کاشفی

محفلین
مصر میں جمہوری حکومت کے قیام تک امریکا نے مصر کی امداد روک دی
world-egyptamerica_10-10-2013_121828_l.jpg

واشنگٹن…امریکی محکمہ خارجہ سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مصر میں جب تک شفاف انتخابات کے ذریعے منتخب سویلین اور جمہوری حکومت کی تشکیل کے لیے خاطر خواہ پیش رفت نہیں کی جاتی، بڑے پیمانے پر فوجی سازو سامان اور نقد امداد معطل رہے گی۔ تاہم سرحدی سیکیورٹی، دراندازی، انسداد دہشت گردی اور سنائی میں امن وامان کے لیے دی جانے والی امداد جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ تعلیم، صحت اورنجی شعبے کی ترقی کے لیے دی جانے والی امداد بھی جاری رہے گی۔امریکی حکام کے مطابق روکی گئی فوجی امداد میں اپاچی ہیلی کاپٹرز، ایف 16جنگی طیارے، ایم ون اے ون ابرام ٹینک کے پرزہ جات شامل ہیں۔ مصر میں 3 جولائی کو صدر محمد مرسی کی حکومت ہٹائے جانے کے بعد امریکا نے مہنگے فوجی ہارڈ ویئرز کی فراہم فوری طور پر معطل کی تھی۔ اس کے ساتھ مصر کے ساتھ طے شدہ مشترکہ فوجی مشقیں اور ایف 16 جنگی طیاروں کی فراہمی بھی منسوخ کی تھی۔امریکی حکام کے مطابق امریکا مصر کو سالانہ 1.5 ارب ڈالر امداد فراہم کرتا ہے جس میں 1.3 ارب ڈالر فوجی سازو سامان اور تربیت کے لیے مختص ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ صدراوباما کی ہدایات کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مصری حکومت کے ساتھ تعلقات پر ہر تین ماہ بعد نظر ثانی کی جائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ امریکا مصر میں حکومت اور اپوزیشن کے اختلاف اور فسادات کے خاتمے اور جمہوری تبدیلی کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔
 
Top