مصطفیٰ زیدی آؤ کسی اداس ستارے کے پاس جَائیں

غزل قاضی

محفلین
آؤ کسی اداس ستارے کے پاس جَائیں
دریائے آسماں کے شکارے کے پاس جائیں

اس سے بھی پوچھ لیں کہ گزرتی ہے کس طرح
یارو کبھی کسی کے سہارے کے پاس جائیں

مٹھی میں لے کے دل میں بٹھا لیں جو ہو سکے
اک ناچتی کِرن کے شرارے کے پاس جائیں

اس مہ جبیں کی یاد بھی باقی نہیں رہی
کس منہ سے چاندنی کے نظارے کے پاس جائیں

ناپختگان ِ عشق عجب وسوسے میں ہیں
دیکھیں یہیں کہیں سے کہ دھارے کے پاس جائیں

اس کش مکش میں سارے ادیبوں کا ذہن ہے
دل کی طرف چلیں کہ ادارے کے پاس جائیں

یا جا کے چھپ رہیں کسی شیشے کے قصر میں
یا عصر ِ انقلاب کے آرے کے پاس جائیں !

مصطفیٰ زیدی

( مَوج مِری صدف صدف )
 
Top