عدم اٹھو ، سبو اٹھاؤ اٹھو ساز و جام لو - عبدالحمید عدم

اٹھو ، سبو اٹھاؤ اٹھو ساز و جام لو
دو دن کی زندگی ہے کوئی نیک کام لو​

یا تم بھی میرے ساتھ ہی گر جاؤ جھوم کر
یا پھر مجھے بھی فرط محبت سے تھام لو

یہ بھی سلام لینے کا ہے قاعدہ کوئی؟
آنکھیں ملاؤ ہاتھ بڑھا کر سلام لو

آتی ہے لوٹ کر کہاں عمر گریز پا
اس خانماں خراب سے خوب انتقام لو

کیوں چپ کھڑے ہو حشر میں ، کیا بات ہے عدم
ظالم ، کسی فریق مخالف کا نام لو

عبدالحمید عدم​
 

طارق شاہ

محفلین
یا تم بھی میرے ساتھ ہی گر جاؤ جھوم کر
یا پھر مجھے بھی فرط محبت سے تھام لو

دوسرے مصرع میں 'بھی' کی جگہ ' ہی' آنا بنتا ہے
کہیں ٹائپو تو نہیں۔

غزل شیئر کرنے پر شکریہ قبول کریں
بہت خوش رہیں
 
یا تم بھی میرے ساتھ ہی گر جاؤ جھوم کر
یا پھر مجھے بھی فرط محبت سے تھام لو

دوسرے مصرع میں 'بھی' کی جگہ ' ہی' آنا بنتا ہے
کہیں ٹائپو تو نہیں۔

غزل شیئر کرنے پر شکریہ قبول کریں
بہت خوش رہیں

نہیں سر !! یہ اسی طرح درج ہے کوئی ٹائپو نہیں-
 
Top