اردو سیارہ آپ کے سمارٹ فون اور ٹیبلٹ میں

google-currents-blgmx.png

اردو بلاگنگ کی ترویج و ارتقا میں اردو سیارہ کا نمایاں کردار اولین دنوں سے اردو بلاگستان سے جڑے احباب کی نظروں سے مخفی نہیں ہے۔ اردو بلاگنگ کو جلا بخشنے، فروغ دینے اور ہر خاص و عام تک اس کی رسائی کو یقینی بنانے میں ابتدا سے جن عوامل کا اہم کردار رہا ہے ان میں اردو محفل، اردو سیارہ، اردو ایڈیٹر اور اردو ٹیک سر فہرست ہیں۔ مؤخر الذکر ایک مفت اردو بلاگ ہوسٹنگ خدمت تھی جو وقت کے ساتھ عدم انتظام کا شکار ہو کر دم توڑ گئی اور کئی بلاگران کو ان کے ڈیٹا کے ضیاع کا صدمہ دے گئی۔ لیکن تب تک اردو کمیونٹی کے منہ بلاگنگ کا خون لگ چکا تھا لہٰذا یہ سفر اپنی ارتقا کی منزلیں طے کرتا رہا۔ اس دوران بے شمار خدمات منظر عام پر آئیں اور معدوم ہو گئیں لیکن اس پورے عرصہ میں پورے تسلسل اور استقلال کے ساتھ اردو سیارہ کی خدمات جاری رہیں۔ :)

اردو سیارہ در اصل اردو ویب کے زیر انتظام اردو بلاگوں کے لیے فیڈ ایگریگیٹر کی خدمت ہے جو کسی زمانے میں اردو بلاگران کی آواز کو ایک دوسرے تک پہونچانے کا واحد ذریعہ رہی ہے۔ بعد کے ایام میں سوشل نیٹورک کے رواج پانے کے بعد زیادہ تر بلاگران اپنی تحریروں کی عمومی رسائی کے لیے ان پر تکیہ کرنے لگے اس لیے بعض لوگوں کی نظروں میں اردو سیارہ کی اہمیت شاید اب اتنی نہیں رہی۔ لیکن اب بھی جو لوگ اردو بلاگستان کے ایک بڑے حصے میں شائع ہونے والی تحریروں کو فرداً فرداً پڑھنے کے بجائے ایک جگہ پڑھنا زیادہ سہل گردانتے ہیں ان کے لیے اردو سیارہ کی اہمیت چنداں کم نہیں ہوئی۔ :)

پچھلے کچھ عرصہ سے اردو سیارہ کی ادارت بہت ہی سست روی کا شکار ہے اور لوگوں کی درخواستیں کئی کئی ہفتوں تک شمولیت یا تبدیلی کی منتظر ہوتی ہیں۔ اس کا سب سے بڑا سبب تو اردو ویب کی انتظامیہ کی بڑھی ہوئی مصروفیات ہیں لیکن وہیں اردو بلاگستان میں اردو ویب کے خلاف بعض لوگوں کے بے جا اعتراضات و الزامات بھی اس کے لیے بہت حد تک ذمہ دار ہیں جن کے باعث اردو سیارہ انتظامیہ نے اردو بلاگستان سے حتیٰ المقدور کنارہ کشی اختیار کر لی اور یہ منصوبہ اپنی ترجیح کھو بیٹھا۔ یوں تو اردو ویب نے تنقید کو ہمیشہ ہی خندہ پیشانی سے لیا ہے لیکن اتفاق سے بلاگنگ اس قدر آزاد پلیٹ فارم ہے کہ اس میں شخصی آزادی اظہار رائے کے نام پر کئی دفعہ لوگ زیادتیاں کر جاتے ہیں اور ذرا سی بات اپنے مقاصد کے خلاف پا کر عدم رواداری و عدم برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پر خلوص خدمات پر جانبداری کا الزام لگانے سے نہیں چوکتے۔ بہر کیف اردو ویب نے ویب پر اردو کی ترویج و ترقی کی راہ میں اردو بلاگنگ کو ہمیشہ سے ایک اہم سنگ میل گردانا ہے اور اس کے لیے راہیں ہموار کی ہیں نیز یہ سلسلہ اب بھی پورے خلوص سے جاری ہے۔ :)

سیارہ کی ادارت کو فعال کرنے کی غرض سے ہم اردو بلاگستان سے جڑے فعال احباب میں سے کسی کو رضاکارانہ طور پر یہ ذمہ داری سونپنا چاہیں گے کہ وہ شمولیت و تبدیلی کی درخواستوں پر اردو سیارہ کے اصولوں کے تحت بر وقت جانچ پڑتال کر کے کاروائی کریں۔ :)

اردو سیارہ کا ویب انٹرفیس بہت قدیم ہے جو نئے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا۔ اس کی تجدید کا منصوبہ تیار ہو چکا ہے۔ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں احباب اس کو زیادہ بہتر شکل میں پائیں کے۔ اس مقصد کو ذہن میں رکھ کر ماورائی فیڈر وجود میں آیا تھا جس کو احباب نے کافی سراہا اور اس سے مستفید ہوتے آئے ہیں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ ماورائی فیڈر کی خصوصیات کو اردو سیارہ میں شامل کر دیا جائے۔ نیز ایک عدد گوگل کروم ایپلیکیشن کی تیاری بھی نئے منصوبے کا حصہ ہے۔ :)

سیارہ کی رسائی اینڈرائڈ و آئی او ایس کے اسمارٹ فون و ٹیبلیٹ تک یقینی بنانے کی غرض سے امسال یکم جنوری کو اسے گوگل کرنٹس میں شامل کر دیا گیا ہے۔ گوگل کرنٹس ایک بہت ہی عمدہ نیوز ایگریگیٹر ایپلیکیشن ہے جو اینڈرائڈ فون و ٹیبلیٹ کے ساتھ ساتھ آئی فون و آئی پیڈ وغیرہ کے لیے بھی دستیاب ہے۔ سیارہ کو اس میں پڑھنے کے لیے اس ربط پر سبسکرائب کیا جا سکتا ہے۔ احباب کی ٹائپنگ کی سہولت کے خیال سے اس کا ایک مختصر یو آر ایل (http://bit.ly/YIVqTf) بھی تیار کیا گیا ہے جسے فون یا ٹیبلٹ کے براؤزر میں ٹائپ کر کے براہ راست سیارہ کو سبسکرائب کیا جا سکتا ہے۔ :)
 
محمدصابر

محفلین

میں تو گوگل ریڈر میں ہی سیارہ کو پڑھ لیتا ہوں۔ گوگل ریڈر کے لئے موجود اس یوزر سٹائل کی مدد سے فائر فاکس اور کروم دونوں میں نستعلیق فونٹ میں ہی۔ :)
 
طمیم

محفلین
اردو بلاگستان سے مراد کونسی بلاگ یا ویب سائٹ ہے یا اس سے مراد اردو زبان میں موجود مختلف بلاگز ہیں۔
 
طمیم

محفلین
ایک سوال تھا ذہن میں کیا اردو محفل سے ایک دن یا زیادہ دنوں کے پیغامات کسی طریق سے آف لائن حاصل کئے جاسکتے ہیں تاکہ آف لائن یعنی انٹرنیٹ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں بھی فارغ وقت میں انہیں پڑھا جاسکے ۔
 
پردیسی

جی پڑھے جا سکتے ہیں بلکہ محفوظ بھی کئے جاسکتے ہیں۔چاہے ایک دودن ہوں یا مہینوں ہوں
 
پردیسی

محفلین
android ٹیبلٹ پر کیسے پڑھے چاسکتے ہیں کسی سافٹ ویئر کے ساتھ یا ویسے ہی کوئی آپشن ہے۔
جی محترم ویلے ٹائم آپ کے سوالوں کا جواب کسی نئی پوسٹ میں دوں گا۔۔مگر وعدہ نہیں کرتا کیونکہ اپنے پاس اب مضامین وغیرہ لکھنے کا ٹائم کم ہی ہوتا ہے
 
طمیم

محفلین
جی محترم ویلے ٹائم آپ کے سوالوں کا جواب کسی نئی پوسٹ میں دوں گا۔۔مگر وعدہ نہیں کرتا کیونکہ اپنے پاس اب مضامین وغیرہ لکھنے کا ٹائم کم ہی ہوتا ہے
جناب جواب دینے کا شکریہ ۔ اب یہ دعا بھی نہیں کرسکتا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ویلا کرے۔ بلکہ یہ دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے ٹائم میں برکت ڈالے۔جزاکم اللہ۔
 
پردیسی

محفلین
جناب جواب دینے کا شکریہ ۔ اب یہ دعا بھی نہیں کرسکتا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ویلا کرے۔ بلکہ یہ دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے ٹائم میں برکت ڈالے۔جزاکم اللہ۔
آپ کا یہ جواب پڑھ کر شرم کے مارے اور اللہ کے خوف کے مد نظر آپ کے سوالات کے جواب دے رہا ہوں۔
محترم جہاں تک اینڈرائڈ فون پر آن لائن اور آف لائن پڑھنے کی بات ہے تو آپ سب سے پہلے گوگل پلے سے گوگل ریڈر یا جی ریڈر نامی اپلیکیشن اپنے فون میں ڈاؤن لوڈ کریں۔جب انسٹال کر کے آپ محفل کا یوآر ایل اس میں دیں گے تو یہ خود محفل کی آر ایس ایس فیڈ اُٹھا لے گا۔۔اگر آپ کو علیحدہ سیکشن کی آر ایس ایس فیڈ دیکھنا درکار ہو تو وہ بھی اس میں ڈال سکتے ہیں۔۔یعنی اپنے پسندیدہ سیکشن وغیرہ کی۔
یہ سارا مواد جو آپ پڑھیں گے آپ کے میموری کارڈ میں بھی محفوظ ہوتا جائے گا جسے آپ آف لائن بھی پڑھ سکتے ہیں

اب آتے ہیں کہ آپ اپنے کمپیوٹر میں ایسا کیسے کر سکتے ہیں۔
1۔اس کے لئے سب سے آسان کام اوپیرا براؤزر ہے۔جس میں آپ اردو محفل،سیارہ،یا پھر کسی بھی بلاگ کا لنک کھولیں تو وہ آپ کو ایڈریس بار میں بتا دے گا کہ اس سائٹ کا آر ایس ایس فیڈ ہے کہ نہیں،یعنی اس کی ایڈریس بار میں آر ایس ایس کا نشان آجائے گا۔
جب آپ اس کو کلک کریں گے تو وہ آپ کو تین چار آپشن دے گا کہ اس فیڈ کو آپ کہاں سبسکرائب کرنا چاہیں گے آپ اوپیرا میل کا آپشن استمال کریں۔۔اور مزے کریں
آن لائن بھی پڑھیں اور آف لائن بھی۔۔۔

2۔ گریٹ نیوز۔۔آر ایس ایس ریڈر
یہ میرا آزمودہ اور پسندیدہ آر ایس ایس ریڈر ہے جو کہ میں عرصہ تقریبا پانچ چھ سال سے مسلسل استمال کر رہا ہوں۔۔۔۔
گریٹ نیوز ریڈر یہاں سے ڈاؤنلوڈ کریں
یہ مفت ہے اس لئے بے دھڑک ہو کر استمال کریں

یہاں ایک چیز بڑی اہم ہے۔۔آپ نے اس کی زپ فائل ڈاؤنلوڈ کرنی ہے۔ایگزی فائل ڈاؤنلوڈ نہیں کرنی۔۔۔
ویسے میں نے ڈاؤنلوڈ لنک زپ والا ہی دیا ہے
اس سے ایک فائدہ یہ ہے کہ آپ اسے اپنی کسی ڈرائیو میں رکھ کر وہاں ہی انسٹال کریں اور اسے استمال کریں
ونڈو خراب ہونے کی صورت میں آپ کا ڈیٹا ضائع نہیں ہو گا
استمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ جب آپ اسے کھولیں گے تو سامنے ہی '' ایڈ نیوز فیڈ '' لکھا ہو گا۔کلک کر کے کسی بھی سائٹ کا یو آر ایل دیں
دوسری آپشن اوپر بائیں ہاتھ فیڈ کے آپشن میں جائیں اس کے اندر ADD کی آپشن ہو گی اسے کلک کریں گے تو فیڈ کی آپشن پر کلک کرنے سے ایک ونڈو کھلے گی وہاں جس کی فیڈ چاہتے ہیں اس کا یو آر ایل دے دیں۔
مجھے امید ہے آپ کو سمجھ آ گئی ہو گی
باقی اس کا کام ہے
 
نکتہ ور

محفلین
میں بلاگر تو نہیں ہوں لیکن تقریبا تین سال سے بلاگز کا خاموش قاری ہوں۔ اگر آپ مجھے اردو سیارہ میں درخواستوں پر عمل درآمد کی حد تک کوئی ذمہ داری دینا چاہیں تو میں حاضر ہوں کیونکہ میرے پاس کچھ فراغت ہے۔
 
منصور مکرم

محفلین
آپ کا یہ جواب پڑھ کر شرم کے مارے اور اللہ کے خوف کے مد نظر آپ کے سوالات کے جواب دے رہا ہوں۔
محترم جہاں تک اینڈرائڈ فون پر آن لائن اور آف لائن پڑھنے کی بات ہے تو آپ سب سے پہلے گوگل پلے سے گوگل ریڈر یا جی ریڈر نامی اپلیکیشن اپنے فون میں ڈاؤن لوڈ کریں۔جب انسٹال کر کے آپ محفل کا یوآر ایل اس میں دیں گے تو یہ خود محفل کی آر ایس ایس فیڈ اُٹھا لے گا۔۔اگر آپ کو علیحدہ سیکشن کی آر ایس ایس فیڈ دیکھنا درکار ہو تو وہ بھی اس میں ڈال سکتے ہیں۔۔یعنی اپنے پسندیدہ سیکشن وغیرہ کی۔
یہ سارا مواد جو آپ پڑھیں گے آپ کے میموری کارڈ میں بھی محفوظ ہوتا جائے گا جسے آپ آف لائن بھی پڑھ سکتے ہیں

اب آتے ہیں کہ آپ اپنے کمپیوٹر میں ایسا کیسے کر سکتے ہیں۔
1۔اس کے لئے سب سے آسان کام اوپیرا براؤزر ہے۔جس میں آپ اردو محفل،سیارہ،یا پھر کسی بھی بلاگ کا لنک کھولیں تو وہ آپ کو ایڈریس بار میں بتا دے گا کہ اس سائٹ کا آر ایس ایس فیڈ ہے کہ نہیں،یعنی اس کی ایڈریس بار میں آر ایس ایس کا نشان آجائے گا۔
جب آپ اس کو کلک کریں گے تو وہ آپ کو تین چار آپشن دے گا کہ اس فیڈ کو آپ کہاں سبسکرائب کرنا چاہیں گے آپ اوپیرا میل کا آپشن استمال کریں۔۔اور مزے کریں
آن لائن بھی پڑھیں اور آف لائن بھی۔۔۔

2۔ گریٹ نیوز۔۔آر ایس ایس ریڈر
یہ میرا آزمودہ اور پسندیدہ آر ایس ایس ریڈر ہے جو کہ میں عرصہ تقریبا پانچ چھ سال سے مسلسل استمال کر رہا ہوں۔۔۔ ۔
گریٹ نیوز ریڈر یہاں سے ڈاؤنلوڈ کریں
یہ مفت ہے اس لئے بے دھڑک ہو کر استمال کریں

یہاں ایک چیز بڑی اہم ہے۔۔آپ نے اس کی زپ فائل ڈاؤنلوڈ کرنی ہے۔ایگزی فائل ڈاؤنلوڈ نہیں کرنی۔۔۔
ویسے میں نے ڈاؤنلوڈ لنک زپ والا ہی دیا ہے
اس سے ایک فائدہ یہ ہے کہ آپ اسے اپنی کسی ڈرائیو میں رکھ کر وہاں ہی انسٹال کریں اور اسے استمال کریں
ونڈو خراب ہونے کی صورت میں آپ کا ڈیٹا ضائع نہیں ہو گا
استمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ جب آپ اسے کھولیں گے تو سامنے ہی '' ایڈ نیوز فیڈ '' لکھا ہو گا۔کلک کر کے کسی بھی سائٹ کا یو آر ایل دیں
دوسری آپشن اوپر بائیں ہاتھ فیڈ کے آپشن میں جائیں اس کے اندر ADD کی آپشن ہو گی اسے کلک کریں گے تو فیڈ کی آپشن پر کلک کرنے سے ایک ونڈو کھلے گی وہاں جس کی فیڈ چاہتے ہیں اس کا یو آر ایل دے دیں۔
مجھے امید ہے آپ کو سمجھ آ گئی ہو گی
باقی اس کا کام ہے
پردیسی صاحب کیا یہ گریٹ نیوز ریڈر، گوگل ریڈر کا مقام لے سکتا ہے؟
کیونکہ گوگل ریڈر نے بند ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
 
پردیسی

محفلین
پردیسی صاحب کیا یہ گریٹ نیوز ریڈر، گوگل ریڈر کا مقام لے سکتا ہے؟
کیونکہ گوگل ریڈر نے بند ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
برادر گوگل ریڈر ویب اپلیکیشن ہے اور گریٹ نیوز کیمپیوٹر کے لئے ہے۔گوگل ریڈر ایک بڑا پروجیکٹ تھا جس کے بند ہونے سے فی الحال اس کے کوئی متبادل سامنے نظر نہیں آ رہا۔۔
اصل میں گوگل کو اب اپنے ریڈر کی ضرورت اس لئے نہیں رہی کہ اسے اب بہت سا ڈیٹا گوگل پلس سے حاصل ہو رہا ہے۔اور میرا خیال ہے جلد یا بدیر وہ ریڈر کا بھی کوئی ایڈآن اس میں ضرور ڈالے گا
 
نبیل

تکنیکی معاون
ایک طویل عرصےکے بعد اردو سیارہ پر بلاگز کے روابط اپڈیٹ کرنے کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ قدرے دقت طلب کام ہے۔ نئے روابط کی تصدیق کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ پرانے روابط کو بھی چیک کرنا پڑتا ہے کہ ان میں سے کونسے ہنوز فعال ہیں۔ بہرحال میری کوشش ہوگی کہ بتدریج اس کام کو آگے بڑھاتا رہوں۔
 
Top