھنے میں‌ آیا ہے اور یہی نظم کی خوبصورتی ہے - اصل میں خیال تو بہت جاندار نہیں‌ہے لیکن نظم الفاظ کے رکھ رکھاؤ کی وجہ سے بہت خوبصورت ہوگئی ہے -
نظم کا مرکزی خیال تو طبقات کا تفاوت ہے یعنی کہ ایک طرف شہزادے کی سالگرہ ہورہی ہے جو عیش و عشرت کی اپنی مثال آپ ہے - اسکے انتظام میں پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا ہے اور صرف ایک دن کی سالگرہ کے لیے ہزار سامانِ تعیش کیے گئے ہیں اور دوسری طرف عوام ہے جو محقور و مغلوب ہے -جو کم مائیہ ہے اور اپنی بھوک پیاس اور ننگ و افلاس سے تنگ ہے مگر اس عوام کے لیے کچھ نہیں‌ کیاجارہا -
مشکل الفاظ کے معانی بھی لکھ رہا ہوں لیکن اگر پھر بھی کوئی بات رہ جائے تو آپ پوچھ سکتے ہیں -

قصر = محل
زرکار = سونے یا سنہرے کام سے مزین
طرب = خوشی
رامش = رنگین
آراستہ ہے = سجی ہوئی ہے
طشت خوش طلائی = سونے کا خوبصورت ٹرے
سجل = سجی ہوئی، خوبصورت
اطلس و دیبا و زربفت = مختلف قسم کے قیمتی کپڑے
شگفتہ آور دل خواستہ = کِھلا ہوا اور دل کو لبھاتا ہوا
غزفہ نہیں بلکہ “غرفہ “ لفظ ہے بمعنی = جھروکا، کھڑکی
چمن اندام = چمن جیسے جسموں والی
خانہ زادان کمر بستہ = محل میں پلی بڑھی کنیزیں جو خدمت کے لیے تیار ہوں
ایستادہ = کھڑا ہونا،
سرودآمادہ = سرود بجانا
یہ گدایانہ سرود! تاج و اورنگ کا پرداختہ و ساختہ ہے = یہ ساز یعنی یہ نغمہ سرائی کی محفل بادشاہ کی سجائی ہوئی اور بنائی ہوئی ہے
نورین و نگارین سے مراد خوبصورت لڑکیاں
بول میں شکر و قند = میٹھے اور سریلے بول
اعلی قد بالا حصار خور سند سے مراد بادشاہ
شور گریہ = رونے کا شور، رونے کی آوازیں
شور تشنہ گرسنہ غمیں انسانوں کا = پیاس اور بھوک سے غمگین انسانوں کا شور
مجروح = زخمی
مدقوق =جسے دق ہوگئی ہو، دق کا مریض۔یعنی کمزور جسم
گویائی سن = آواز سن جیسے تابِ گویائی بمعنی بولنے کی طاقت
کرب = دکھ
خود کاشتہ = خود کاشت کیا ہوا، خود بویا ہوا
برداشتہ = اٹھانا ، برداشت کرنا کسی چیز کا اٹھانا بھی مراد جیسے قلم برداشتہ بمعنی قلم اٹھانا
پنداشتہ = پنداشتہ کا مطلب بھی اٹھانا یا احسان اٹھانا مراد ہے
ریگ محرومی = محرومی کی ریت یعنی غربت اور محرومی کے حالات
آب سرابوں = یہاں مراد شائد بلبلے لیا گیا ہے
نادمیدہ = بن کھلے یعنی بچے جو جوان ہوئے بغیر ہی انتقال کر گئے
اندوختہ = بچا ہوا، بس انداز کیا ہوا (مال یا سامان)، جمع،
انداختہ = نکالنے کا عمل، خارج کرنا۔
کس خرابے میں یہ اندوختہ انداختہ ہے = یعنی وہ نادمیدہ پھول اب کہاں گئے؟ وہ بچے جو قبل از وقت مر گئے وہ کہاں گئے؟ِ
 

فرخ منظور

لائبریرین
یونس صاحب میں نے اپنی نامکمل پوسٹ، مکمل کر دی ہے اگر مزید کوئی بات رہ گئی ہو تو میں حاضر ہوں -
 
بہت بہت شکریہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہاں مقصد میرا صرف یہ ہوتا ہے کہ ساتھیوں کو اچھا پڑہنے کو ملے ۔۔۔ میرا مقصد پوسٹس میں اضافہ نہیں ہے بلکہ علم میں اضافہ ہوتا ہے۔۔۔۔۔

معذرت کے ساتھ ! میں نے یہ اکثر دیکھا ہے کہ کیسی نے کوئی غزل یا کلام پوسٹ کیا ۔۔ با وجود بے شمار غلطیوں کے ساتھی اسکو کو سراہ رہے ہوتے ہیں ۔۔۔ میں یہ سوچ رہا ہوتا ہوں کہ اسے کم علمی کہوں یا "حوصلہ افزائی" کا کوئی انداز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جہاں تک میری شخصیت کا تعلق ہے میں اپنی فطرت میں ازاد ادمی ہوں۔۔۔۔۔ کسی کی کو غلطی کو بیان کرنے میں یا اپنی غلطی کو قبول کرنے کو دل ازاری کے زمرے میں نہیں رکھتا ہوں۔۔۔۔۔

پھر بھی شکریہ اتنی اچھی پوسٹ کو مکمل کرنے کا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ :)
 

فرخ منظور

لائبریرین
قبلہ اگر آپ ان غلطیوں کا علم رکھتے ہیں تو انکی نشاندہی کریں - مجھے تو خوشی ہوگی - بلکہ میں تو جان بوجھ کر بھی کبھی غلطی کردیتا ہوں‌تاکہ اہل ِ علم انکی نشاندہی کریں اور میں ان کا شکریہ ادا کروں کیونکہ غلطیوں سے ہی ہم سیکھتے ہیں - اگر میری کسی پوسٹ میں آپ کو کوئی غلطی محسوس ہو تو بلادھڑک اظہار کیا کریں جیسے میں کرتا ہوں - میں بالکل برا نہیں مانوں گا - :)
 
قبلہ اگر آپ ان غلطیوں کا علم رکھتے ہیں تو انکی نشاندہی کریں - مجھے تو خوشی ہوگی - بلکہ میں تو جان بوجھ کر بھی کبھی غلطی کردیتا ہوں‌تاکہ اہل ِ علم انکی نشاندہی کریں اور میں ان کا شکریہ ادا کروں کیونکہ غلطیوں سے ہی ہم سیکھتے ہیں - اگر میری کسی پوسٹ میں آپ کو کوئی غلطی محسوس ہو تو بلادھڑک اظہار کیا کریں جیسے میں کرتا ہوں - میں بالکل برا نہیں مانوں گا - :)

سرکار ہم تو اپ جیسے لوگوں سے امید رکھتے ہیں کہ ہماری تصیح ہوگی۔۔۔۔۔ میں جو بات کر رہا ہوں وہ مجھ سے متعلق نہیں ہے۔۔۔۔ میں تو خود طالب علم ہوں۔۔۔ سیکھنے کے لئے ایا ہوں۔۔۔۔۔ شاعری سے متعلق میں نے ایک پوسٹ کی تھی "غزل ضرور لکھیں مگر ۔۔۔۔۔" مقصد صرف یہ تھا کہ اردو کو جدید اردو کے نمکین زردے میں مکس ہونے سے بچانا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مزید رہنمائی کا طالب ہوں :)
 
Top