جانتی ہوں کہ وہ خفا بھی نہیں (زاہدہ حنا)

نیرنگ خیال

لائبریرین
جانتی ہوں کہ وہ خفا بھی نہیں
دل کسی طور مانتا بھی نہیں

کیا وفا و جفا کی بات کریں
درمیاں اب تو کچھ رہا بھی نہیں

درد وہ بھی سہا ہے تیرے لیے
میری قسمت میں جو لکھا بھی نہیں

ہر تمنا سراب بنتی رہی
ان سرابوں کی انتہا بھی نہیں

ہاں چراغاں کی کیفیت تھی کبھی
اب تو پلکوں پہ اک دیا بھی نہیں

دل کو اب تک یقین آ نہ سکا
یوں نہیں ہے کہ وہ ملا بھی نہیں

وقت اتنا گزر چکا ہے حنؔا
جانے والے سے اب گلہ بھی نہیں​
 
آخری تدوین:

طارق شاہ

محفلین
بہت اچھی شیئرنگ کے لئے تشکّر :)
دوسرے شعر میں ٹائپو درست کرلیں :

کیا وفا اور جفا کی بات کریں
درمیاں اب تو کچھ رہا بھی نہیں
 
زبیر مرزا

محفلین
ہائے ہائے یہ کیا غضب کردیا نین ہم سے ان کی نثرکا وار ہی نہیں جھیلا جاتا یہ غزل بھی کہنے لگیں- الہی یہ کوئی اور ہوں وہ کراچی والی زاہدہ حنا نہ ہوں یا محض نین نے غلط نام لکھ دیا ہو
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
شکریہ

پوری "گجل" میں یہ شعر کمال ہے ، کمال ہے ، کمال ہے ۔۔۔۔۔۔
گجل کا کجل بھی لاجواب ہے۔۔۔ :p

واہ واہ واہ واہ واہ واہ واہ واہ
اتنا بہت ہے ناں نینوں بهیا
بہت زیادہ ہے۔۔۔ پورا ایک "واہ" زیادہ ہے۔

واہ ۔۔۔۔! بہت خوب !

زاہدہ حنا شعر بھی کہتی ہیں۔

بہت خوب انتخاب نین بھائی۔۔۔!
میرے لیے بھی باعث حیرانی تھا یہ امر۔۔۔۔ لیکن ایک ہی غزل کہی ہے شاید پوری زندگی میں انہوں نے۔

بہت اچھی شیئرنگ کے لئے تشکّر :)
دوسرے شعر میں ٹائپو درست کرلیں :

کیا وفا اور جفا کی بات کریں
درمیاں اب تو کچھ رہا بھی نہیں
میرا بھی خیال تھا کہ درمیاں ہی آئے گا۔ لیکن وہ جہاں سے دیکھ کر ٹائپ کی وہاں ایسا لکھا تھا۔ یہ ٹائپو اس کا ہی ہے۔۔۔ :p
شکریہ شاہ صاحب۔ :)

ہائے ہائے یہ کیا غضب کردیا نین ہم سے ان کی نثرکا وار ہی نہیں جھیلا جاتا یہ غزل بھی کہنے لگیں- الہی یہ کوئی اور ہوں وہ کراچی والی زاہدہ حنا نہ ہوں یا محض نین نے غلط نام لکھ دیا ہو
مرزا بھائی یہ غزل میں نے ریختہ میں یہاں سے لی ہے۔ ذرا دیکھیں تو۔ ایک ہی غزل ہے یہاں پر ان محترمہ کی۔ اسی لیے تو بطور خاص آپ کو اطلاع بہم پہنچائی تھی کہ موصوفہ کے کام دیکھ لیں۔ :p
 
x boy

محفلین
زاہدہ حنا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہر تمنا سراب بنتی رہی
ان سرابوں کی انتہا بھی نہیں

بہت قریب تر یا ترین

مرزا غالب۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے
بہت نکلے مرے ارمان لیکن پھر بھی کم نکلے
 
زبیر مرزا

محفلین
مرزا بھائی یہ غزل میں نے ریختہ میں یہاں سے لی ہے۔ ذرا دیکھیں تو۔ ایک ہی غزل ہے یہاں پر ان محترمہ کی۔ اسی لیے تو بطور خاص آپ کو اطلاع بہم پہنچائی تھی کہ موصوفہ کے کام دیکھ لیں۔ :p
شکریہ - احمد بھائی کو مقابلے کا سامنا ہوگا ان کے شاعری کے میدان میں آجانے سے :)
 
Top