اونٹ پہاڑ ے کے نیچے - نادِر خان سَرگِروہ، مقیم مکہ مکرمہ

کاشفی

محفلین
طنز و مزاح۔۔۔۔۔چند محاوروں کو اپنے طریقے سے استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔۔۔
اونٹ پہاڑ ے کے نیچے

(نادِر خان سَرگِروہ ۔۔۔مقیم مکہ مکرمہ)
دو اےکم دو ، دو دُونی چار ، دو تِیا چھ ، دو چوک۔۔۔۔کبھی کبھی میں یہ سوچتا ہوں۔(یوں بھی میں کبھی کبھی ہی سوچتا ہوں) کہ ہمیں یہ پہاڑے کیوںکر رٹائے جاتے ہیں؟پہاڑوں کا دوسرا نام ۔۔۔ذہنی ضرب ہے ۔ یعنی چیخ چیخ کر عرشِ محلہ ہلا نا اور ذہن پر ضرب لگانا، جس کا حاصلِ ضرب= کچھ بھی نہیں۔
صبح صبح اسکول پہنچتے ہی ۔۔۔ آنکھ ، کان اور دماغ کا کھُلنا ضروری ہوتا ہے۔ اِسی لئے شاید بچوں سے کھوپڑی چٹخانے والی آواز میں پہاڑے پڑھوائے جاتے ہیں۔روز روز کی رٹائی سے بچے اِتنے عادی ہو جاتے ہیں کہ چار نوا چھتیس اور نو چوک چھتیس میں کوئی فرق ہی نہیں سمجھتے۔ اِس کثرتِ رٹائی سے اسکول کے آس پاس کے لوگ پہاڑ جیسے دِن کا سامنا کرنے سے پہلے پہاڑوں کے مخصوص راگ۔
'راگ پہاڑی ' کا اچھی طرح ریاض کر لیتے ہیں۔پہاڑوں اور گِنتی کا اگر تقابُلی جائزہ لیا جائے تو۔۔۔گِنتی کی حیثیت پہاڑے کے سامنے ایسی ہے جیسے ۔۔۔'پہاڑ ے کے آگے رائی'۔
گِنتی ہے رینگتا ہُوا گھُونگھا ۔۔۔اور۔۔۔پہاڑ
ے ہیں۔۔۔ڈگ بھرتے ~~~~ہِرن.~~~~



(جاری ہے۔۔۔۔۔)
 

کاشفی

محفلین
گزشتہ سے پیوستہ۔۔۔۔۔۔

(گزشتہ سے پیوستہ۔۔۔۔۔۔)

بچپن میں مجھے پہاڑوں سے بہت ڈر لگتا تھا۔ وہ اِس لےئ کہ اِن میں ڈاکُو چھُپے رہتے ہیں۔پہاڑوں سے پچاس پچاس کوس دُور جب شام گڑھ ْمیں کوئی بچہ روتا ہے توسوتیلی ماں کہتی ہے " بیٹا سو جا ! نہیں تو پہاڑوں سے گبّر آ جائے گا۔ وہ دو مارے گا ، ایک گِنے گا۔چار مارے گا، دو گِنے گا۔چھ کی چھ مارے گا ، تین گِنے گا۔ اور جو وہ مارے گا ۔۔۔ نا! سب کی سب گولِیاں ہوں گی۔وہ پہاڑے نہیں رٹتا۔۔۔پہاڑوں سے آتے ہی پہاڑ ے ڈھاتا ہے"۔

(جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔)
 

کاشفی

محفلین
گزشتہ سے پیوستہ۔۔۔۔۔۔

(گزشتہ سے پیوستہ۔۔۔)

اب تو پہاڑوں میں ۔۔۔گِنتی کے ہی ڈاکُو رہ گئے ہیں۔گئے وہ دِن جب' جنابِ گبّر'پہاڑوں میں خلیل خان والی فاختائیں اُڑایا کرتے تھے۔ اب تویہ سب۔۔
قصئہ پہاڑینہ ہو چُکے۔لیکن پہاڑ جیسا دِکھنے والا اَمریکا کہتا ہے کہ اِن پہاڑوں میں دہشتگرد چھُپے ہُوے ہیں مگر اُسے ٹھیک ٹھیک نہیں پتہ کہ کون کون سے پہاڑے میں۔
میں بات کر رہا تھا بچپن کی۔۔۔بچپن میں جب میں بڑا ہُوا تو پہاڑوں کا ڈر بھی نِکل گیا۔آپ کو یقین ہو نہ ہو۔۔۔ میں دو سے دس تک کے پہاڑوں سے آنکھیں موُند کر ٹکر لیتا تھا۔لیکن اِس سے آگے۔۔۔گیارہ ، بارہ ، تیرہ کے اُونچے اُونچے پہاڑوں کی ڈانْک مجھ سے کاٹی نہیں جاتی تھی۔ یہاں پہنچ کر میری حالت
فرہاد سے بھی بد تر ہو جاتی تھی۔فرہاد کے ہاتھ میں تو ایک عدد تِیشہ بھی تھا۔اوراُسے اُن پہاڑوں سے شیریں بھی مِلنے والی تھی۔میں نے بچپن میں یہی سُنا تھا کہ
فرہاد نے شیریں کو۔۔۔ پہاڑے کاٹ کر ہی حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔بڑی بات نہیں کرتا۔۔۔ بچپن میں میرے سامنے بھی ایسی ہی پیشکش رکھی جاتی تھی۔ میرے ایک دُور کے چچا اکثر کہتے " بیٹا! پہاڑے سُناؤ۔۔۔ تُمہیں شیرینی ملے گی"۔گردِشِ اَیام نے آج مجھے اُن کا داماد بنا دِیا ہے۔قسم پہاڑوں کی۔۔۔
میں اِتنا بے وقوف آج تک نہیں بنا۔سب جوڑیاں آسمانوں میں بنتی ہیں۔میراجوڑ۔۔۔پہاڑوں میں بنا۔


(جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔)
 

کاشفی

محفلین
(گزشتہ سے پیوستہ۔۔۔۔)

چلیں پھِر بات کرتے ہیں بچپن کی۔وہ پہاڑوں کے دِن بھی کیا دِن تھے۔اُن دِنوں میرا ایک ہم جماعت تھا جوپہاڑوں کا طوطا تھا اور پہاڑے کی چوٹی پر تھا ۔ پہاڑے اُس کے لئے ایسے تھے جیسے ' رُوئی کے پہاڑے '۔میں اکثر اپنی کمزوری چھُپانے کے لئے اُس کے بغل میں کھڑا ہو جایا کرتا تھا۔اور اُس کے سُر میں سُر مِلاتا تھا۔
پھِر ہوتا یوں کہ وہ گُلوکار اور میں موسیقار~~~~ بھی کبھارتو ایسا بھی ہوتا کہ میں موسیقی میں اتنا مگن ہو جاتا تھاکہ گُلوکاری تھم جاتی تھی مگر میرا راگ نہ تھمتا تھا۔ اُس کے بعد تو مُجھ پر'پہاڑ ا ٹوٹتا تھا'۔پہاڑ جیسے اُستاد کو یہ سمجھتے دیر نہ لگتی تھی کہ یہ' ریت کے پہاڑے ہیں'۔در اصل میں ایسا اُونٹ ہوں جو کبھی 'پہاڑے کے نیچے' آیا ہی نہیں
پہاڑے۔۔۔۔ اصل زندگی میں ہمیں بہت کچھ سِکھاتے ہیں۔اِن پہاڑوں میں تو بڑے بڑے خزانے پوشیدہ ہیں۔ دو ےکم دو ، دو دُونی چار ، دو تِیا چھ ،
دو چوک آٹھ۔اِسی طرح چھلانگ لگتی ہے ۔اور جیسے جیسے ہم آگے بڑھتے ہیں ، یہ چھلانگ~~~~ اور بھی لمبی ہوتی جاتی ہے۔گِنتی کو چھوڑ ۔۔۔پہاڑوں کے اُصول پر عمل کر کے ہم۔۔۔ چھوٹی چھوٹی کوششوں کو۔۔۔ چھوٹی چھوٹی کامیابیوں سے ضرب دے کر بڑی بڑی ۔۔۔کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔پہاڑوں کی رٹائی چھوڑ کر چڑھائی شروع کرنی ہو گی اور.......اُونٹ کو پہاڑے کے اُوپر لانا ہوگا۔


(ختم شد)
 

نایاب

لائبریرین
السلام علیکم
محترم کاشفی بھائی
سدا خوش رہیں آمین
ماشااللہ
بہت اچھی تحریر سے نوازا ہے آپ نے ۔
نایاب
 

کاشفی

محفلین
سارہ خان صاحبہ۔۔
شاہ صاحب۔۔

شمشاد بھائی۔۔۔

اور نایاب بھائی۔۔

بہت بہت شکریہ۔۔سب خوش رہیں۔۔ہنستے مسکراتے۔۔
 

خوشی

محفلین
بہت خوب کاشفی جی اس خوبصورت تحریر کے لئے آپ کا بے حد شکریہ جو اچھاادب پڑھنے کا موقع دیا
 

کاشفی

محفلین
بہت خوب کاشفی جی اس خوبصورت تحریر کے لئے آپ کا بے حد شکریہ جو اچھاادب پڑھنے کا موقع دیا

شکریہ خوشی جی۔۔ میں نے نادر بھائی کو دعوت دے دی ہے۔۔۔اس فورم کا ممبر بننے کے لیئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔نادر بھائی کی طرف سے بھی بیحد شکریہ۔۔۔
 

شاہ حسین

محفلین
شکریہ خوشی جی۔۔ میں نے نادر بھائی کو دعوت دے دی ہے۔۔۔اس فورم کا ممبر بننے کے لیئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔نادر بھائی کی طرف سے بھی بیحد شکریہ۔۔۔

یہ بہت نیک کام کیا جناب آپ نے ۔ امید ہے جناب نادر صاحب اپنی خوبصوت تحاریر سے محفل کو مزید رونق بخشیں گے ۔
 
Top