ایک بیٹے کا یہ نام رکھیں!

علی عمران

محفلین
ایک بیٹے کا یہ نام رکھیں!

اﷲ تعالیٰ کی مخلوق میں سب سے پیارا نام محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہے.... ہم جب بھی یہ نام لیتے ہیں.... ہمارے ہونٹ دو بار خوشی سے ایک دوسرے کا بوسہ لیتے ہیں.... آپ بھی محبت سے کہیں! محمدصلی اللہ علیہ وسلم.... دیکھا آپ نے دل کتنا خوش ہوا اس میں سرور کی ایک لہر دوڑ گئی.... اور ہونٹ کتنے خوش ہوئے وہ ایک دوسرے کو مبارک دینے کیلئے دوبار گلے ملے.... ہاں اﷲ کی قسم یہ بہت ہی پیارا نام ہے بہت ہی پیارا.... میں، میرے ماں باپ اور میرے بچے اس پر قربان.... آپ کو معلوم ہے یہ نام بھی آقا مدنی صلی اﷲ علیہ وسلم کا معجزہ ہے.... علماءنے اس نام کے بہت خوبصورت ترجمے کےے ہیں.... جس ترجمے کو دیکھیں تو دل سے آواز آتی ہے.... سبحان اﷲ! یہ نام بھی ایک عظیم اور پرکشش معجزہ ہے.... صاحب قاموس نے لکھا ہے.... محمد الذی یحمد مرة بعد مرةٍ یعنی محمد وہ ہے جس کی بار بار تعریف کی جائے.... یعنی جس کی تعریف کا سلسلہ ختم نہ ہو.... مہینے سال بن گئے، سال صدیاں بن گئیں.... مگر حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعریف کا سلسلہ .... اس طرح جاری ہے کہ بند ہو ہی نہیں سکتا.... کیا اپنے کیا غیر.... جو بھی عقل رکھتا ہے.... تعریف کرتا چلا جاتا ہے.... جس نے صورت دیکھی تو وہ حسن یوسف علیہ السلام کو بھول گیا .... اور پھر تعریف کرتا چلا گیا.... اور جس نے سیرت دیکھی تو پکار اٹھا کہ بس.... یہی انسان کی ترقی کا سب سے آخری اور اونچا مقام ہے.... نہ ان جیسا کوئی پہلے تھا نہ ان جیسا کوئی بعد میں آسکتا ہے.... جو آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کو مسکراتا دیکھتا ہے وہ بھی تعریف میں ڈوب جاتا ہے.... اور جو میدان میں لڑتا دیکھتا ہے تو وہ بھی عش عش کے قصےدے پڑھتا ہے.... دنیا گدھے اور گھوڑے پر تھی تب بھی اسے رہنمائی.... محمدصلی اللہ علیہ وسلم کے در سے ملتی تھی.... اور اب دنیا طیاروں اور سیارچوں میں ہے.... مگر پھر بھی.... وہ محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی محتاج ہے.... انسانی مسائل جوں جوں بڑھتے جاتے ہیں.... محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعلیمات کی ضرورت اسی قدر بڑھتی جاتی ہے.... تب ہر عقل والا تعریف کرتا ہے.... اور تعریف کرتا چلا جاتا ہے .... محمد صلی اﷲ علیہ وسلم .... محمدصلی اللہ علیہ وسلم.... بعض اہل تحقیق اس پاک لفظ کا ترجمہ کرتے ہیں.... وہ ذات جس کی بہت تعریف کی جائے.... جی ہاں اﷲ تعالیٰ کے بعد پھر کس کی شان اور تعریف .... میرے آقا مدنی صلی اﷲ علیہ وسلم سے زیادہ ہوئی؟.... اوپر عرش سے لیکر نیچے فرش تک تعریف ہی تعریف....تعریف کا آغاز تو خود رب تعالیٰ نے کیا.... اور سورتوں کی سورتیں آیتوں کی آیتیں اپنے محبوب کی تعریف میں نازل کردیں.... حضرت جبرئیل علیہ السلام پہلی وحی لے کر آئے تو وحی بعد میں پڑھائی.... پہلے بے اختیار گلے لگ گئے.... فرشتوں کے جھرمٹ صبح سے شام تک زمین وآسمان کے درمیان درود شریف کے تحفے جمع کرتے ہیں.... اور پھر روضہ¿ اطہر پر پہنچا آتے ہیں.... کروڑوں انسان، صبح و شام کی ہر گھڑی.... اللہم صل علی محمد.... اللہم صل علی محمد.... ہر کوئی الگ رنگ سے پڑھتا ہے، ہر کوئی الگ ترنگ سے پڑھتا ہے.... ارے کیوں نہ پڑھتے محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کے سب پر احسانات ہی اتنے ہیں کہ.... ساری مخلوق مل کر ان کا بدلہ نہیں دے سکتی.... کیا انسان کیا جنات.... کیا سمندر کیا پہاڑ.... کیا آسمان کیا زمین.... سب پر میرے آقا صلی اﷲ علیہ وسلم کے احسانات ہیں.... اور سب کو ان احسانات کا اعتراف اور احساس ہے.... مگر سب عاجز ہیں کہ.... کیسے شکریہ ادا کریں، سب عاجز ہیں کہ کیسے تعریف کریں، سب عاجز ہیں کہ کس طرح سے محبت کا اظہار کریں.... تب .... ان کے دلوں سے آواز آتی ہے.... اللہم .... اے ہمارے رب آپ ہی یہ کام کرسکتے ہیں.... صل علی محمد.... آپ ہی نے ان جیسی کامل ومکمل اور محبوب ہستی پیدا کی.... اور آپ ہی ان کو بدلہ دے سکتے ہیں.... ان کا حق ادا کرسکتے ہیں.... صبح سے لیکر شام تک کروڑوں، اربوں بار اس زمین پر درود شریف پڑھا جاتا ہے.... جب عبدالمطلب نے اپنے یتیم.... اور ظاہری طور پر بے آسرا پوتے کا نام محمد رکھا تھا تو کون سوچ سکتا تھا کہ .... یہ سب کچھ ہوگا؟.... پھر ہم کیوں نہ کہیں کہ عبدالمطلب نے یہ نام خود نہیں رکھا.... بلکہ.... ان سے رکھوایا گیا .... ان کے دل پر اس پاک نام کو اتارا گیا.... ورنہ غریب اماں آمنہ کے یتیم بیٹے کو تو.... اس وقت وہ دائیاں بھی نہیں لے رہی تھیں.... جن کو.... زیادہ انعام کی لالچ تھی.... اسی لےے تو حلیمہ کے بھاگ کھلے اور اس کی قسمت جاگی.... ہاں.... محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی برکات اسی کو ملتی ہیں.... جو .... ملعون دنیا کا لالچی نہیں ہوتا.... کچھ محققین نے محمد کا ترجمہ کیا ہے.... خوبیوں والا.... تمام اچھی صفات والا.... الذی اجمعت فیہ الخصال المحمودة وہ ذات جس میں تمام بھلائیاں اور اچھی صفات جمع ہوگئیں.... اس ترجمے میں کوئی کافر بھی شک نہیں کرسکتا.... مگر سچ یہ ہے کہ .... محمد صلی اﷲ علیہ وسلم اس سے بھی اونچے ہیں.... اس لئےتو سعدی فقیر کہتا ہے.... خوبیاں ان میں جمع ہوگئیں یہ بات ٹھیک.... مگر حق یہ ہے کہ جو چیز ان میں آگئی.... وہی خوبی بن گئی.... وہی خوبصورت بن گئی.... خوبیوں نے انہیں خوبصورت نہیں بنایا.... بلکہ انہوں نے خوبیوں کو خوبصورت بنایا.... وہ نہ ہوتے تو کونسی چیز ہے جو خوبی کہلاتی.... اور کونسی چیز ہے جو خوبصورت کہلاتی؟.... ہاں اﷲ کی قسم.... ذات محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی طرح نام محمد صلی اﷲ علیہ وسلم بھی بہت پیارا ہے.... کیا ہم اس نام سے دور تو نہیں ہوتے جارہے؟.... کیا ہم اس ذات سے دور تو نہیں ہوتے جارہے؟.... عرب کا وباو٘ں زدہ شہر یثرب.... کس کے دم قدم.... اور کس کی برکت سے ”مدینہ منورہ“ .... مدینہ طیبہ.... طابہ اور طیبہ بنا.... کہ آج آسمان بھی جھک کر مدینہ کی زمین پر رشک کرتا ہے.... حبشہ کا کالا غلام.... حسن وعظمت کے اس مقام پر کیسے پہنچا کہ.... کروڑوں انسانوں کی آنکھیں ہر دور میں اس کی زیارت کو ترستی ہیں.... اور اس کی یاد میں عقیدت کے آنسو بہاتی ہیں.... کہاں مدینہ کی کچی گلیاں.... اور پھر کہاں روم و فارس کے لٹتے خزانے.... کہاں اپنے اونٹوں اور مونچھوں پر لڑنے والے.... اور پھر کہاں دنیا پر علم وحکمت کے خزانے لُٹانے والے.... جس طرف دیکھتے جائیں.... اور جس رخ پر سوچتے جائیں.... بے اختیار آنسو مچلنے لگتے ہیں.... اور زبان دل کو ساتھ لے کر پڑھتی ہے.... اللہم صل علی محمد.... اللہم صل علی سیدنا محمد.... آج ربیع الاول کا مہینہ شروع ہوئے تیسرا دن ہے.... میں عید میلاد النبی نہیں مناتا.... کیونکہ اگر میرا ایمان سلامت ہے تو میرا ہر دن عید میلاد النبی ہے.... مجھے ہر دن آقا صلی اﷲ علیہ وسلم کلمہ پڑھاتے ہیں، نماز سکھاتے ہیں.... اور معلوم نہیں کیا کچھ سکھاتے ہیں.... ایسا ہر مسلمان کے ساتھ ہوتا ہے.... ہم حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم سے جدا ہو کر.... نہ مسلمان رہ سکتے ہیں اور نہ انسان.... ہم ایک دن پیدائش مبارک کا جشن منائیں.... اور پھر انہیں بھول جائیں.... یہ ظلم ہوگا ظلم.... ان کے ساتھ نہیں.... اپنے ساتھ اور اپنی نسلوں کے ساتھ.... مگر ہم غیروں کے کرسمس سے متاثر ہو کر.... سچے عاشقوں کا طریقہ¿ محبت بھول جاتے ہیں.... ارے محبت کوئی آسان کام تو نہیں ہے؟.... پیٹ، معدے اور لالچ کے اس زمانے میں تو محبت ویسے ہی اس دنیا سے روٹھ کر میکے چلی گئی ہے.... محبت سیکھنی ہے تو صحابہ کرام سے سیکھو.... محبت سیکھنی ہے تو ازواج مطہرات سے سیکھو.... محبت سیکھنی ہے تو اماں فاطمة الزہراءسے سیکھو.... چند جلتے بجھتے بلب، دوچار رنگین جھنڈیاں ایک آدھ جلوس.... اور پھر کھانے کی دیگ.... ارے نہ تم نے محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی شان کو سمجھا اور نہ ان کی محبت کو.... امام قرطبی ؒ اپنی تفسیر میں لکھتے ہیں کہ .... حضرت عبداﷲ بن زید رضی اﷲ عنہ کو خبر ملی کہ.... آقا صلی اﷲ علیہ وسلم نے وصال فرمالیا ہے .... فوراً قبلہ رخ ہوکر پکارے.... اے ربا! آنکھیں واپس لے لے.... ان کا کام اب ختم ہوچکا ہے.... دعاءایسی سچی تھی کہ فوراً قبول ہوگئی.... امام رازیؒ.... نے تفسیر کبیر میں.... اور دوسرے مفسرین نے بھی اپنی تفاسیر میں لکھا ہے.... آقا مدنی صلی اﷲ علیہ وسلم احد کے دن زخموں سے چور تھے.... خون اتنا بہہ گیا تھا کہ غشی کے دورے پڑتے تھے.... بی بی فاطمہ رضی اﷲ عنہا.... ابا حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کے زخم دھو دھو کر قربان ہورہی تھیں .... اچانک آقا صلی اﷲ علیہ وسلم نے اٹھ کر مشرکین کے تعاقب کا فیصلہ فرمایا.... اور اعلان ہوا کہ.... جو اُحد کی لڑائی میں شریک تھا.... صرف وہی میرے پیچھے چلا آئے.... تب آسمان نے عشق ووفا کا وہ منظر دیکھا.... جسے وہ کبھی نہیں بھلا سکے گا.... کیسے بھلائے گا؟.... جب عرش والے رب نے اس منظر کو قرآن پاک کی انمٹ آیت.... اور اپنے قدیم کلام کا ازلی حصہ بنادیا ہے.... بہتے زخموں اور کٹے جسموں کے ساتھ .... تکبیر کے نعرے بلند ہوئے.... اور مدینہ سے حمراءالاسد تک آٹھ میل کی زمین.... اس زخمی، قافلے کے خون سے گل رنگ ہوگئی.... قافلہ جارہا تھا ساٹھ ستر کے درمیان کی نفری تھی.... اور ادھر دو عاشق اپنے زخموں سے کراہ رہے تھے.... اور بے چینی سے تڑپ رہے تھے.... او میرے یار آقا چلے گئے.... وہ دیکھو.... وہ جارہے ہیں.... اور ہم پیچھے رہ گئے.... آقا بھی تو زخمی تھے.... وہ جائیں اور ہم ان کے ساتھ نہ ہوں.... ہائے دل پھٹ رہے ہیں.... سر سے پاو٘ں تک رستے زخم بھول گئے.... شکست کا غم یاد نہ رہا .... خون سے خالی جسم کے تقاضے دماغ سے نکل گئے.... ارے یار! آقا تشریف لے جارہے ہیں.... اور ہم یہاں؟.... اٹھو ہمت کرو.... مگر کہاں؟.... آخر انسان تھے گوشت کٹ چکا تھا.... خون نچڑ چکا تھا.... تب .... ایک معاہدہ ہوا.... یار میں ہمت جمع کرکے اٹھتا ہوں.... اور تمہیں بھی اپنی کمر پر لاد تا ہوں.... جتنی دیر چل سکا چلتا رہوں گا.... جب گر جاو٘ں گا تو تم میرا بوجھ اٹھا لینا.... پھر وہ دونوں آقا صلی اﷲ علیہ وسلم کے پیچھے اسی شان سے روانہ ہوگئے.... گرتے پڑتے، ایک دوسرے کو اٹھاتے.... اور پھر آقا کے قدموں تک پہنچ گئے.... مگر آسمان کی وحی ان سے پہلے.... ان کی تعریف میں پہنچ چکی تھی.... گویا اس منظر نے زمین وآسمان کو اپنے گھیرے میں لے لیا تھا.... آو٘ عید میلاد النبی منانی ہے تو اس شان سے مناو٘.... جیسے.... ان دو حضرات نے منائی.... آج بھی تو آقا صلی اﷲ علیہ وسلم کے دین کو.... ایسے زخمی قافلوں کی ضرورت ہے.... مگر کہاں؟.... ہم تو بہت دور نکل گئے ہیں.... بہت دور.... آو٘ واپسی کی کوشش کریں.... ورنہ تباہ ہوجائیں گے، برباد ہوجائیں گے.... بات چل رہی تھی.... نام محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی.... یہ کتنا پیارا نام ہے.... کتنا پیارا.... امت مسلمہ نے جہاں.... اس نام والے سے اپنا رشتہ مضبوط رکھا وہاں انہوں نے.... اس نام کو بھی خوب مضبوطی سے تھامے رکھا.... محدثین، مفسرین کے نام پڑھ لیجئے.... کوئی محمد.... کوئی احمد.... میرے ارد گرد کئی کتابیں پڑی ہیں.... اکثر مصنفین کے نام محمد یا احمد.... سبحان اﷲ امت نے ذات کی برکتیں بھی حاصل کیں.... اور نام کے مزے اور برکتوں سے بھی پورا پورا حصہ لیا .... مجوسیوں اور بدھ متوں کے علاقے بخارا کی ایک عورت نے پتہ نہیں کیا سوچ کر.... اپنے.... لخت جگر کا نام محمد.... رکھا.... اور پھر یتیمی میں اسے پالا.... آج اس عورت کے بارے میں پوچھو وہ کون ہے؟.... ساری علمی دنیا کہتی ہے.... وہ تو امام بخاریؒ کی ماں ہے.... جی ہاں محمد بن اسماعیل بخاریؒ کی ماں.... یہ میرے ساتھ تفسیر قرطبی پڑی ہے.... عجیب بلند پایہ تفسیر.... میں سالہا سال سے اس کا دیوانہ ہوں اور اب تو کئی دن سے الحمدﷲ روزانہ آٹھ گھنٹے میں اس کے قریب رہتا ہوں.... آج سے پہلے مجھے کبھی خیال نہ آیا کہ مصنف کا پورا نام تو دیکھ لوں.... بس اتنا پتا تھا کہ وہ ”امام قرطبی“ ہیں.... جس آیت کی تفسیر سمجھنی ہوتی ہے.... وہی صفحہ کھول لیتا ہوں.... آج اسم محمد پر لکھنے بیٹھا تو کتاب پر غور سے نام دیکھا.... یہ بھی ”محمد“ ہیں.... ابو عبداﷲ محمد بن احمد الانصاری القرطبی.... یہ دیکھیں یہ شہرہ آفاق تفسیر.... البحر المحیط میرے بائیں جانب رکھی ہے.... ماشاءاﷲ کمال کی تفسیر ہے.... اور واقعی علم کا البحر المحیط یعنی سمندر ہے.... اس کے مصنف کا نام بھی محمد ہے.... محمد بن یوسف ابو حبان اندلسی.... دیکھا آپ نے مسلمان کتنے شوق سے .... اپنے بچوں کا نام محمد رکھتے تھے.... اور پھر کتنے اہتمام سے ان کو اس نام کی لاج رکھنے کے قابل بناتے تھے.... آج جبکہ یورپ کے برے لوگوں نے.... حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کے خلاف.... ایک نئی جنگ شروع کی ہے.... اور کارٹونوں کا سہارا لیکر اپنے دل کا بغض نکالا ہے تو.... ہمیں اس جنگ کاجواب تین طریقے سے دینا ہوگا.... ان میں سے ایک طریقہ یہ ہے کہ.... ہم .... اس مبارک نام کو اور زیادہ پھیلائیں.... اور ہم میں سے ہر مرد اور عورت مسلمان.... اس بات کی نیت کرلے کہ.... ان شاءاﷲ.... میں اپنے ایک بیٹے کا نام محمد رکھوں گا.... تب کچھ عرصہ بعد.... محمد نام کے لاکھوں بچے ایمان اور قرآن کے سائے میں پل کر.... جوان بنیں گے.... اور ایک ایک گھر، ایک ایک گلی میں.... حافظ محمد.... عالم محمد، مجاہد محمد.... مفتی محمد اور.... کمانڈر محمد ہوں گے.... جب آپ اور ہم یہ مبارک نیت کریں تو ساتھ.... اس بات کا بھی عزم کریں کہ.... ہم اپنے محمد کو.... حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کا سچا امتی بنائیں گے.... اسے قرآن پاک حفظ کرائیں گے.... اسے تیراکی اور گھڑ سواری سکھائیں گے.... اسے دین کا علم پڑھائیں گے.... اور اسے جانباز وجری مجاہد بنائیں گے .... آپ کو معلوم ہے.... حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کتنے بہادر تھے؟.... امام رازیؒ نے سورة نساءکی آیت ۴۸ کی تفسیر میں لکھا ہے کہ.... پوری مخلوق میں سب سے بڑے بہادر حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم تھے.... اور آپ تمام مخلوق میں سب سے زیادہ جنگی امور کے ماہر تھے.... کےا آپ کو معلوم ہے؟.... آخری زمانے کے سب سے بڑے مجاہد کا نام کیا ہوگا؟.... جی ہاں وہ بھی محمد ہوں گے جن کا لقب مہدی ہوگا.... چونکہ وہ مسلمانوں کے امیر بھی ہوں گے اس لےے ان کو امام کہا جاتا ہے....یعنی حضرت امام مہدی.... اب اگر ہم بھی ہر گھر میں.... کم از کم ایک محمد.... حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق تیار کریں تو انشاءاﷲ.... اس نام کا .... ایک پورا مبارک لشکر وجود میں آجائے گا.... ہمارے اندر عجمی رسم ورواج کی وجہ سے.... نئے نئے نام رکھنے کا ایک غلط شوق رائج ہے.... گھر میں بچے کا نام رکھتے ہوئے.... اس بات کا پورا زور لگایا جاتا ہے کہ.... یہ نام.... پورے خاندان میں پہلے کسی کا نہ ہو.... اور بالکل نیا ہو.... اس بری رسم نے ہمیں پرویز جیسے .... غلط ناموں پر ڈال دیا ہے.... آپ حضرات صحابہ کرام اور صحابیات کے نام دیکھیں.... ایک ہی گھر میں کئی بچوں کا ایک ہی نام رکھ دیا جاتا تھا.... آج بھی عربوں میں یہ اچھا رواج موجود ہے.... وہ اس فکر میں نہیں پڑتے کہ خاندان میں ایک نام کے کئی افراد نہ ہوں.... بلکہ اس بات کی فکر کی جاتی ہے کہ بچے کا اچھے سے اچھا نام رکھا جائے.... عربوں میں اکثر اپنے بڑے بیٹے کا نام اس کے دادا کے نام پر رکھا جاتا ہے.... جبکہ ہمارے ہاں یہ اچھا خاصا عیب شمار ہوتا ہے.... پورے خاندان میں ایک بچی کا نام ”عائشہ“ ہوگیا تو بس اب یہ بابرکت نام.... پورے خاندان کیلئے ممنوع .... ہمارے ایک محترم بھائی فرماتے ہیں کہ.... ہر گھر میں ایک ”عائشہ“ ہونی چاہئے.... ان کی دل سے نکلی ہوئی اس بات کا یہ اثر ہوا کہ اس وقت بعض گھرانوں میں ایک چار دیواری میں ماشاءاﷲ تین تین ”عائشہ بیبیاں“ موجود ہیں.... اسی طرح ہمارے ہاں لمبے چوڑے نام رکھنے کا رواج ہے.... حالانکہ.... نام اگر ایک لفظ پر مشتمل ہو تو بہتر ہے.... جیسے محمد.... احمد.... عمر.... مگر ایک رواج چل پڑا ہے کہ.... شعر کے ایک مصرعہ کے برابر نام رکھا جاتا ہے.... پھر.... آگے پیچھے، ملک، چودھری، خان، حافظ، قاری، علامہ، سید، بخاری، کاظمی.... معلوم نہیں کیا کیا لگا کر.... نام کو.... پورا ایک کالم بنادیا جاتا ہے.... بات کچھ دور نکل گئی.... خلاصہ یہ ہے کہ.... یورپ کی جنگ کا جواب دینے کیلئے جو تین اقدامات اس وقت ضروری محسوس ہورہے ہیں.... ان میں سے.... ایک یہ بھی ہے کہ.... ہم اس پاک نام کو خوب پھیلائیں.... بعض لوگ یہ نام رکھنا بے ادبی سمجھتے ہیں.... حالانکہ ایسا ہر گز نہیں ہے.... یہ بے ادبی نہیں محبت کی علامت ہے.... بس پھر دیر کیسی .... آج سے ہی یہ مہم شروع ہوجائے کہ اب جو بیٹا.... اﷲ پاک دے گا.... اس کا نام محمد ہوگا.... اور اس کا کام جہاد محمد صلی اﷲ علیہ وسلم ہوگا.... اس مبارک بیٹے کے آنے سے پہلے.... خود کو.... سیرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کے مطابق بنالیں.... اس کے استقبال کےلئے .... گھر کو ٹی وی سمیت تمام امراض سے پاک کرلیں.... اور جب وہ آجائے تو پھر .... اسے ایسا تیار کریں کہ.... جوان ہوتے ہی.... حضرت امام مہدی کے لشکر کا جانباز سپاہی بن سکے.... جب ہر طرف.... لاکھوں خوبصورت، پاک سیرت.... اور تگڑے مضبوط جوان.... اپنا نام محمد بتا رہے ہوں گے تو.... یہ منظر اسلام کے لئے کتنا خوشگوار.... اور دشمنان اسلام کیلئے کتنا عجیب پیغام ہوگا.... کارٹون بنانے والے کی قبر پر.... ایک کالا کتا پیشاب کر آئے گا.... اور کہے گا اے مردار! اگر میرا مالک میرا نام تیرے نام جیسا رکھ دے.... تو میں اسے اپنی توہین سمجھوں گا.... اور دوسری طرف لاکھوں جانباز محمد.... ہاتھوں میں قرآن پاک اور تلوار اٹھائے.... جھوم جھوم کر پڑھ رہے ہوں گے.... اللہم صل علی سیدنا محمد .... اللہم صل علی سیدنا محمد.... تب آسمان، زمین.... مٹی پتھر، پھول پتے.... اور بارش کے قطرے بھی پکاریں گے.... اللہم صل علی محمد.... اللہم صل علی سیدنا محمد.... ہاں اس وقت بھی کائنات میں.... اﷲ تعالیٰ کے بعد حضرت محمد کا نام چل رہا ہے.... اور آئندہ بھی انہیں کا نام چلتا رہے گا.... ورفعنا لک ذکرک اور اے محمد صلی اﷲ علیہ وسلم ہم نے آپ کا ذکر بلند کردیا.... (القرآن) جی ہاں اﷲ تعالیٰ نے ان کا نام بلند کردیا.... بہت بلند، بہت بلند.... آئیں مل کر پڑھیں.... اور جھوم کر پڑھیں اللہم صل علی سیدنا محمد.... اللہم صل علی سیدنا محمد.... اللہم صل علی سیدنا محمد....
 

شمشاد

لائبریرین
علی عمران صاحب سعدی صاحب نے بہت اچھا لکھا ہے۔ دعا ہے اللہ ہمیں عمل کرنےکی توفیق عطا فرمائے۔
 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلام علیکم
جزاک اللہ عمران بھائی بہت ہی اچھی اللہ سعدی صاحب کی عمر میں برکت دے

السلام علیکم

واجد حسین
 

اظہرالحق

محفلین
کہنے کو تو بہت کچھ ہے اس پر مگر ایک بات جو شاید آپکے علم میں بھی ہو ۔ ۔ کہ محمد نام دنیا میں سب سے زیادہ رکھا جانے والا نام ہے ، دوسرا ابھی کچھ عرصہ پہلے یہاں یو اے ای میں ایک ہی جگہ ایک ہی نام والے لوگ جمع ہوئے تھے جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے اور بلاشبہ وہ نام محمد تھا ۔ ۔ اور پھر ایک اچھی روایت جو ادھر عربوں میں ہے کہ جب بھی کسی اجنبی کو پکارتے ہیں ۔ ۔ تو اسے یا محمد کہ کہ بلاتے ہیں ۔ ۔ ۔ واقعٰی ہی یہ اس نام کی برکت ہے ۔۔ ۔ جو آج ہم اتنے برے ہو کر بھی اس نام کی عظمت کے قائل ہیں ۔ ۔ ۔ اللہ ہمیں نبی (ص) سے محبت کی توفیق دے ۔ ۔ آمین
 
Top