اردو ویب کے لئے ویکی کی ضرورت

اسد

محفلین
حال ہی میں اردو سپیل چیکر کے سلسلے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے کوشش کی کہ دیکھوں محفل پر کیا چیزیں موجود ہیں جو اس کام میں استعمال ہو سکیں۔ چیزیں تو بہت ملیں لیکن انہیں ڈھونڈنے میں وقت بہت زیادہ لگا۔ اردو ویب کو دس سال ہونے والے ہیں اور محفل پر پیغامات کی تعداد پندرہ لاکھ تک پہنچنے والی ہے، ان پیغامات میں بہت سے موضوعات پر بہت سی کارآمد معلومات موجود ہیں لیکن انہیں ڈھونڈنا بہت مشکل ہے اور مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

میری تجویز ہے کہ اردو ویب کے لئے ایک ویکی تیار کی جائے، جس سے کچھ دشواریاں ختم یا کم کی جا سکتی ہیں۔ اگر میں تین یا چار مختلف لڑیوں میں کُل 200 پیغامات پڑھتا ہوں تو اس کے لئے دس سے بارہ صفحات پڑھنے پڑتے ہیں اور تین، چار سے لے کر دس، بارہ کام کی چیزیں ملتی ہیں۔ لیکن مجھے ڈیڑھ سو سے زیادہ ایسے پیغامات بھی پڑھنے پڑتے ہیں جن میں کوئی منفرد بات نہیں ہوتی، نہ ہی کوئی کارآمد حوالہ یا ربط ہوتا ہے۔ ویکی پر ہم ایک ہی صفحے پر ایک موضوع پر موجود مواد کی فہرست بنا سکتے ہیں اور اسی صفحے کو نیا مواد حاصل ہونے کی صورت میں اپڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔

مختلف اردو ویب پراجیکٹس اور سوفٹویئرز کا اپنا صفحہ ہو جس میں تمام متعلقہ لڑیوں/دھاگوں اور ان میں اہم پیغامات کے روابط شامل ہوں۔ اس وقت کسی بھی موضوع، مثلاً لغت و املاء، پر مبنی معلومات آٹھ دس مختلف موضوعات میں بٹی ہوئی ہے، جن میں 'تجاویز، آراء و مسائل'، 'لکھنے پڑھنے میں مدد'، 'اردو ایپلیکیشن پروگرامنگ'، 'آئی ٹی کے سوال و جواب' اور 'انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا' وغیرہ شامل ہیں۔

اسی طرح آئی ٹی ٹیوٹوریل ویکی پر ہوں تو ایک ہی سوفٹویئر یا موضوع کے ٹیوٹوریل پر ایک سے زیادہ افراد کام کر سکتے ہیں اور نیا ورژن آسانی سے اپدیٹ ہو سکتا ہے۔

فورم میں ایک مسئلہ یہ ہے کہ بعض واقعات کی وجہ سے چند دنوں سے زیادہ پرانے پیغامات کی تدوین ممکن نہیں ہے۔ اگر اصل (پہلی) تحریر میں کچھ تبدیلی کرنی ہو تو ایسا ممکن نہیں ہے، یہ نئی معلومات ایک نئے پیغام میں لکھی جائے گی لیکن اگر یہ دوسرے یا تیسرے صفحے پر ہو تو اکثر اس پر نظر نہیں پڑتی۔ ویکی کی موجودگی میں اس مسئلے کو بالواسطہ طور پر حل کیا جا سکتا ہے۔

ویکی کو تجرباتی طور پر شروع کر دینا چاہیے۔ آغاز میں نئے صفحے بنانے کا اختیار صرف منتخب اراکین تک محدود رکھا جا سکتا ہےاور اگر چاہیں تو ویکی کو صرف فہرستوں تک بھی محدود رکھا جا سکتا ہے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
محفل فورم کے ساتھ کئی مرتبہ وکی سوفٹویر کو انٹگریٹ کیا گیا ہے لیکن ہر مرتبہ اس کی غیر فعالیت کے باعث اسے ختم کر دیا تھا۔ ابن سعید اس پر بہتر معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔
 

اسد

محفلین
محفل فورم کے ساتھ کئی مرتبہ وکی سوفٹویر کو انٹگریٹ کیا گیا ہے لیکن ہر مرتبہ اس کی غیر فعالیت کے باعث اسے ختم کر دیا تھا۔ ابن سعید اس پر بہتر معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔
پہلے میں بھی ویکی کا کچھ زیادہ قائل نہیں تھا، لیکن ڈسٹریبیوٹڈ پروفریڈرز پر جب میں نے اس کی افادیت دیکھی تو سوچا کہ اس کے بغیر گزارہ نہیں ہے۔ اگر آج کچھ لوگوں کا محفل پر گزارہ ہو بھی رہا ہے تو جلد ہی انہیں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈسٹریبیوٹڈ پروفریڈرز پر بہت مصروف فورم موجود ہے اور اس پر صرف پروجیکٹ گٹنبرگ کے لئے کتابیں برقیانے سے متعلق موضوعات زیر بحث آتے ہیں۔ لیکن بہت سی چیزوں میں ویکی ناگزیر ہو گیا۔ خصوصاً ٹیوٹوریل اور ورک فلو کی تفصیلات کے لئے۔ بہت سے لوگوں نے اپنے کام کا طریقہ اور ورک فلو ویکی پر لکھا اور طریقے میں تبدیلی یا بہتری کی صورت میں نیا طریقہ وہیں لکھ دیا۔ اسی طرح مختلف موضوعات پر کارآمد دھاگوں/لڑیوں کی فہرستیں بہت فائدہ مند ثابت ہوئیں۔

اردو ویب پر تو بہت سے پراجیکٹ ہیں جو ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ جیسا کہ میں نے اوپر کہا تھا کہ ”ویکی کو تجرباتی طور پر شروع کر دینا چاہیے۔ آغاز میں نئے صفحے بنانے کا اختیار صرف منتخب اراکین تک محدود رکھا جا سکتا ہےاور اگر چاہیں تو ویکی کو صرف فہرستوں تک بھی محدود رکھا جا سکتا ہے۔“
 

نبیل

تکنیکی معاون
ذاتی طور پر میں ہمیشہ وکی سوفٹویر کی افادیت کا قائل رہا ہوں اور اردو ویب پر میڈیا وکی سمیت دوسرے سوفٹویر کا استعمال بھی ہوتا رہا ہے۔ لیکن ایک طویل عرصے تک وکی کے استعمال اور اس پر تحقیق کے بعد میں اسی نتیجے پر پہنچا ہوں کہ وکی سائٹ یا سب سائٹ کے لیے ایک فل ٹائم ایڈمن کی ضرورت ہے جو وکی کے مواد کو منظم کرتا رہے۔ اس کے بغیر وکی کا مواد بکھرا ہوا، غیر منظم اور بے فائدہ رہتا ہے۔ جہاں تک لائبریری پراجیکٹ کا تعلق ہے تو برادرم سعود نے اس کے ورک فلو کے لیے خود سے بہتر ٹولز کی ڈیویلپمنٹ کا آغاز کیا ہوا ہے اور یہ ان کی تحقیق کا میدان بھی ہے۔
 

شمشاد

لائبریرین
اسد بھائی کی تجویز بہت اچھی ہے۔
وکی نہ سہی، اس طرح کا کچھ نہ کچھ ضرور ہونا چاہیے۔
 

جاسمن

لائبریرین
واقعی اچھی تجویز ہے۔ میں بھی سوچتی تھی کہ کچھ پڑھنا ہو تو بجائے اپنی سوچی ہوئی چیز پڑھنے کے اکثر وقت اور اور باتوں کو پڑھنے میں صرف ہو جاتا ہے۔اتنے صفحات پڑھتے جاؤ پڑھتے جاؤ تو کہیں ایک کام کی بات ملتی ہے۔
 
Top