آئندہ عشق کے شاعرنیّر ندیم سے مکالمہ : گفتگو: م۔م۔مغل

کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں

مغزل

محفلین
آئندہ عشق کے شاعرنیّر ندیم سے مکالمہ
nayya10.jpg
محفوظ رکھنا ترکِ تعلق کا تجربہ
آئندہ عشق میں بھی یہی کام آئے گا
(نّیر ندیم )
گفتگو : م۔م۔مغل
نیّرندیم صاحب کا آبائی تعلق منقسم ہندوستان کے علاقہ برن(بلند شہر) سے ہے کسبِ روزگارکے لیے برسوں پاکستان ٹیلی وژن سے منسلک رہے بعد ازاں ایک نجی ٹیلی وژن سے منسک ہیں اور صحافتی فرائض کی ا نجام دہی میں مصروف ہیں ۔ نیّر ندیم صاحب کا تقریباً پورا خاندان ہی گیسوئے ادب سنوارنے میں تمام ترتہذیبی روایات اور اعلیٰ اخلاقی قدروں کے ساتھ مشغول و منہمک ہے ، نیّر ندیم صاحب کے بڑے بھائی علی جبریل برنی صاحب کا شعری مزاج بنیادی طور پر جارہانہ ہے، جبکہ چھوٹے بھائی سرور جاوید کے شعری مزاج میں صحافت ایسے معتبر پیشہ سے انسلاک کے باوصف تمام تر ترقی پسندی اور نقادانہ اوصاف بدرجہ اتم موجود ہیں ، جبکہ ہمشیرہ محترمہ نایاب نسرین صاحبہ کا بنیادی حوالہ افسانوی ادب ہے مگراسالیب شعر میں نسائی اقدار ان کا بنیادی مسئلہ ہے جو زبانِ شعر میں کمال حیثیت پر موجود ہے ۔۔ نیّر ندیم صاحب کا شعری مزاج اپنے دونوں بھائیوں کے باوصف نہایت نرم خوئی پر منتج ہے نیّر ندیم صاحب کے شعر ی مزاج خاص بات زبانِ شعر میںبے جامفرس معّرب تراکیب سے دوری، روزمّرہ اورمحاورہ کے درمیان حسنِ توازن سے شعرکہنا ہے ،بے جا ادق لفظیات سے قاری پر رعب ڈالتے نظر نہیں آتے ۔ عام میل جول میں نیّر ندیم صاحب انتہائی حلیم الطبع اور منکسر المزاج ہیں معاصر ہوں یا نوواردانِ بساطِ ادب۔۔ مخاطب کی بات چہ جائیکہ غلط ہی کیوں نہ ہوکمال تحمل سے سنتے ہیں اور عزتِ نفس کی پاسداری کی اعلیٰ اقدار کے ساتھ کمال شفقت سے نشاندہی کرتے ہیں ۔۔نیّرندیم صاحب کا بنیادی حوالہ شعر ہے، بیسیوں اشعار زبانِ زدِ عام ہیں اور ملک کے طول وعرض میں آپ کے چاہنے والے موجود ہیں۔۔ آپ اسالیبِ شعری کے علاوہ ادب کی دیگر اصناف سے نہ صرف رغبت رکھتے ہیں بلکہ شعرگوئی کا لازمہ سمجھتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ ” یوں تو شاعری کے شعبے میں صرف معمولی اور رسمی شرکت ہے تاہم میں اس امر کو اپنے لیے اعزا ز سمجھتا ہوں کہ میں نے شعر ، افسانے اور ناول کا مطالعہ ضرور کیا ہے اور اپنے مطالعے کو اپنی شخصیّت کا حصہ بنایا ہے “۔۔چند روز قبل نّیر ندیم صاحب سے گفتگو کا موقع میسر آیاجسے قارئین کے لیے صفحہ کی زیبائی کے ساتھ پیش کیا جارہاہے ۔۔
(طبع شدہ : ہفت روزہ : تسخیر ، یکم جنوری دو ہزار بارہ)
 

مغزل

محفلین
م۔م۔مغل :ہمارے گردو پیش میں ایک سوال بازگشت کرتا نظر آتا ہے کہ ”شاعری کیا ہے“ ۔۔ آپ کیا کہتے ہیں ا س بارے میں کہ اس سوال سے”شاعری“ کی کوئی جہت دریافت ہوسکتی ہے یا محض وقت گزاری ہے۔ کیا اس سوال کا اسالیبِ ادب میں کوئی مقام ہے ؟ اگر ہے تو اس سے اب تک کیا فائدہ ممکن ہوسکا ہے ؟؟
نّیر ندیم :”شاعری کیا ہے “ یہ سوال مجھ جیسے کم فہم اور کج بیان کے قد سے کہیں بلند ہے ، بہرحال میں شاعری کو سماجی تہذیب کے اظہار اور انسانی جذبوں کے ناپنے کا پیمانہ سمجھتاہوں۔ شعر فہمی کو شعر گوئی پر فوقیت دیتا ہوں ۔رہا فائدہ ! تو یہ فائدہ بھی بہت ہے کہ ہر بڑے شاعر کے اچھے شعر ذہنی بالیدگی کا سبب بنتے ہیں اور بہت نچلی سطح پردیکھیں تو اردو شاعری کے کلچر میں مل بیٹھنا بھی ایک سماجی یگانگت کا سبب بن جاتا ہے۔​
م۔م۔مغل :شہر کے سنجیدہ ادبی حلقوں میں یہ نعرہ بڑے زور و شور سے بلند کیا جاتا ہے کہ” ادب روبہ زوال ہے “۔۔ کیا یہ بات درست ہے ؟ بادی النظرمیں عام مشاہدہ یہ ہے کہ لکھنے والوں کی تعداد خاصی ہے ، کتابیں رسائل جرائد بھرے پڑے رہتے ہیں تخلیقات سے اور طباعتی ادارے خوب پھل پھول رہے ہیں۔۔۔​
نّیر ندیم :میں ” ادب روبہ زوال “ کے نظریہ کا قائل نہیں ہوں ۔ادب کے اشیائے ضرورت کی روزانہ قیمتوں کے حوالے سے نہیں ناپا جاتا ہے ۔ادب آلو کی فصل نہیں کہ چار ہفتے میں تیّار ہوکر بازار میں آجائے ۔کبھی اچھے شاعر کا اندازہ قبل از وقت ہوجاتا ہے کبھی مدّت لگتی ہے ۔شعر و ادب سے وابستگی کا اوسط اس بات کا غمّاز ہے کہ ادب روبہ زوال نہیں ہے۔ اد بی انجمنوں کی موجودگی ،ادبی رسائل کی اشاعت، شعری نشستوں کے انعقاد اور شعروں کی موبائل پر ترسیل تو ثابت کررہی ہے کہ ادب سے شغف موجودہے۔جب کوئی شے وجود سے عدم کی طرف سفر کرے، تو تشویش کی بات ہوتی ہے اور ایسا ادب میں نہیں ہورہا۔یہ سنجیدہ مسئلہ ،غیرسنجیدہ افراد کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے ۔​
م۔م۔مغل : نئے لکھنے والے اس بات سے شاکی رہتے ہیں ہے کہ ان کے ”سینئرز“ ان کی نہ رہنمائی کرتے ہیں اور نہ انہیں قبول کرتے ہیں ۔۔کیا یہ شکوہ جائز ہے ؟ اور یہ فضا کیسے تحلیل ہوسکتی ہے ۔​
نّیر ندیم : مجھے اس قسم کی شکایت اپنے سینئرزسے کبھی نہیں ہوئی اور میں کوشش کرتا ہوں کہ نئے آنے والوں سے بھی الفاظ برتنے کا فن سیکھوں ، یہ بات واضح رہے کہ سینئر کتابیں ہوتی ہیں افراد نہیں ۔۔۔​
(بر آں،مسکراتے ہوئے : نئے لکھنے والوں کو کتابیں چھاپنے سے فرصت نہیں تو رہنمائی کیسے ہوگی۔)
م۔م۔مغل : ادب میں حلقہ بندیوں کے باوصف گروہ بندیوں کے بارے میں آپ کیا کہتے ہیں کیا اس سے ادب کو کوئی فائدہ یا نقصان پہنچ سکتا ہے ؟​
نّیر ندیم : کم قیمت لوگ گروہ بندی کے ذریعے شہرت تو حاصل کرسکتے ہیں مگرادب انہیں سندِ امتیاز نہیں دے سکتا ۔ اس مسئلہ سے سب کو سابقہ پڑتا ہے ”جس دیئے میں جان ہوگی وہی جی سکتا ہے “۔​
یہ فقرہ محشر بدایونی مرحوم کے ایک شعر کی نثر ہے اور میرے خیال کی بھرپور ترجمانی کرتا ہے ۔
م۔م۔مغل :آپ کیا کہتے ہیں کہ کسی شاعر کے ہاں اسلوب کیسے ترتیب پاسکتا ہے ؟​
نّیر ندیم :صاحبِ اسلوب ہونا مسلسل ریاضت ، مطالعہ، فلسفہ حیات اور مقاصد کی واضح تصویر کا مرہونِ منّت ہوتا ہے ۔ صاحبِ اسلوب ہونے کے لیے زبان دانی نہیں زبان فہمی اورالفاظ کے نت نئے معانی کا کھوج لگانا ہے ، یہ لفظ ” اسلوب“ بھی ایک طویل بحث کا طالب ہے۔​
 

مغزل

محفلین
م۔م۔مغل : ہم عصر شعراءاور نوواردانِ شعر میں معیارِ شعر کا فرق ؟ یہ فرق کیسے ختم ہوسکتا ہے ؟ اچھے شعر کا معیار کیا ہے ؟
نّیر ندیم :معّیارِ شعر کا تعلق مشاہدہ ، مطالعہ اور تجربہ سے ہے اور ان تک رسائی کا کوئی ایسا نسخہ نہیں ہے جسے گھول کرپیا جاسکے نہ ایسا کوئی تعویز ہے کہ بازو پر باندھ لیں ، اس کے لئے شعر پڑھنا ، شعر یاد رکھنا، شعر سمجھنا ضروری ہے ۔اساتذہ میں میر ، غالب،انیس، اقبال اور فیض کو بالاستیعاب پڑھناہوگا۔​
م۔م۔مغل :مملکت ِ ادب میں چلن عام ہے کہ لکھنے والے بالخصوص نئی نسل اپنے کام کو ” ادب کی خدمت“ کے منصب پر فائز دیکھتی ہے ۔۔ کیا ایسا دعویٰ قبل از وقت نہیں ؟ ادب کی حقیقی معنوں میں خدمت کیا ہے ؟ نظم کی بات الگ مگراسالیب ِ غزل میں”لسانیاتی تداخل“ کے نام پرعلاقائی بولیوں، زبانوں بالعموم و بالخصوص انگریزی زبان کے الفاظ زبردستی ٹھونسے جارہے ہیں کیا غزل اس کی متحمل ہوسکتی ہے ؟ لسانیاتی تشکیل اور اس کے عوامل کے جواز کے طور پر تہذیب و ثقافت سے یکسر متضاد نظریات کے حامل بدیسی ادیبوں کے حوالے پیش کیے جاتے ہیں ۔۔ کیا زبانِ اردو اوراصنافِ ادب مزید کسی لسانیاتی تمسخر کی متحمل ہوسکتی ہیں ؟؟​
نّیر ندیم :آپ نے لسانی تداخل اور لسانی تمسخر کہ کر وہ بات کہہ دی ہے جس کے بعد میری جانب سے کوئی اضافہ ممکن نہیں ہے بس یہی وہ حَکم ہے جو اس سلسلے میں حرفِ آخر ہے ۔زبانوں کی خوبی نئے الفاظ کو قبول کرنا بھی ہے مگر اسے تمسخرکی حدود سے بچانا ضروری ہے۔​
م۔م۔مغل : پاکستان کے تناظر میں بات کی جائے پورے ملک بالخصوص دبستانِ لاہور سے پنجاب بھر میں رمزیات سے قطعِ نظر اسالیبِ غزل میں مذہبی علامتوں تشبیہات کا دخول نظر آتا ہے ۔۔ کیا ایسا کرنا درست ہے ؟ دیکھا جائے تو غزل میں حمد و نعت، سلام، مناقب کے اشعار کا رجحان تیزی سے ترتیب پا رہا ہے کیا ایسا کرنے سےخود غزل اور دیگر اصناف کی حیثیت مجروح نہیں ہوتی ؟​
نّیر ندیم :غزل میں فرہاد، شیریں، کوہ کن ، جوئے شیر، مجنوں، ناقہءلیلی جیسے استعارات اسے استفادہ کیا جاتا رہا ہے ۔اب اگر وقت نے کروٹ لی ہے اور تاریخ سے اعلیٰ اخلاقیات کے استعارات کی جانب توجہ کی ہے تو یہ غزل کے دامن کو وسیع کرنے کے مترادف ہے ، میں حمد و نعت، مناقت و سلام کی غزل میں آمد کا خیر مقدم کرتا ہوں مگر انہیں استعارے اور علامتوں کے حوالے سے استعمال کیے جانے کا حامی ہوں ۔​
م۔م۔مغل :محدود مشاہدے کے مطابق۸۰ کی دہائی کی نسل اور نسل ِ نوکے ہاں عام طور پر اسے تصوف کی شاعری پر محمول کیا اور جتایا جاتا ہے ؟ اسالیبِ شعری میں تصوف اورعرفیت کا غلغلہ چہ معنی دارد ؟ کیا مجازکی راہ سے گزرے بغیریہ نعرہ درست ہے؟ کیا محض تراکیب وضع کرنے اور مضمون باندھنے سے تصوف در آتا ہے ؟ اور کیا ایسا ہونا لاشعوری طور پر زمیں سے رشتہ توڑنے کا اشاریہ نہیں ؟​
نّیر ندیم :تصّوف متروک ہوچکا ہے اور اس سلسلہ کو نئی غزل قبول نہیں کرتی اگر کوئی شاعر حقیقی اور ارضی حقائق کے ذکر کوعیب سمجھتا ہے اور تصّوف میں پناہ لینا چاہتا ہے تو وقت ضائع کرتا ہے ۔ جدید تصوّف خلقِ خدا سے متعارف ہونے کا نام ہے ۔قدیم تصّوف آسان پسندی کا دوسرا نام ہے ۔​
م۔م۔مغل :تقسیمِ ہند کے بعداردو ادب میں مختلف تحاریک کا ورود ہوا،اس سے کلاسیکیت کے نام بوسیدگی کو ادب گرداننے جیسے نظریات کو خاصی حد تک کم کیا گیا۔ مگر بعد ازاں اخلاق، سماج ،ثقافت اور روایت سے باغی میلانات نرسل کے جنگلوں کی طرح اگنے لگے اور بے سروپا تخلیقات انبار لگ گئے ۔۔کیا آپ سمجھتے ہیں کہ موجود دور میں ادب کومزیدکسی تحریک کی ضرورت ہے ۔۔ ؟؟​
نّیر ندیم : سائنس کے مطابق صرف وہ ہی قائم اور دائم رہ سکتا ہے جو فطری ماحول میں سب سے زیادہ طاقت ور ہو، مگر ادب کے شعبے میں طاقت ور محض طاقت کا نام نہیں بلکہ تہذیب کانام ہے ، وہی تحریک اور خیالات زندہ رہ سکتے ہیں جو زیادہ مہذب ہوتے ہیں اور سماجی اقدار کے مطابق ہوتے ہیں اور بدلتے ہوئے سماجی معیار کا ساتھ بھی دیتے ہیں اس لیے نرسلوں کے جنگل پر ہمیں تشویش نہیں ہے ادب خود کتر بیونت کرتا رہتا ہے اور مہذب تحریکیں اور نظریات باقی رہتے ہیں ۔ اللہ باقی بس۔۔۔۔​
م۔م۔مغل :نئے لکھنے والوں کے لیے فرمائیے کہ انہیں کیا کرنا چاہیے اور کن باتوں سے اجتناب کرنا چاہیے ؟؟​
نّیر ندیم :نئے لکھنے والوں کو خود اپنی ذات سے اجتناب کرنا چاہیئے ۔​
حاشیہ : اردو محفل کے سلسلہ اردو محفل کے شاعر سے مکالمہ کی بنیاد پر ہی یہ مکالمہ ممکن ہوسکا ، بشکریہ اردو محفل
 
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top