اقبال کے مجموعے

الف عین

لائبریرین
مہوش نے شروع میں ارمغان حجاز اقبال لائبریری سے جمع کر کے ای بک بنائ تھی، اس کے بعد سارے اراکین اقبال کے مجموعقں کو بھول بیٹھے ہیں؟؟؟ میں بھی بھول گیا تھا اور آج خیال آیا کہ چچا غالب کے بعد اقبال ماموں کی دعائیں لی جائیں۔ دن بھر دو کتابیں صفحہ بہ صفحہ داؤن لوڈ ہو کر محفوظ ہو رہی ہیں۔ جب کہ مجھے اس طرح ڈاؤن لوڈ بھی پسند نہیں اور نہ اپ لوڈ۔ بانگِ درا اور ضربِ کلیم جاری ہے۔ بالِ جبرئیل ابھی نہیں ہوئ، کوئ کر چکا ہو تو مجھے بھیج دیں۔
اہم بات یہ ہے کہ ضربِ کلیم میں نظم مردِ فرنگ کا صرف عنوان دیا گیا ہے، لیکن نظم غائب ہے، کوئ صاحب یا صاحبہ مدد کریں گے؟
اس تحریر میں عربی کی ی استعمال کی گئ ہے اور کہیں کہیں عربی کہی گول چھوٹی ہ بھی۔ ۂ کو بھی ئہ لکھا گیا ہے۔ یہ ارمگان حجاز میں بھی غلطی ہے، مہوش نے درست نہیں کیا تھا اپنی ای بک میں۔
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
السلام علیکم اعجاز اختر صاحب ، مردِ فرنگ ضربِ کلیم سے پیش کر رہی ہوں۔



مردِ فرنگ

ہزار بار حکیموں نے اس کو سلجھایا
مگر یہ مسئلۂ زن رہا وہیں کا وہیں

قصور زن کا نہیں ہے کچھ اس خرابی میں
گواہ اس کی شرافت پہ ہیں مہ و پرویں

فساد کا ہے فرنگی معاشرت پہ ظہور
کہ مرد سادہ ہے بیچارہ زن شناس نہیں



آپ کی شکایت بجا ہے، دراصل شروع میں اس موضوع پر بات ہوئی تھی اور کچھ متضاد رائے سامنے آئی تھی کہ جو تخلیقات پہلے سے دوسری سائٹس پر موجود ہیں ان پر یہاں (لائبریری کے آغاز میں) یونیکوڈ میں کام کیا جائے یا نہیں، یوں یہ سلسلہ باقاعدہ آگے نہیں بڑھ سکا، پھر مہوش علی بھی کافی وقت سے ہمارے ساتھ نہیں ہیں، لیکن اب آپ نے دوبارہ شروع کیا ہے تو بے صبری کے ساتھ انتظار ہے کہ جلد ہی کلیاتِ اقبال لائبریری کی زینت بن جائے گی۔
 

قیصرانی

لائبریرین
اعجاز اختر نے کہا:
اور اس ربط پر دیکھیں ذرا۔ ابھی تین چار بار کوشش کی لیکن ایک چینی صفحہ لوڈ ہو رہا ہے!!!
http://www.allamaiqbal.com/works/poetry/urdu/bang/text/part03/28.htm
استادٍ محترم فانٹ کا مسئلہ ہے۔ ہر لائن پر کئی اردو الفاظ دکھائی دیتے ہیں، لیکن باقی سارے سوالیہ نشانات ہیں
قیصرانی
 

الف عین

لائبریرین
میرے پاس اقبال کی کتابیں علی گڑھ میں ہیں یہاں یا حیدر آباد میں نہیں۔ اور یہاں بھی لائبریری جانا ہوگا۔ بہر حال سوال یہ ہے کہ علامہ اقبال ڈاٹ کام سے جو میں ڈاؤن لوڈ کر رہا ہوں دوسرے دریچے میں، تو اس میں دو باتیں محسوس کی ہیں۔ ایک تو میرا یہ خیال ہے کہ جن منظومات کے عنوانات نہیں دئے گئے ہیں، ان کا شائع شدہ مجموعوں میں محض کسی علامت کے ساتھ ۔ ستارہ یاگولہ۔ دو نظموں کو علیٰحدہ کیا گیا ہے لیکن ویب پر چار چار مصرعوں کے قطعات کو بھی عنوانات دئے گئے ہیں، ان کے پہلے مصرعوں کو۔ کیا شائع شدہ مجموعوں میں بھی یہی روایت ہے؟
دوسرے یہاں
http://www.allamaiqbal.com/works/poetry/urdu/bal/text/
دیکھیں، رباعیات کا عنوان کے تحت بھی قطعات دئے گئے ہیں،۔/ ممکن ہے کہ دو چار رباعیات ہوں، تقطیع کر کے دیکھنا ہوگا، لیکن زیادہ تر تو یہ چار چار مصرعوں یا چھہ آٹھ مصرعوں کے قطعات ہی ہیں۔
 

الف عین

لائبریرین
لیجئے ان دو ،منظومات میں بھی گڑبڑ ہے۔
جاويد کے نام
فلسفہ ومذہب
دونوں بالِ جبریل میں۔ کوئ مدد؟
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
السلام علیکم

اعجاز اختر صاحب، یہی بات درست ہے کہ شایع شدہ مجموعوں میں عنوانات نہیں دئے گئے ہیں (بمطابق ان تمام کے جو اب تک نظر سے گذرے ہیں)

سرِ دست کلیاتِ اقبال موجود نہیں تاہم اگریاد داشت درست کام کرے تو آپ نے جو لنک دیا ہے اس میں دی گئی رباعیات درست ہیں ماسوائے آخری قطعہ کے۔ اور یہ تمام رباعیات بغیر عنوان کے ہیں
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین


جاوید کے نام
خودی کے ساز میں ہے عمرِ جاوداں کا سراغ
خودی کے سوز سے روشن ہیں امتوں کے چراغ

یہ ایک بات کہ آدم ہے صاحبِ مقصود
ہزار گونہ فروغ و ہزار گونہ فراغ !

ہوئی نہ زاغ میں پیدا بلند پروازی
خراب کر گئی شاہیں بچے کو صحبتِ زاغ

حیا نہیں ہے زمانے کی آنکھ میں باقی
خدا کرے کہ جوانی تری رہے بے داغ

ٹھہر سکا نہ کسی خانقاہ میں اقبال
کہ ہے ظریف و خوش اندیشہ و شگفتہ دماغ


××××××



فلسفہ و مذہب


یہ آفتاب کیا ، یہ سپہرِ بریں ہے کیا !
سمجھا نہیں تسلسلِ شام و سحر کو میں

اپنے وطن میں ہوں کہ غریب الدیار ہوں
ڈرتا ہوں دیکھ دیکھ کے اس دشت و در کو میں

کُھلتا نہیں مرے سفرِ زندگی کا راز
لاؤں کہاں سے بندۂ صاحب نظر کو میں

حیراں ہے بو علی کہ میں آیا کہاں سے ہوں
رومی یہ سوچتا ہے کہ جاؤں کدھر کو میں

”جاتا ہوں تھوڑی دور ہر اک راہرو کے ساتھ
پہچانتا نہیں ہوں ابھی راہبر کو میں“



 

الف عین

لائبریرین
خدا تم کو اس کی جزا دے شگفتہ کہ میری فائل مکمل کر دی۔ لیکن میں چیک کر چکا ہوں۔رباعیات کے تحت ایک بھی رباعی نہیں جو قطعات ہیں ان کی بحر ہے: مفایہلن مفاعیلن فعولن۔ بحر کا نام تفسیر؟
اور رباعی کی بحر ہوتی ہے لاحول ولا قوۃ الا باللہ۔ آخری قطعہ ہی ایک دوسری بحر میں ہے اس سیکشن کا۔
 

الف عین

لائبریرین
نبیل، وہاں سے ہی تو بقیہ کتابیں ڈاؤن لوڈ کی ہیں قطرہ بہ قطرہ یم بہ یم۔ لیکن فیصل عظیم ضربِ کلیم کی ڈاک فائل بنا چکے تھے یہ علم نہیں تھا بلکہ یاد نہ تھا۔
مزید:
جواب شکوہ بھی غائب ہے۔ اسی سائٹ سے جس کا نبیل نے حوالہ بلکہ دریافت کی تھی۔
 

الف عین

لائبریرین
جواب شکوہ میں بھی کچھ مصرعے گڑبڑ ہیں، کچھ تو میں نے ٹھیک کردئے۔ باقی یہ دیکھیں کہ کیا غلطی ہے:

تخت فغور بھی ان کا تھا، سریر کے بھی

دو مصرعے کم ہیں:
نخل اسلام نمونہ ہے بردمندی کا
پھل ہے یہ سینکڑوں صدیوں کی چمن بندی کا


اور
نخل شمع استی و در شعلہ ریشۂ تو
عاقبت سوز بود سایۂ اندیشۂ تو
پہلا مصرعی خارج از بحر ہو گیا ہے۔
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
السلام علیکم اعجاز اختر صاحب

در اصل میں جب جوابِ شکوہ ٹائپ کر کے یہاں پوسٹ کرنے آئی تو مہوش پہلے ہی اسے مکمل کرچکی تھیں ۔ مکمل بند لائبریری میں لکھ دیا تھا یہاں دیکھئے


http://www.urduweb.org/mehfil/viewtopic.php?p=23822#23822


یاد داشت میں مصرعہ میں لفظ (سر) کی کمی محسوس ہورہی ہے تاہم چیک کرنا بہتر ہے کلیاتِ اقبال دوست کے پاس ہے میں دیکھتی ہوں اگر مجھے جوابِ شکوہ اپنی ٹائپ کی ہوئی اگر ہارڈ ڈسک میں مل جائے۔
 

الف عین

لائبریرین
شگفتہ یہ اسی پوسٹ سے ہی کاپی کئے ہیں، کچھ مہوش کے۔ ایک بند میں چار کی جگہ دو مصرعے ہی ہیں۔ ذرا چیک کر لو۔ اور جس کے پاس بھی بانگِ درا یا کم از کم جواب شکو ہو، وہ ذرا چیک کر کے تصحیح یہاں پوسٹ کر دیں۔ جو یہ کر دے اس کا بھی بھلا، جو نہ کرے اس کا بھی بھلا۔
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
اعجاز صاحب یہ بند فورم پر موجود ہے۔ آپ کسی دوسرے بند کی بات تو نہیں کر رہے؟

امتیں گلشنِ ہستی میں ثمر چیدہ بھی ہیں
اور محروم ثمر بھی ہیں، خزاں دیدہ بھی ہیں
سینکڑوں نخل ہیں ، کاہیدہ بھی ، بالیدہ بھی ہیں
سینکڑوں بطنِ چمن میں ابھی پوشیدہ بھی ہیں

نخلِ اسلام نمونہ ہے بردمندی کا
پھل ہے یہ سینکڑوں صدیوں کی چمن بندی کا


باقی میں ڈھونڈ رہی ہوں یا ممکن ہے کہیں اور سے کمک مل جائے۔ مجھے یاد تو آرہا ہے لیکن پوری تسلی کرلینا زیادہ بہتر ہے۔
 

الف عین

لائبریرین
شایدمیں نے ہی کاپی پیسٹ کرنے میں دو مصرعے غائب کر دئے۔
اب سب ٹھیک کر دیا ہے۔ آج اپنے دوست مصھف اقبال توصیفی ساحب کے پاس گیا تھا اور بانگِ درا دیکھ کر باقی دو مصرعے بھی ٹھیک کر لئے ہیں۔ اب فائل مکمل ہو گئی ہے۔
 
Top