اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ رحمت الٰہی برق اعظمی

کاشفی

محفلین
حمد باریء تعالیٰ
سبحان اللہ وبحمدہ سبحان اللہ العظیم

مالک دو جہاں، خالق رنگ و بو
تیرے جلوے ہیں بکھرے ہوئے چار سو

جس طرف دیکھئے ہے اُدھر تو ہی تو
نغمہ زن کیوں نہ ہو بلبل خوش گلو


اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو

ہیں تیری صنعتیں اس قدر دل نشیں
محو حیرت ہیں سب آسماں و زمیں

علم بخشا ہے تو نے جنہیں وہ حسیں
آئینہ رکھ کے کہتے ہیں یہ رو برو


اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو

صبح دم جب چلی ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا
سجدہء شکر میں ہر شجر جھک گیا

یک زباں ہو کے ہر برگ گل نے کہا
آب شبنم سے گلشن میں‌کر کے وضو


اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو

رات دن ہے پپیہے کے وردِ زباں
جستجو میں تری پی کہاں پی کہاں

قمریاں کہہ رہی ہیں بطرزِ فغاں
تیرے شوق لقا میں بصد آرزو


اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو

پڑھ کے دیکھ اس کو غافل ہے کیا سوچتا
اس سے ہوتی ہے ہر ایک حاجت روا

نام باری کی برکت کا کیا پوچھنا
جس نے دل سے پڑھا ہو گیا سرخ رو


اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو

اے خدا تیری توصیف میں میں تو کیا
اچھے اچھوں کا بھی بند ہے ناطقا

شاہ خاور جو مشرق سے ظاہر ہوا
وہ بھی چپکے سے کہہ کر ہوا قبلہ رو


اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو

اپنی ہر سانس پر غور کر تو ذرا
صاف سننے میں آئے گی ھو، کی صدا

دم کے ساتھ اس کا جاری ہے جب سلسلہ
کیوں نہ ہر دم کہے برق اے نیک خو


اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو ۔ اللہ ھو


(رحمت الٰہی برق اعظمی)
 

الف عین

لائبریرین
شکریہ کاشفی، برق صاحب کے صاحب زادے برقی صاحب کی طرف سے بھی۔ احمد علی برقی یہاں بھی شریک محفل ہیں۔
 

کاشفی

محفلین
شکریہ کاشفی، برق صاحب کے صاحب زادے برقی صاحب کی طرف سے بھی۔ احمد علی برقی یہاں بھی شریک محفل ہیں۔

بابا جانی شکریہ ادا کر کے مجھے شرمندہ مت کیا کریں۔۔پلیز۔۔۔
برقی صاحب اور ان کے صاحبزادے کو میری طرف سے سلام و آداب عرض کیجئے گا پلیز۔۔۔اپنا خیال رکھیں اور خوش رہیں۔۔۔۔
 

کاشفی

محفلین
برقی صاحب کا تو انتقال ہو چکا عزیزم!!

مجھے معلوم نہیں تھا بابا جانی۔۔معذرت۔۔

اللہ رب العزت برقی صاحب کو جنت الفردوس میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پڑوسی بنائے آمین۔۔۔ثم آمین۔۔

صلی اللہ علیہ وسلم
 
Top