تعاون برائے اخراجات اردو ویب سال نہم

سابقہ دستور کے مطابق ایک دفعہ پھر وہ موقع آ گیا ہے جب اردو ویب کے زیر اہتمام چل رہی تمام خدمات کو جاری رکھنے نیز ان کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے تمام محبان اردو اور بالخصوص محفلین کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اردو ویب کے سالانہ اخراجات کی مد میں اپنا تعاون پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں۔ ہماری ترجیح ہوتی ہے کہ تھوڑا تھوڑا کر کے زیادہ سے زیادہ احباب اس کا حصہ بنیں لیکن یہ روایت رہی ہے کہ بعض احباب اچانک خطیر رقم دے کر ہدف کو آن واحد میں پورا کرا دیتے ہیں اور جو احباب کسی سبب چند روز بعد اپنا تعاون پیش کرنے کا پر خلوص ارادہ رکھتے ہیں ان کو اپنا ارادہ اگلے برس تک کے لئے ملتوی کرنا پڑ جاتا ہے۔ :)

امسال وسائل اور خدمات کی دستیابی کے حوالے سے اردو ویب کی کارکردگی بے حد شاندار رہی۔ کلاؤڈ ہوسٹنگ خدمات فراہم کرانے والی کمپنیوں کے باہمی مسابقے کے باعث قیمتوں میں کمی اور وسائل میں افراط دیکھنے کو ملا۔ ان باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اردو ویب کی ہوسٹنگ کو دو حصوں میں منقسم کر دیا گیا ہے۔ ایک عدد بڑا سرور جو کہ لنوڈ پر ہوسٹیڈ ہے اس میں لیمپ اسٹیک LAMP Stack (لینکس، اپاچے، مائی ایس کیو ایل، اور پی ایچ پی) کو برتا گیا ہے جس میں اردو محفل، سیارہ، فونٹ سرور، اسٹیٹک فائل سرور، الف عین چاچو کی برقی کتب، ڈاؤن لوڈ سینٹر، اور اردو انسائکلو پیڈیا وغیرہ جیسی خدمات ہوسٹیڈ ہیں۔ ایک عدد چھوٹا سرور ڈیجیٹل اوشئین پر ترتیب دیا گیا ہے جہاں ڈاکر لینکس کنٹینر میں روبی آن ریلز، نوڈ جے ایس، پوسٹ گریس کیو ایل کا اسٹیک تیار کیا گیا ہے اور اس میں ڈوکو کی مدد سے گِٹ ورک فلو فراہم کرایا گیا ہے۔ اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری کو اس نئے سرور پر منتقل کرنے کا ارادہ ہے جو کہ فی الحال ایک خارجی سرور پر ہوسٹیڈ ہے۔ اس کے علاوہ روبی آن ریلز اسٹیک کی تمام نئی ڈیویلپمنٹ اس نئے سرور پر ہی ہوسٹ کی جائے گی، جن میں اردو ویب لغت، اردو ڈیجیٹل لائبریری ورک فلو سسٹم، اور فونٹ پروف ریڈنگ کے آلات سر فہرست ہیں۔ :)

مجموعی طور پر یہ سال کافی حوصلہ افزا اور نفع بخش رہا۔ گو کہ توجہ منتشر ہو جانے کے باعث اردو لائبریری کی پیش رفت توقعات کے مطابق نہ رہی لیکن اردو لغت کے ایک بڑے منصوبے پر خاطر خواہ پیش رفت رہی اور اس حوالے سے ایک عدد ٹیکنیکل رپورٹ تیار کی گئی جسے کانفرینس پیپر کے طور پر شائع کرانے کی کوشش جاری ہے۔ فی الحال نئے منصوبوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اردو ویب کے وسائل کو بہتر طور پر استعمال کرنے کے حوالے سے کچھ اہم تبدیلیاں زیر عمل ہیں جن کا مناسب موقعوں پر اعلان کیا جاتا رہے گا۔ :)

واضح رہے کہ مذکورہ رقم میں محض اردو ویب کی ہوسٹنگ اور ڈومین نیم رجسٹریشن کے اخراجات شامل ہیں۔ ان کے علاوہ اردو ویب کے تحت استعمال ہونے والے سافٹوئیرز و لائبریریز کی لائسنس فیس کی مد میں بھی کافی اخراجات آتے ہیں جن کے لئے احباب سے تعاون کی درخواست نہیں کی گئی ہے۔ :)

اس دفعہ مجموعی طور پر 400 ڈالر کا ہدف ہے جو کہ پچھلے برس کے مقابلے کافی کم ہے۔ عطیات کی ادائیگی کے لیے احباب کریڈٹ کارڈ یا پے پال کا استعمال کر سکتے ہیں۔ کچھ احباب کے لیے "بٹ کوائن" کے ذریعہ ادئیگی سہل یا ممکن ہو تو اس کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ :)

پے پال یا کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کا ربط۔

بٹ کوائن پتہ: 1Q24fHJVJS1riZ7GmTBAEVg7uXfVPqRXSA

UrduWeb-Small.png


جو احباب امریکہ میں مقیم ہوں اور وہ رقم براہ راست ہمارے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر سکیں وہ ہم سے ذاتی مراسلت کر لیں تاکہ متعلقہ تفصیلات فراہم کی جا سکیں۔ اس طرح پے پال کی اضافی ٹرانزیکشن فیس بچائی جا سکے گی۔ نیز پاکستان میں مقیم احباب اپنے عطیات کے لیے ہم سے ذاتی مکالمے میں رابطہ کر لیں تو ان کو ادائیگی کا کوئی متبادل ذریعہ بتا دیا جائے گا۔ :)

واضح رہے کہ یہ راضاکارانہ تعاون اردو کی خدمت کے نام پر طلب کیا جاتا ہے اور اس کے عوض احباب کو اردو محفل میں کوئی برتری یا امتیاز نہیں حاصل ہوتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح تعاون نہ کر پانے والے احباب کی حیثیت میں چنداں فرق نہیں پڑتا۔ بیشتر احباب اس بات کو پسند نہیں کرتے کہ ان کا نام تعاون فرمانے والوں کی فہرست میں نمایاں کیا جائے اس لئے ہم عموماً تمام معاونین کے ناموں کو صیغہ راز میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ احباب سے درخواست ہے کہ سو ڈالر سے زیادہ رقم کسی حال میں بطور تعاون پیش نہ کریں تاکہ دیگر احباب کو بھی موقع مل سکے۔ :)

محفل کی سالگرہ ہر لمحہ قریب سے قریب تر ہو رہی ہے لہٰذا احباب اس حوالے سے بھی کمربستہ ہو لیں۔ گذشتہ برس تکنیکی، ادبی، اور دیگر عمومی سرگرمیوں سے پر رہا اور محفل پر عمومی طور پر خاصی رونق رہی لہٰذا امید ہے کہ احباب بڑھ کر سامنے آئیں گے اور اس دفعہ جشن سالگرہ کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔ ان شاء اللہ اردو کمیونٹی کے لیے اس سال بھی کچھ قابل ذکر تحائف ضرور پیش کیے جائیں گے۔ :)
 
وہی انتظار کر رہا ہوں کہ کچھ دوست مزید ہمت کر لیں، ورنہ 100 والی کیپ تو ہے ہی :)
حد ہوتی ہے یعنی کہ! :) :) :)
اس دفعہ ہمیں نہیں لگتا کہ زیادہ لوگوں کو توفیق نصیب ہوگی۔ اس سے پہلے کہ احباب کمر کسیں، قصہ تمام ہو چکا ہوگا۔ :) :) :)
 

arifkarim

معطل
حد ہوتی ہے یعنی کہ! :) :) :)
اس دفعہ ہمیں نہیں لگتا کہ زیادہ لوگوں کو توفیق نصیب ہوگی۔ اس سے پہلے کہ احباب کمر کسیں، قصہ تمام ہو چکا ہوگا۔ :) :) :)
قیصرانی انکل کو اپنا کوٹا پورا کر نے دیں۔ باقی کا بذریعہ بٹ کائن انتظام کرتا ہوں۔ لیکن بٹ کائن کا کوئی ربط ملا نہیں۔ :)
 

شمشاد

لائبریرین
یہ پہلے تو 340 ڈالر دکھا رہا تھا، اب 330 رہ گئے۔
یہ کیا ہوا؟ کسی نے پیسے دے کر واپس لے لیے کیا؟
 
یہ پہلے تو 340 ڈالر دکھا رہا تھا، اب 330 رہ گئے۔
یہ کیا ہوا؟ کسی نے پیسے دے کر واپس لے لیے کیا؟
نہیں در اصل ہم پہلے حساب کو سہل رکھ رہے تھے، اب چونکہ ہدف کے قریب پہنچ چکے ہیں تو اعلان اپڈیٹ کرتے ہوئے پے پال کی فیس (جو کہ دس ڈالر سے کچھ زائد ہے) اس میں سے نفی کر دی ہے۔ :) :) :)
 
Top