اردو ٹیک کی اردو بلاگنگ سروس

اردو بلاگنگ سے میرا واسطہ بھی نیا نیا ہے مگر قدیر اور شاکر اس میدان کے پرانے کھلاڑی ہیں اور دونوں کا بلاگ گاہے گاہے پڑھنے کا موقع ملتا رہا ہے۔ چند ماہ قبل پردیسی کی ایک پوسٹ نے مجھے بھی بلاگنگ کی طرف متوجہ کیا جس میں انہوں نے ورڈ پریس کے چند تھیمز کو اردوانے کے بعد ان کے سکرین شاٹس پیش کیے اور تمام بنیادی سیٹنگز کرکے دے دیں جس سے اردو بلاگنگ کرنا بے حد آسان ہوگیا اور یوں میں نے بھی بلاگنگ کا فیصلہ کر لیا جس میں نبیل کا پرزور اصرار بھی شامل تھا۔ گلاگنگ کا آغاز تو کر لیا مگر بہت سست روی سے پوسٹس کیں اور تھیمز نے زیادہ متاثر نہ کیا دوسرا پردیسی نے صارفین سے گفت و شنید یا ان کے تاثرات لینے کے حوالے سے کوئی انتظام نہیں کیا تھا جس سے نت نئے فیچرز کا پتہ نہیں چلتا تھا اور نہ ہی آپ تھیمز میں اضافہ کرسکتے تھے ۔ قدیر سے اس موضوع پر بات ہوئی تو اس نے کہا کہ یہ کام تو ہم بھی شروع کر سکتے ہیں جس پر میں نے پوچھا کہ کیسے تو اس نے کہا کہ ورڈ پریس کے کچھ تھیمز تو اس نے اردو میں مقامیائے ہوئے اور مزید بھی اردوائے جا سکتے ہیں۔ یہ سن کر مجھے دلی خوشی ہوئی اور ہم نے خیالی پلاؤ پکانے شروع کر دیے کہ کیسے زیادہ سارے تھیمز کو اردو میں مقامیایا جائے اور باقی لوگوں کو بھی تھیمز مہیا کرکے انہیں بلاگر بنانے پر قائل کیا جائے۔ اس سلسلے میں قدیر نے اردو ٹیک کی ڈومین کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا اور یوں اردو ٹیک کی سب ڈومینز پر صارفین کو مفت اردو بلاگنگ کی سروس کا آغاز ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ صارفین کے تاثرات تبصرہ جات اور فرمائشیں نوٹ کرنے کے لیے ایک فورم بھی ترتیب دیا گیا جس کا ایڈریس یہ رکھا گیا ۔

اردو ٹیک فورمز

اس فورم میں نبیل کا مشہور زمانہ ویب پیڈ ڈالا گیا اور جتنے بھی تھیمز اردو میں مقامیائے گئے ہیں ان سب میں نبیل کا ویب پیڈ شامل کیا گیا ہے ( کچھ میں سستی کی وجہ سے رہ گیا ہے مگر وہ آئیندہ شامل ہو جائے گا)۔ فورم پہلے تو بی بی پریس میں تھا مگر میری فرمائش پر قدیر نے پھر phpbb 3.0 انسٹال کر دیا اور کافی حد تک اس کا ترجمہ بھی کر دیا ہے یوں پی ایچ پی بی بی 3.0 پر بھی کام جاری ہوا اور قدیر کے عشق جو پی ایچ پی بی بی سے پرانا ہے وہ جاری و ساری ہوا۔
ورڈ پریس کے اردو ترجمہ پر شاکر اور نعمان سے بات ہوئی اور اسے مکمل کرکے اردو ٹیک میں شامل کرنے پر کام ہونے ہی جا رہا تھا کہ نبیل نے بھی پوسٹ کر دی ہے اور یوں اب مل جل کر یہ کام بہت جلد متوقع ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس سے اردو بلاگنگ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور بلاگ بنانے کے لیے کسی کو زیادہ تردد نہیں کرنا پڑے گا۔ اردو ٹیک کا ایڈریس یہ ہے

اردو ٹیک
 

فاتح

لائبریرین
کافی سال پہلے کی بات ہے کہ میرے ایک کزن نے اپنی کمپنی کی ورکرز یونین کے سالانہ اجلاس کی تصاویر دکھائیں جن میں وہ عہدیداران کی قطار میں کھڑے تھے۔ میرے بار بار استفسار پر بھی انہوں نے یہ نہ بتایا کہ ان کا عہدہ کیا ہے۔ لیکن وہ ہم ہی کیا کہ کسی شے کا پیچھا اتنی آسانی سے چھوڑ دیں۔ آخر کار انہیں بتاتے ہی بنی اور اس کے بعد جو سلوک ان کے ساتھ ہم نے کیا اس کی شدت کو انہوں نے بڑا بھائی ہونے کی دھمکیاں دے کر ہی کسی حد تک کم کیا۔

اردو بلاگنگ سے محب صاحب کا واسطہ ضرور نیا نیا ہو گا لیکن گفتگو کے فن میں بلا شبہ گھاگ ہیں اور پھر پرانے کھلاڑیوں (قدیر اور شاکر) کی صحبت نے ان کی صلاحیتوں کو مشتری اور زحل کے چاندوں سے بھی دو چار زیادہ چاند لگا دیے اور وہ بلاگنگ کے افق پر نہ صرف خود چمکنے لگے بلکہ ارد گرد کے کئی سیارچوں کو بھی اپنے مدار میں لے آئے اور مجھ سمیت کئی دوستوں کو بلاگ بازی کے فضائل بتا کر اس دھندے پر آمادہ کیا۔ انہیں دکھ تو تب ہوا جب جرمنی کے ریڈیو سٹیشن کی جانب سے انہیں انٹرویو کی کال تک نہ کی گئی لیکن وہ یہ زہر کا پیالا بھی امرت سمجھ کر پی گئے اور پائے استقلال میں لغزش نہ آنے دی۔

یہاں بتاتا چلوں کہ میرے کزن کو ورکرز یونین میں "پروپیگنڈا سیکریٹری" کا عہدہ دیا گیا تھا۔;)

گو کہ محب صاحب اور میرے کزن کے واقعات کا آپس میں کوئی تعلق نہیں لیکن ایک آزاد ملک کے آزاد شہری کی سوچ پر کوئی پابندی نہیں لگائی جا سکتی لہٰذا آپ ان واقعات میں ربط تلاش کرنے میں آزاد ہیں۔:grin:
 

تلمیذ

لائبریرین
علوی صاحب نے تو اردو بلاگنگ کا تعارف کروانے میں تو خیر بیان کے کمال کا مظاہرہ کیا ہی تھا ، فاتح نے بھی ان کو داد دینے میں کچھ کمی نہیں رکھی۔ اور میرے خیال میں یہ دونوں حضرات محفل کا سرمایہ ہیں۔ جنہیں کسی بھی موضوع پر بات کرنے کا ڈھنگ خوب آتا ہے۔

بہت خوب !!
 
Top