جاں نثار اختر جانثارا ختر ::::: زمانہ آج نہیں ڈگمگا کے چلنے کا ::::: Jan Nisar Akhtar

طارق شاہ

محفلین

غزلِ


زمانہ آج نہیں ڈگمگا کے چلنے کا
سنبھل بھی جا، کہ ابھی وقت ہے سنبھلنے کا

بہار آئے، چلی جائے، پھر چلی آئے
مگر یہ درد کا موسم نہیں بَدلنے کا

یہ ٹِھیک ہے، کہ سِتاروں پہ گُھوم آئے ہم
مگر کِسے ہے سلِیقہ زمِیں پہ چلنے کا

پِھرے ہیں راتوں کو آوارہ ہم نے دیکھا ہے !
گلی گلی میں سماں چاند کے نِکلنے کا

تمام نشۂ ہستی، تمام کیفِ وجُود
وہ ایک لمحہ تِرے جسم کے پِگھلنے کا

سِوائے گردِ ملامت مِلا بھی کیا ہم کو
بہت تھا شوق زمانے کے ساتھ چلنے کا

ہمَیں تو اِتنا پتہ ہے کہ جب تلک ہم ہیں !
رواجِ چاکِ گریباں نہیں بدلنے کا

جانثاراختر
 
Top