اچانک جب کبھی تیری حویلی یاد آتی ہے۔اسلم کولسری

اچانک جب کبھی تیری حویلی یاد آتی ہے
اذیت جس قدر بھی دل نے جھیلی، یاد آتی ہے
کوئی بھی زندگی کا مسئلہ باقی نہیں رہتا
تِری پوچھی ہوئی جب جب پہیلی یاد آتی ہے
مہک، آواز، رنگت، روشنی، مسکان، خاموشی
جب آتی ہے کہاں تیری اکیلی یاد آتی ہے
چمن میں جب نظر پڑتی ہے شاخِ گل کے سائے پر
تِرے جذبات کی محرم سہیلی یاد آتی ہے
دمِ رخصت تری ویران اور خاموش آنکھوں سے
جو چھلکی تھی صدا ’’اللہ بیلی‘‘ یاد آتی ہے
گزرتی ہے مرے کمرے سے جب بھٹکی ہوئی خوشبو
تری پوروں میں بل کھاتی چنبیلی یاد آتی ہے
 
Top