آ کے سجّادہ نشیں قیس ہوا میرے بعد -منور خان غافل

فاتح

لائبریرین
کچھ دن پہلے محفل کے ایک دھاگے "کون ہے جو محفل میں آیا 9" پر مکرم وارث صاحب نے ایک مشہور زمانہ مصرع لکھا تھا "شاید آجائے کوئی آبلہ پا میرے بعد"۔
بس اسی مصرع نے مہمیز کیا مجھے میر تقی میر کے نام سے غلط طور پر منسوب وہ غزل یہاں پوسٹ کرنے پر (شاید کچھ اشعار مجھ سے چھوٹ گئے ہیں):

آ کے سجّادہ نشیں قیس ہوا میرے بعد
نہ رہی دشت میں خالی کوئی جا میرے بعد

چاک کرتا ہوں اسی غم سے گریبانِ کفن
کون کھولے گا ترے بندِ قبا میرے بعد

وہ ہوا خواہِ چمن ہوں کہ چمن میں ہر صبح
پہلے میں جاتا تھا اور بادِ صبا میرے بعد

منہ پہ رکھ دامنِ گل روئیں گے مُرغانِ چمن
ہر روِش خاک اڑائے گی صبا میرے بعد

تیز رکھنا سرِ ہر خار کو اے دشتِ جنوں
شاید آ جائے کوئی آبلہ پا میرے بعد

تہِ شمشیر یہی سوچ ہے مقتل میں مجھے
دیکھیے اب کسے لاتی ہے قضا میرے بعد

بعد مرنے کے مری قبر پہ آیا وہ میر
یاد آئی مرے عیسٰی کو دوا میرے بعد

(منور خان غافل)

یہ غزل مہدی حسن نے اپنی خوبصورت آواز میں گائی بھی ہے اور اگر کسی کو یہ سننے کا شوق چرائے تو یہاں سے ڈاؤنلوڈ کر لیجیے۔

اور اسے عابدہ پروین نے بھی گایا ہے جو کہ یو ٹیوب پر دو قسطوں میں موجود ہے۔
 
مدیر کی آخری تدوین:

ظفری

لائبریرین
بہت خوب فاتح صاحب ۔۔۔ اور مہندی حسن کی آواز میں آڈیو کا لنک دینے کا بہت شکریہ ۔ سن کر بہت لطف آیا ۔ :)
 
فاتح

لائبریرین
ظفری صاحب! پسند کرنے پر آپ کا شکریہ!
اگر مہدی حسن کی آواز میں سن لی ہے تو بے چاری عابدہ پروین کا کیا قصور ہے;) یہ لیجیے یہ بھی دیکھیں اور سنیں:

آ کے سجّادہ نشیں قیس ہوا - حصۂ اوّل

آ کے سجّادہ نشیں قیس ہوا - حصۂ دوم
 
ظفری

لائبریرین
بہت خوب فاتح بھائی ۔۔۔ مزا آگیا ۔۔۔ میر تقی میر کا کلام اور عابدہ پروین کی آواز میں سننے کا مزہ کچھ اور ہی ہے ۔ اس لنک کے ربط اور اس غزل کو سنانے اور دکھانے کے اہتمام کا بھی بہت بہت شکریہ ۔ :)
 
محمد وارث

لائبریرین
واہ واہ، سبحان اللہ، فاتح بھائی زندہ باد

آپ نے مہدی حسن کی گائی ہوئی غزل کا ربط دے کر میری بہت پرانی یادیں تازہ کردی ہیں۔ بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ میر سے میرا اصل تعارف مہدی حسن نے ہی کروایا تھا۔ یہ غزل اور اسکے علاوہ دیکھ تو دل کہ جاں سے اٹھتا ہے۔ پتا پتا بوٹا بوٹا حال ہمارا جانے ہے ۔چلتے ہو تو چمن کو چلیے وغیرہ سن کر ہی پڑھنے کا شوق چرایا تھا۔

بہت شکریہ آپ کا، خوش رہیئے۔
 
فاتح

لائبریرین
بہت شکریہ وارث بھائی! آپ کے یہ تعریفی کلمات سند رہیں گے۔
جن غزلیات کا آپ نے ذکر کیا ہے اگر وہ آپ کو پاس موجود نہیں تو ان کے ربط بھی مہیا کر دیتا ہوں:
دیکھ تو دل کہ جاں سے اٹھتا ہے
پتا پتا بوٹا بوٹا حال ہمارا جانے ہے
چلتے ہو تو چمن کو چلیے

ان کے علاوہ بھی مزید جو چاہیے ہوں حکم کر دیجیے گا۔:)
 
محمد وارث

لائبریرین
ایک بار پھر بہت شکریہ فاتح بھائی، آپ میری گردشِ ایام کو پیچھے کی طرف دوڑا رہے ہیں۔ :)

"دیکھ تو۔۔۔۔۔۔۔۔" تو تھی باقی دو بھی اب ڈاؤن لوڈ کروں گا، رہی حکم کی بات ;) تو بھائی پھر اپنی ساری کولیکشن ہی کہیں رکھ دیں۔ دراصل میرے پاس تھی مہدی حسن کی ساری غزلیں بلکہ اور بھی بہت سارے گلوکاروں کی غزلیں، آخر اسی، شروع نوے کی دہائی میں، وہ آڈیو کیسٹس کا زمانہ تھا۔ پھر شادی ہوگئی تو میں میوزک سننے کی بجائے "فیس" کرنے لگا۔ ادھر چھوٹے بھائیوں نے دیکھا کہ یہ اب اپنی کیسٹس کی طرف دھیان نہیں دیتا تو سب غائب ہوگئیں، کتابیں بچ گئیں کہ وہ کوئ پڑھتا ہی نہیں ہے۔:) خیر اب ایک دو سال سے صورتِ حال بہتر ہے تو میں بھی اپنے پرانے کام کی طرف واپس آگیا ہوں۔

صحیح معنوں میں مجھے جس غزل کی تلاش ہے وہ فیض کی "گلوں میں رنگ بھرے ہے"۔ عنایت آپکی، مہربانی نوازش۔

۔
 
ہاہاہا۔۔۔ وارث بھائی! وہ موسیقی فیس کرنا تو اب آپ پر فرض ہو چکا ہے جناب اور اس سے دامن کشی نا ممکنات میں سے ہے۔

خیر یہ رہی گلوں میں رنگ بھرے۔
یہ روابط میری کولیکشن کے نہیں بلکہ نیٹ‌ سے لیے ہوئے ہیں کہ تقریباً ہر گانا اور غزل ہی نیٹ پر موجود ہے آج کل۔ جہاں تک میری کولیکشن کی بات ہے تو کاش کوئی ایسا "مفتا" مل جائے کہ ٹیرا بائٹس میں ڈیٹا رکھنے اور ڈاؤنلوڈ کرنے دے تو ضرور رکھ دوں‌گا۔:grin:

ہاں مہدی حسن کی گائی ہوئی غزلیات کے روابط کا ایک صفحہ جلد ہی کھولوں گا۔
 
فاتح

لائبریرین
پسندیدگی کا بہت شکریہ فرخ صاحب!

درست فرمایا آپ نے۔ کلام ہو "بادشاہِ غزل" میر تقی میر کا اور آواز "شہنشاہِ غزل" مہدی حسن کی تو کس کافر کا دل چاہے گا زمان و مکان کی قیود میں رہنے کو۔
 
محمد بلال اعظم

لائبریرین
آ کے سجّادہ نشیں قیس ہوا میرے بعد
نہ رہی دشت میں خالی کوئی جا میرے بعد

چاک کرتا ہوں اسی غم سے گریبانِ کفن
کون کھولے گا ترے بندِ قبا میرے بعد

وہ ہوا خواہِ چمن ہوں کہ چمن میں ہر صبح
پہلے میں جاتا تھا اور بادِ صبا میرے بعد

منہ پہ رکھ دامنِ گل روئیں گے مُرغانِ چمن
ہر روِش خاک اڑائے گی صبا میرے بعد

تیز رکھنا سرِ ہر خار کو اے دشتِ جنوں
شاید آ جائے کوئی آبلہ پا میرے بعد

تہِ شمشیر یہی سوچ ہے مقتل میں مجھے
دیکھیے اب کسے لاتی ہے قضا میرے بعد

بعد مرنے کے مری قبر پہ آیا وہ میر
یاد آئی مرے عیسٰی کو دوا میرے بعد

واہ بیحد خوبصورت غزل۔

اس زمین کی غزلوں کو اکٹھا کرنا ہی پڑے گا۔
تین تو ہو گئیں، باقی بھی ڈھونڈتا ہوں۔
 
باباجی

محفلین
پچھلے 2 سال سے میں یہ غزل تقریباً روزانہ سنتا ہوں
رات کے وقت ایک کپ قہوہ اور سگریٹ پیتے ہوئے
مہدی حسن خاں صاحب مرحوم کی آواز میں
 
فاتح

لائبریرین
جس زمانے میں یہ غزل ارسال کی تھی تب ہم بھی اسی بے پر کی اڑائی ہوئی سنی سنائی پر یقین رکھتے تھے یہ کہ میر تقی میر کی غزل ہے۔
بعد ازاں علم ہوا کہ یہ میر کے کسی دیوان میں جو کسی بھی زمانے میں کسی بھی مطبع سے شائع ہوا ہو، موجود نہیں۔ یعنی یہ میر تقی میر کی غزل نہیں۔
لیکن جس کسی کی بھی ہے یقیناً ایک لا جواب غزل ہے
 
مجھے کسی نے کہا تھا کہ یہ مومن کی غزل ہے
 
Top