شاعرِ محفل 2009ء

کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں

محمد وارث

لائبریرین
السلام علیکم سب پڑھنے والوں کو۔

پچھلے سال کی طرح، خاکسار آپ کی خدمت میں پھر حاضر ہے، اردو محفل کے اس خوبصورت ایوارڈ یعنی "بہترین شاعر" کے ایوارڈ کے ساتھ جسے میں "شاعرِ محفل" کہہ رہا ہوں۔

پچھلے سال 'بہترین نئے شاعر' کا ایوارڈ دیا گیا تھا لیکن اس سال بلا تخصیص نئے اور پرانے کی، صرف بہترین شاعر کا انتخاب کیا جائے گا۔

یہ ایوارڈ اس لحاظ سے منفرد اور اہم ہے کہ، محفل کی پالیسی' کے مطابق اس کا فیصلہ عام رائے شماری سے نہیں کیا جاتا بلکہ ماہرین کا ایک پینل اس ایوارڈ کا فیصلہ کرتا ہے، پینل پر موجود ماہرین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

'شاعرِ محفل 2009ء' کے اہم ایوارڈ کیلیے نامزد ہونے والے احباب کی فہرست (حروفِ تہجی کے لحاظ) سے کچھ یوں ہے:

1- سلیمان جاذب
2- ش زاد
3- عمران شناور
4- محمد احمد

میری طرف سے سب نامزد ہونے احباب کو بہت مبارک ہو۔

انشاءاللہ، بشرط فرصت، میں ان سب احباب کا مختصر تعارف، نمونۂ کلام اور پچھلے سال (جولائی 2008ء تا جون 2009ء) میں محفل پر پوسٹ کی گئی ان احباب کی شاعری کے روابط دونگا تا کہ پینل کے اراکین اور قارئین کو ایک جگہ ہی معلومات مل جائیں۔
 

محمد وارث

لائبریرین
نامزد امیدوار: سلیمان جاذب

سلیمان جاذب ابھرتے ہوئے نوجوان شاعر ہیں، آپ 10 دسمبر 2008ء کو محفل کا حصہ بنے، آپ کا تعلق سرگودھا، پاکستان سے ہے اور آج کل متحدہ عرب الامارت میں مقیم ہیں۔ جاذب تخلص کرتے ہیں۔

سلیمان جاذب کے کچھ اشعار، آپ کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔

کر لوں میں یقیں کیسے کہ بدلا نہیں کچھ بھی
لہجہ ہی اگر، آپ کا لہجہ نہیں لگتا


آنکھوں میں مری اس لئے جاذب یہ نمی ہے
سوکھا ہوا دریا مجھے اچھّا نہیں لگتا
-------


ستارے ہی ستارے دیکھتا ہوں
سفر کے استعارے دیکھتا ہوں


کہیں آنسو، کہیں پر سسکیاں ہیں
دکھوں کے سب شمارے دیکھتا ہوں
----

جدا ہونے کے موسم میں، جدا ہونا ہمیں بھی ہے
ملاقاتیں، یہ شامیں، یہ سویرے، کچھ دنوں کے ہیں
-----

میں بھی جاذب عجب مسافر ہوں
ساتھ چلتا ہے میرے، گھر میرا
-----


سلیمان جاذب کی 'اردو محفل' پر موجود شاعری۔

غزل - برسوں کا شناسا بھی شناسا نہیں لگتا
غزل - درختوں پر پرندوں کے بسیرے کچھ دنوں کے ہیں
غزل - ستارے ہی ستارے دیکھتا ہوں
غزل - تُو نہیں جب سے ہم سفر میرا
غزل - زندگی اک نصاب ہے بابا
غزل - دل کو بہت ستائے تری آرزو صنم
غزل - تن بدن سے لپٹ گئی سردی
غزل - آس کا دیپ جلایا پھر آج
 

محمد وارث

لائبریرین
شہزاد عنایت (کہ یہی ش زاد کا نام ہے) کا تعلق کراچی سے ہے اور 16 اکتوبر 2008ء کو محفل کا حصہ بنے۔ آپ اردو ادب میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتے ہیں اور کافی عرصے سے تجارت کے پیشے سے وابستہ ہیں۔ ش زاد کا تعارفی تھریڈ ملاحظہ فرمائیں۔

ش زاد، اردو ادب کے قتیل ہیں، شاعری کے ساتھ ساتھ افسانے اور انشائیے بھی لکھتے ہیں، اور آپ کا نام اردو محفل کے 'بہترین لکھاری' کے ایوارڈ کیلیے بھی نامزد ہے۔ غزل کے ساتھ ساتھ نظم میں بھی طبع آزمائی کرتے ہیں۔ ش زاد ہی تخلص کرتے ہیں، آپ کے کچھ اشعار دیکھتے ہیں۔

آنکھیں جو گُھورتی تھیں سبھی نوچ لی گئیں
اُٹھتے ہوئے جو سر تھے قلم کر دیے گئے


بستے ، قلم ، کِتاب کہاں ہو سکے نصیب
بچوں کو کھیلنے کے لیے در دیے گئے

-----

اس سے بڑھ جائے گی کچھ تاب و روانی دلبر
چشمِ بے تاب سے کہہ دے لبِ دریا روئے


-----
میں جیت جاؤں گا اِک روز موت سے اپنی
جو موت کو نہ ہراؤں تو مارا جاؤں گا

-----

مِرا قرار بھی لُوٹا تھا میری آنکھوں نے
مِلا سکون بھی اپنی ہی چشمِ تر میں مُجھے


ابھی بنایا ہے تصویر میں شجر میں نے
ابھی بنانا ہے اک گھونسلہ شجر میں مُجھے

-----

ش زاد کی اردو محفل پر موجود شاعری۔

غزل - بے رُخی پر تری ہم آج کچھ ایسا روئے
غزل - یہ زندگی جو بتاؤں تو مارا جاؤں گا
غزل - دل میں شوقِ سفر نہیں ہوتا
غزل - آپ ہی سے ہیں رابطے اپنے
غزل - جہان بھر کے مسائل ہیں اک سفر میں مجھے
غزل - جبراً ہم اپنی کھال میں ہی بھر دیے گئے
غزل - پرانا سلسلہ رکھے ہوئے ہیں
غزل - دیر لگتی ہے کہاں خاک کو پتھر ہوتے
غزل - پھر ہوا ہے درد دامن گیر کچھ
غزل - جھوٹی انا کی پالی دنیا
غزل - اُس کو اُسی کا عکس دکھاتا رہا ہوں میں
غزل - کہاں آنکھوں کو تر کر دیکھنا
غزل - ضبط کو تو ہے بہت دعوائے دل
غزل - تیرا کوئی حکم صادر چاہتا ہوں
غزل - جب مرے زخم مرا اپنا مقدر نکلے
غزل - فلک پر جو سدا کی روشنی ہے
غزل - آنکھوں سے اپنی شوقِ نظارا نہیں گیا
غزل - مری خوبیاں مری خامیاں سبھی بھول کر
ایک غزل
نظمیں

کلامِ شاعر بقلمِ شاعر

 

محمد وارث

لائبریرین
نامزد امیدوار: عمران شناور

عمران شناور کا تعلق لاہور سے ہے اور ایک ادبی تنظیم کے عہدیدار ہیں۔ آپ اشاعت کے شعبہ سے منسلک ہیں، آپ 4 مارچ 2009 کو اردو محفل کا حصہ بنے، آپ کا تعارفی تھریڈ۔

عمران شناور اردو کے ساتھ ساتھ پنجابی شاعری بھی کرتے ہیں اور عمران تخلص کرتے ہیں، آپ کے کچھ اشعار نمونۂ کلام کے طور پر۔

میں تو ممنون ہوں زمانے کا
سیکھ لیتا ہوں جو سکھاتا ہے


تیرگی دربدر ہے گلیوں میں
دیکھیے کون گھر جلاتا ہے


-----
ہائے اک آہٹ نے پھر چونکا دیا
بولنے والی تھی وہ تصویر اب


-----
کوئی انجان نہ ہو شہرِ محبت کا مکیں
کاش ہر دل کی ہر اک دل سے شناسائی ہو


-----
میں ہوں مجنوں مرا انداز زمانے والا
تیری نگری میں تو پتھر نہیں کھانے والا


-----
ہو درد اور درد کا درمان بھی نہ ہو
تو سامنے رہے تری پہچان بھی نہ ہو



عمران شناور کی اردو محفل پر موجود اردو شاعری۔

غزل - جب سے میرے یار دشمن ہو گئے
غزل - ہو درد اور درد کا درمان بھی نہ ہو
غزل - بھولتا ہوں اسے یاد آئے مگر، بول میں کیا کروں
غزل - میں ہوں مجنوں مرا انداز زمانے والا
غزل - جو تری قربتوں کو پاتا ہے
غزل - کچھ تو اے یار علاجِ غمِ تنہائی ہو
غزل - لو پہن لی پاؤں میں زنجیر اب
بسنت کے حوالے سے ایک نظم
 

محمد وارث

لائبریرین
نامزد امیدوار: محمد احمد

محمد احمد کا تعلق میرپور خاص سے ہے اور کئی برس سے کراچی میں مقیم ہیں، پرائیوٹ نوکری کرتے ہیں، آپ 11 نومبر 2006ء کو اس محفل کا حصہ بنے۔ آپ کا تعارفی تھریڈ۔

شاعری میں غزل کے ساتھ ساتھ کبھی کبھی نظم بھی کہتے ہیں اور شاعری کے ساتھ ساتھ انشائیہ بھی لکھتے ہیں۔ احمد تخلص کرتے ہیں، آپ کے کچھ اشعار۔

نظارہ منظروں کی کتنی پرتوں سے عبارت ہے
کوئی ہو دیدۂ بینا، نظارے سوچتے ہوں گے
-----

رات کی رانی، اوس کا پانی، جگنو، سرد ہوا
مُسکاتی، خوشبو مہکاتی، جنگل جنگل شام
-----

کچھ کسی کو نظر نہیں آتا
روشنی بے حساب ہے شاید
-----

زر کا ایندھن بنی فکرِ نو
شاعری ادھ مری رہ گئی
-----

مری دسترس میں بھی کچھ نہیں، نہیں تیرے بس میں بھی کچھ نہیں
میں اسیرِ کاکلِ عشق ہوں، مجھے کیا ملے گا نجات میں
-----

میں نے سوچا ہے میں ہی وفا کیوں کروں
کیا مجھے اس طرح سوچنا چاہیے؟
------

محمد احمد کی اردو محفل پر موجود شاعری۔

غزل - تشنگی بھی سراب ہے شاید
غزل - اور کیا زندگی رہ گئی
غزل - چشمِ خوش خواب، فہمِ رسا چاہیے
غزل - سمندر کتنا گہرا ہے، کنارے سوچتے ہوں گے
غزل - صحرا صحرا دوپہریں ہیں، بادل بادل شام
غزل - کوئی مہرباں نہیں ساتھ میں، کوئی ہات بھی نہیں ہات میں
غزل - سنگ ہوا کے کھیل رچانا بھول گئی
نظم - بے حسی
 

محمد وارث

لائبریرین
مجھے انتہائی خوشی ہو رہی ہے یہ بتانے میں کہ پینل (اعجاز عبید صاحب، شاکر القادری صاحب، نوید صادق صاحب، آصف شفیع صاحب اور محمد وارث) کے متفقہ فیصلے کے مطابق 2009ء کے بہترین شاعر 'محمد احمد' قرار پائے ہیں!

آپ کو بہت مبارک ہو احمد صاحب!
 
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top